تازہ ترین

کیا آئیندہ 3برسوں میں ریلوے لائن مکمل ہوگی؟ | کٹرہ بانہال سیکٹر میں111میں سے 97 کلومیٹر ٹنلوں پر مشتمل،40پل بھی زیر تعمیر

تاریخ    25 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال// 2013میں بانہال اور قاضی گنڈ کے درمیان ہندوستان کے سب سے بڑے گیارہ کلومیٹر لمبے پیر پنجال ریلوے ٹنل کو قوم کے نام وقف کرنے کے ساتھ ہی وادی کشمیر کو ریل سروس کے ذریعے بانہال ریلوے سٹیشن سے جوڑ کر کشمیر ریل پروجیکٹ کا ایک سنگ میل عبور کیا گیا تھا ۔ کشمیر ریل پروجیکٹ کا آخری پڑائو 111 کلومیٹر لمبی کٹرہ بانہال ریلوے لائن ہے، جسے مکمل کرنے کیلئے ابھی تک کئی ڈیڈ لائنیں ختم ہوچکی ہیں۔جموں سرینگر ریلوے پروجیکٹ میں سنب سے دشوار ترین سیکٹر یہی ہے جسے اب آئندہ 3برسوں میں مکمل کرنے کی امید کا اظہار کیا جارہا ہے۔ جموں سے بارہمولہ ریلوے لائن کی لمبائی 345 کلومیٹر ہے اور اس پر 2درجن کے قریب اہم ٹنل اور ایک سو پچاس سے زائد چھوٹے بڑے پل اور قریب 30 ریلوے سٹیشن قائم کئے جارہے ہیں۔ادہمپور اور ویشنو دیوی کٹرہ تک چار اور بانہال اور بارہمولہ کے درمیان 21 ریلوے سٹیشن استعمال میں ہیں ۔ریلوے ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ادہمپور سرینگر بارہمولہ ریلوے لائن پروجیکٹ 272 کلومیٹر لمبا ہے اور 2002 سے کشمیر ریل پروجیکٹ کو مرحلہ وار طور تیار کیا جارہا ہے۔ 272 کلومیٹروں میں سے 161 کلومیٹر کا حصہ ریل کی آمدورفت کے قابل بنایا گیاہے۔  جس میں سے118 کلومیٹر طویل قاضی گنڈ بارہمولہ سیکشن کو اکتوبر 2009 میں اور قاضی گنڈ بانہال 18 کلومیٹر لمبے سیکٹر کو جون 2013 میں اور جولائی 2014 میں 25 کلو میٹر لمبے ادھم پور کٹرہ ریلوے لائن کو شروع کیا گیا ۔ شمالی ریلوے ذرائع نے بتایا کہ کٹرہ اور بانہال کے درمیان 110 کلومیٹر لمبے ریلوے ٹریک پر کام جاری ہے اور اسے کونکون ریلوے کنسٹریکشن اور ارکان انٹرنیشنل تعمیرکر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادہمپور اور بانہال کا سیکٹر جغرافیائی طور دشوار ہے ۔اسی سیکٹر میںضلع ریاسی میں دریائے چناب پر ریلوے کا 359 میٹر دنیا کا سب سے اونچا پل بھی تعمیر کیا جارہا ہے۔اسکے علاوہ کھڑی آڑپنچلہ کے سرن اور سمبڑھ کے درمیان 13 کلومیٹر طویل ہندوستانی ریلوے کی سب سے لمبی ریلوے ٹنل تعمیر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کٹرہ بانہال سیکٹر میں40 سے زائد چھوٹے بڑے پل تعمیر کئے جارہے ہیں جن میں سے کئی بڑے اور کئی چھوٹے پلوں کو مکمل کیا گیا ہے اور باقیوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کٹرہ اور بانہال کے درمیان ریل لائن پہاڑی سلسلے کو چیر کر تعمیر کی جارہی ہے اور یہ اب تک دشوار گزار پروجیکٹ ثابت ہوا ہے کیونکہ یہاں پہاڑوں تک پہنچنے کیلئے پہلے سڑکیں بنائیں گئیں اور پھر کام شروع کیا گیا ۔ انہوں کہا کشمیر ریل پروجیکٹ کے کٹرہ  بانہال سیکٹر میں 111 کلومیٹر میں سے 97 کلومیٹر کا حصہ ٹنلوں پر مشتمل ہے اور قریب 84 کلومیٹر طویل ریلوے ٹنل کا حصہ قریب مکمل ہے اور دیگر زیر تعمیر ہیں ۔