تازہ ترین

مزید خبریں

تاریخ    25 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک

آئی سی ایم آر سیرو سرولنس  | پلوامہ میں61.2فیصد عام لوگوں اور 81.1فیصدصحت کارکنوں میں اینٹی باڈیز موجود

پرویز احمد 
سرینگر // آئی سی ایم آر کے سیرو سرولنس کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ پلوامہ ضلع میں 61.2فیصد عام لوگوں میں کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کیلئے مدافعتی قوت (اینٹی باڈیز) پیدا ہوگئی ہیں۔ جون 2021میں آئی سی ایم آر کے سروے میں اس بات کا بھی ا نکشاف ہوا ہے کہ پلوامہ ضلع میں 81.1فیصد ہیلتھ کیئر ورکروں میں کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے مدافعتی قوت پیدا ہوئی ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ(آئی سی ایم آر) نے کورونا وائرس پر نظر رکھنے کیلئے جون 2021میں  قومی سطح پر عام لوگوں میںکورونا وائرس کے خلاف پیدا ہونے والے دافع جسم کا پتا لگانے کیلئے پہلے سے ہی ملک کے 70اضلاع میں 3سروے مکمل کر لئے ہیں۔ 6سال سے زیادہ عمر کے لوگوں پر کئے گئے اس سروے کے چوتھے دور میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ملکی سطح پر 67.6فیصد لوگوں میں کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کی قوت پیدا ہوگئی ہے جبکہ ملکی سطح پر 85.2فیصد ہیلتھ کیئر ورکروں میں بھی کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کی قوت پیدا ہوگئی ہے۔سروے رپورٹ کے مطابق کورونا مخالف ٹیکہ لگنے والے افراد میں 89.8فیصد عام لوگوں میں اینٹی باڈیز پیدا ہوئی ہیں جبکہ بغیر ویکسین والے افراد میں 62.3فیصد لوگوں میں یہ اینٹی باڈیز پیداہوئی ہیں۔ جموں و کشمیر میں سیرو سروے ضلع پلوامہ میں گورنمنٹ مڈیکل کالج سرینگر کے شعبہ کیمونٹی مڈیسن نے ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیرالحق چودھری ، چیف میڈیکل آفیسر پلوامہ ڈاکٹر حسینہ میر ، وبائی بیماریوں کی ماہر ڈاکٹر سعید ارشداور دیگر بلاک مڈیکل آفیسران اورمیڈیکل کے اشتراک سے منعقد کیا  ۔ کشمیر میں آئی سی ایم آر کے نوڈل آفیسر اور جی ایم سی سرینگر میں شعبہ کیمونٹی مڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلیم خان نے بتایا کہ سروے کے دوران  پلوامہ میں 10کلسٹروں میں 430نمونے تشخیص کیلئے حاصل کئے گئے تھے جن میں264افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جبکہ ضلع پلوامہ میں طبی سہولیات فراہم کرنے والے 106ہیلتھ کیئر ورکروں کو بھی سروے کا حصہ بنایا گیا تھاجن میں 86ہیلتھ کیئر ورکروں کی رپورٹیں میں اینٹی باڈیز کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے ۔ ڈاکٹر سلیم خان نے بتایا کہ پلوامہ ضلع میں اس سے قبل سروے رپورٹ کے پہلے 3حصوں کے دوران مئی جون میں 2فیصد، دوسرے رائونڈ یعنی  اگست ستمبر میں 27.3فیصد جبکہ مئی دستمبر 2020میں 31.5فیصد لوگوں میں کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کیلئے صلاحیت موجود تھی۔  انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کے پھیلائو کی وجہ سے پچھلے 5سے 6ماہ انتہائی اہمیت کے حامل تھے کیونکہ اس دوران کورونا وائرس کی دوسری لہر سے کافی تیزی سے لوگ متاثر ہوئے اور لوگوں کو کورونا مخالف ٹیکہ بھی لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرز کی تحقیق وادی کے 10اضلاع میں جاری ہے جس دوران بچوں، بالغ اور حاملہ خواتین ، ہیلتھ کیئر ورکروں اور پولیس اہلکاروں میں اینٹی باڈیز کی موجودگی کا پتا لگانے کیلئے تشخیص کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سروے آئندہ 3سے 4 ہفتوں میں مکمل ہوگی اور اُمید ہے کہ سروے کے نتائج سے کشمیر میں کورونا مخالف پالیسی اور قوائد و ضوابط کو ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔
 
 

غلام احمدمیر کی سونیااور راہل سے ملاقات

کانگریس کا جموں کشمیرکے لوگوں کو کسی بھی حال میں تعاون دینے کا یقین دلایا 

سرینگر//کانگریس نے جموںوکشمیرکے عوام کو درپیش مشکلات اوربڑھتی بے روزگاری پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے لوگوں کوکسی بھی صورتحال میں تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جموں وکشمیر پردیش کانگریس صدر غلام احمد میر نے نئی دہلی میں کانگریس صدرسونیا گاندھی اور راہل گاندھی سے ملاقات کرکے اُنہیںمرکزی زیرانتظام علاقہ جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ سنیچر کو غلام احمد میر نے سونیا گاندھی اور سابق کانگریس صدر راہل گاندھی سے ملاقات کے دوران انہیں جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں مفصل جانکاری فراہم کی۔ کے این ایس کے مطابق غلام احمد میر نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو کشمیر اور جموں میں تنظیمی امور اور سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کی سیاسی و سماجی پیش رفت، لوگوں کو درپیش متعدد معاملات اور خاص کربے روزگاری میں اضافہ، لاک ڈائون کے بعد معاشی نقصان، ترقیاتی عمل کے فقدان اور عوامی اہمیت کے دیگر مسائل پر تفصیلی گفت و شنید ہوئی۔ انہوںنے عوامی حکومت کی عدم موجودگی کے باعث لوگوں اور موجودہ حکومت کے مابین منقطع رابطے اور درپیش مشکلات اور جموںو کشمیر میں حد بندی کمیشن کے حالیہ دورے کے بارے میں بھی سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کو جانکاری دی۔ پردیش کانگریس صدر نے تنظیمی امور کے جنرل سیکریٹری کے سی وینگوپال، سابق وزیرا علیٰ غلام نبی آزاد اور سینئر پارٹی لیڈر امبیکا سونی اور دیگر لیڈران سے ملاقات کرکے عوامی اہمیت کے حامل معاملات پر مفصل غوروخوض کیا۔ پارٹی لیڈرشپ نے عوام کو درپیش مشکلات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے جموںوکشمیر کے لوگوں کو کسی بھی حالات میں مکمل تعاون دینے کی یقین دہانی دی۔
 
 
 
 

موبائل فونوں کی نگرانی

سول سوسائٹی فورم کااظہار تشویش

سرینگر//سول سوسائٹی فورم نے سیاسی رہنمائوں،صحافیوں ،تاجروں اور جموں کشمیر کے دیگر لوگوں کے فونوں کی نگرانی کرنے پرتشویش کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میں فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کہا ،’’فون ایک نجی معاملہ ہے اور اس کی نگرانی کرناغیراخلاقی اورغیر قانونی ہے اور سماج اور فرد کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیوزرپورٹوں کے مطابق  میرواعظ عمر فاروق،بلال غنی لون، مسرورعباس، محبوبہ مفتی اور دیگر صحافیوں اور تاجروں کے فونوں کی نگرانی کو فوراًبند کیاجاناچاہیے۔
 
 

کالو چک میں ہیکسا کاپٹر اور ڈرون | نہال پورہ میں بھی سرگرمی دیکھی گئی

نیوز ڈیسک
 
جموں // پولیس نے سنیچر کو کہا ہے کہ کالو چک کے مقامی لوگوں نے گذشتہ شب مشتبہ ہیکسا کاپٹر اور دو ڈرون اس علاقے میں دوبارہ دیکھے۔ایس ایس پی کھٹوعہ آر سی کوتوال نے کہا کہ گذشتہ شب مقامی لوگوں نے ڈرون جیسی سرگرمی دیکھی۔انکا کہنا تھا کہ جونہی اس طرح کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے تو مقامی سطح پر پولیس کو اطلاعات فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ اب اس قسم کی مشتبہ سرگرمیوں کے بارے میں جان چکے ہیں۔ڈرون جیسی سرگرمی جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر نہال پورہ علاقے میں بھی دیکھی گئی۔اطلاع ملنے پر پولیس نے پورے علاقے میں تلاشیاں لیں لیکن کوئی مشکوک چیز بر آمد نہیں ہوئی۔سرحدی علاقوں کی سڑکوں اور دیہات میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے اور ان علاقوں سے شہری علاقوں کی طرف آنے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے چیکنگ کی جارہی ہے۔
 
 

اننت ناگ میں دوشیزہ کی خودکشی

عارف بلوچ
 
اننت ناگ //اننت ناگ میں دوشیزہ نے پھانسی لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔25 سالہ دوشیزہ (نام مخفی )ساکنہ خان پورہ اترسو نے گھر میں خودکو پھانسی پرلٹکایا اگر چہ دوشیزہ کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی لوازمات کے بعد اہل خانہ کے سپرد کیا ہے۔
 
 

169پولیس اہلکاروں کے حق میں 1.61کروڑ کی مالی امداد منظور

سرینگر//جموں کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے169پولیس افسروں اور اہلکاروں کے حق میں ایک کروڑ اکسٹھ لاکھ روپے کی مالی معاونت کو منظور دیدی۔یہ رقم سینٹرل پولیس ویلفیئر فنڈ سے منظور کی گئی۔ایک بیان کے مطابق اس میں سے 43لاکھ روپے48پولیس اہلکاروں کے حق میں واگزار کئے گئے تاکہ وہ اپنایااپنے اہلخانہ کاعلاج کراسکے۔104پولیس اہلکاروں کے حق میں ایک ایک لاکھ روپے کی امداد منظور کی گئی جنہیں اپنے بیٹے یابیٹیوں کی شادی کرنی ہے۔آٹھ پولیس اہلکاروں کے حق میں بھی قرضہ منظور کیاگیا تاکہ وہ اپنے بچوں کواعلیٰ تعلیم دلاسکیں۔پولیس ویلفیئرلون واپس ادا کرنا ہوتاہے جسے ماہانہ تنخواہ سے کاٹاجاتا ہے۔ڈیڑھ لاکھ روپے کی رقم تین پولیس اہلکاروں کے حق میں منظور کی گئی جنہیں اپنے بچوں کا ختنہ کرانا ہے یااکھنڈ پاٹھ کراناہے۔
 
 

پریس کالونی میں یوتھ کانگریس کا مہنگائی کیخلاف احتجاج

یواین آئی
 
سری نگر// جموں و کشمیر یوتھ کانگریس نے ہفتے کے روز یہاں پریس کالونی میں ایندھن کی مہنگائی کے خلاف احتجاج درج کیا۔احتجاجی ’بہت ہوئی مہنگائی کی مار، ہائے ہائے مودی سرکار‘جیسے نعرے لگا رہے تھے ۔اس موقع پر جے کے یوتھ کانگریس کے ترجمان عابد ماگامی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سال 2014 میں مودی سرکار نے سو دنوں میں مہنگائی کو دور کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس سرکار کے سارے وعدے غلط ثابت ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی نے لوگوں کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے ۔موصوف ترجمان نے کہا کہ مودی سرکار کا ایک وعدہ بھی صحیح ثابت نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ سال 2014 میں رسوئی گیس فی سلینڈر ساڑھے تین سو روپے میں ملتا تھا اور آج اس کی قیمت ایک ہزار روپیے کے قریب ہے ، پٹرول فی لیٹر 65 روپے میں ملتا تھا اور آج سو روپے فی لیٹر سے پار کر گیا ہے ۔ان کا مطالبہ تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کو بھی جی ایس ٹی کے تحت لایا جانا چاہئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران بھی لوگوں پر کوئی رحم نہیں کیا۔
 
 

کورونا کی تیسری لہر کا ممکنہ اثر |  بچوں کے خون کی سروے کرانے پرڈاک کازور

سرینگر//ڈاکٹرس ایسوسی ایشن آف کشمیرنے کہا ہے کہ وادی میں بچوں کی آبادی کی سیروسروے(خون کی جانچ) کرنے سے پتہ چلے گا کہ کوروناکی ممکنہ  تیسری لہر کا بچوں پرکیا اثر پڑے گا۔ایک بیان میں ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے صدرڈاکٹر نثارالحسن نے کہا کہ بچوں کی سیروسروے کرنے سے ہمیں اندازہ ہوگا کہ بچوں کوکووِڈ - 19کی تیسری لہرسے کتناخطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیروسروے میں افراد کے خون کے نمونوں کی جانچ کی جاتی ہیں اور ان میں اینٹی باڈیز،جوانفیکشن کے بعد جسم میں پیدا ہوتے ہیں ،کودیکھاجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے ہمیں یہ اندازہ ہوگاکہ بچوں کی آبادی کے کتنے حصے میں اینٹی باڈیز پیدا ہوئے ہیں اوران میں قدرتی مدافعت پیداہوئی ہے۔ڈاکٹر حسن نے کہا،’’حال ہی میں کشمیرمیں 7سے17برس کے بچوں کی سیروسروے مکمل کی گئی جس کے نتائج کاانتظار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہرضلع میں 7سے11برس کے بچوں کے نمونوں کی شرح40اور12سے17برس کے بچوں کے نمونوں کی شرح80تھی۔انہوں نے کہا کہ اس سروے کو 0سے6برس تک کی عمر کے بچوں تک توسیع دینے کی ضرورت ہے اور ہرضلع میں500سے1000نمونے لئے جانے چاہیے تاکہ کووِڈ-19کے خلاف قدرتی مدافعت پیدا ہونے والے بچوں کی صحیح تعداد کا پتہ چلے۔ڈاکٹر نثار نے کہا کہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر میں بچوں پرزیادہ اثر پڑے گاکیوں کہ آبادی کے اس گروپ کی ٹیکہ کاری نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے تاہم یہ بھی کہا کہ متعدد دیگر سیرو سرویز نے اس امکان کو خارج کیا ہے کہ تیسری لہر سے بچوں کو زیادہ اثر ہوگا  ۔ڈاکٹر نثار نے کہا کہ ایمزکی طرف سے پانچ مختلف مقامات پر کی گئی بچوں کی سروے سے پتہ چلا ہے کہ55.7فیصد بچوں میں اینٹی باڈیز پیدا ہوئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ ایک خطے میں بچوں اور بالغوں میں سیروپرویلنس ایک جیسی پائی گئی۔انہوں نے کہا کہ پی جی آئی چندیگڑھ کی ایک اور سروے میں69فیصد بچو ں میں کووِڈمخالف اینٹی باڈیز پائی گئیں۔ان بچوں میں کوئی علامات نہیں تھیںیاان میں ہلکی علامات انفیکشن کے دوران پائی گئیں۔دونوں سرویزکے اعدادوشمار سے معلوم ہوتا ہے کہ بچوں میں قدرتی طور کووِڈمخالف اینٹی باڈیزپیداہوتی ہیں اور اس بات کا امکان نہیں ہے کہ تیسری ممکنہ لہر میں بالغوں سے زیادہ بچے متاثر ہوں گے۔یہ ایک بڑی راحت ہے کیوں کہ کئی ماہرین صحت نے خدشہ ظاہر کیاتھا کہ تیسری لہر بچوں کو سب سے زیادہ متاثر کر ے گی جس سے لوگ فکر مند ہوگئے تھے۔ڈاکٹر نثار نے کہا کہ ہم دوسرے خطے کے اعدوشمار سے نتائج اخذ نہیں کرسکتے ۔ہمیں اپنے اعدادوشمار ہونے چاہیے جن سے ہم کسی نتیجہ پر پہنچ سکیں گے۔
 
 
 

منی گام میں گاڑی کی ٹکر سے خاتون زخمی 

سرینگر//منی گام کنگن میں گاڑی کی ٹکر سے خاتون زخمی ہوگئی۔ کے این ایس کے مطابق سنیچر کو منی گام بائی پاس پر ایک ماروتی گاڑی زیر نمبرJK01X.-8441نے 40 سالہ  پروینہ زوجہ پرویز احمد ساکن وائل گاندربل کو ٹکر ماردی۔ مذکورہ خاتون کو فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سینٹر منی گام لایاگیا جہاںاس کا علاج و معالجہ کیاگیا۔ اس دوران پولیس نے کیس درج کرکے معاملہ کی تحقیقات شروع کی ہے۔ 
 
 
 
 
 

ڈاکٹرظہورگلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او مقرر

سرینگر// حکام نے ڈپٹی کمشنر سٹیٹ ٹیکس ڈاکٹر ظہور کو تبدیل کرکے چیف ایگزیکٹو افسر ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی گلمرگ تعینات کیا۔ محکمہ عمومی انتظامی کے کمشنر سیکریٹری منوج دیویدی کی جانب سے ہفتہ کو جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ انتظامیہ کے مفاد میں ڈاکٹر ظہور احمد رینہ،ڈپٹی کمشنر جموں کشمیر سٹیٹ ٹیکس(اپیلز اول) کو تبدیل کرکے چیف ایگزیکٹو افسر ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی گلمرگ کے عہدے پر تعینات کیا جاتا ہے۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر سٹیٹ ٹیکس کی ڈپٹی کمشنر (اپیلز دوئم) سمر نائک مزید احکامات تک اپنی خدمات انجام دینے کے علاوہ اضافی طور پر ڈپٹی کمشنر سٹیٹ ٹیکس اپیلز اول کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گی۔
 
 

 جموں سنٹرل کواپریٹو بینک لمٹیڈ کی بورڈ میٹنگ  | جے کے آئی ڈی ایف سی کیلئے 100 کروڑ روپے کے قرضہ کو منظوری 

سری نگر//سیکرٹری کواپریٹو یشا مدگل نے  یہاں سول سیکرٹریٹ میں جموں سنٹرل کواپریٹو بینک لمٹیڈ کے پروفیشنل بورڈ آف ڈایریکٹرز کے خصوصی بورڈ میٹنگ کی صدارت کی ۔ وہ بورڈ کی چئیر پرسن بھی ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر جموں انشول گرگ ، جموں سنٹرل کواپریٹو بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر نشی کانت شرما ، ڈائریکٹر اکاؤنٹس اینڈ ٹریزریز جموں نیرج گپتا بخشی ، ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں ڈاکٹر کے کے شرما ، سینئر ایڈووکیٹ سیما کھجوریہ شیکھر ، سابق صدر جے اینڈ کے بینک لمٹیڈ ایس کے بھٹ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بورڈ کے ممبروں کی حیثیت سے میٹنگ میں شرکت کی ۔ جموں سنٹرل کواپریٹو بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر نے میٹنگ کو بینک کے مختلف اجزاء اور طبعی اور مالی کامیابیوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے زراعت ، باغبانی اور کواپریٹو سیکٹروں کے قرضوں کی فراہمی سے متعلق مختلف امور پر روشنی ڈالی ۔ اس موقعہ پر جموں سنٹرل کواپریٹوز بینک لمٹیڈ کے پروفیشنل بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران نے بھی بات کی اور بینک کے کام کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنی قیمتی تجاویز پیش کیں اور جے کے آئی ڈی ایف سی لمٹیڈ کو 100 کروڑ روپے کے قرض کی منظوری پر چئیر مین سے اتفاق کیا ۔  
 
 

موسم گرما میں بھی 24 گھنٹے بجلی کی آنکھ مچولی | کولگام میں برقی روکی سپلائی کو بہتر بنایا جائے:نیشنل کانفرنس

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کولگام میں جاری بجلی کی بدترین سپلائی پوزیشن پر زبردست برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران صرف بلند بانگ دعوے اور اعلانات کرنے میں مصروف ہیں جبکہ زمینی سطح پر لوگوں کو وہ ضروریات بھی میسر نہیں جو ماضی میں خود بہ خود میسررہا کرتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کولگام میں بجلی سپلائی کی ابتر صورتحال کے باوجود بھی سپلائی پوزیشن بہتر بنانے کے لئے کچھ نہیں کیا جارہا ہے۔ بجلی کٹوتی کے لئے کسی بھی شیڈول سے کام نہیں لیا جارہا ہے بلکہ آنکھ مچولی 24 گھنٹے جاری رہتی ہے۔ اگرچہ حکومتی سطح پر بجلی کی سپلائی پوزیشن بہتر بنانے کیلئے آئے روز بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں لیکن ضلع کولگام میں اس وقت بھی چلہ کلان جیسی بجلی سپلائی پوزیشن جاری ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت خواب غفلت میں پڑی ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، بجلی ، سڑک اور پینے کا صاف پانی جیسے سہولیات کیلئے بھی لوگوں کو ترسایا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ پر زور دیا کہ کولگام میں بجلی کی سپلائی پوزیشن بہتر بنانے کیلئے ٹھو س اور کارگر اقدامات اٹھائے جائیں۔ 
 
 

جموںکشمیر پولیس نے شاملی یوپی سے نوجوان کوگرفتارکیا

یواین آئی
 
شاملی// اترپردیش کے ضلع شاملی کے کاندھلا علاقے میں ہفتہ کو جموںکشمیر پولیس اور اے ٹی ایس کی ٹیم نے چھاپہ ماری کرتے ہوئے ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں کشمیر پولیس و اے ٹی ایس کی ٹیم نے کاندھلا میں دبش دے کر ایک شخص سونو عرف اظہار کو حراست میں لیا ہے ۔ ٹیم اس لے کر شاملی کوتوالی پہنچی جہاں سے مقامی پولیس کے ساتھ اسے ضلع اسپتال لے جاکر میڈیکل کرایا گیا۔ بعد میں جموں کشمیر پولیس اسے اپنے ساتھ لے گئی۔گرفتار شخص کے بھائی نور محمد نے بتایا کہ کہ گذشتہ 8سالوں سے ان کا کنبہ جموں کشمیر کے مختلف منڈیوں میں سیب، کنر کی فصل خرید کر اترپردیش سمیت آس پاس کے ریاستوں میں سپلائی کرتا آرہا ہے ۔ اسی دوران نور محمد کی ملاقات تمل ناڈو کے پھل کاروباری کبیر کے ساتھ ہوئی تھی جس کے ساتھ دونوں نے مل کر پھل کا کاروبار کرنے کافیصلہ لیا۔ کبیر نے اپنے منیم جہانگیر باشندہ بنج ضلع پلوامہ جموں کشمیر کو بھیج دیا تھا۔کبیر جہانگیرکے چھوٹے بھائی سونو کا موبائل بات کرنے کے لئے استعمال کرتا تھا۔ سونو اپنے ساتھی ناظمہ، بھورا کے ساتھ بائیک پر سوار ہوکر شاملی گاڑی کا جرمانہ بھرنے کے لئے جارہے تھے ۔دہلی نیشنل ہائی نانو پوری گیٹ کے سامنے پولیس نے روک کر سونوکو حراست میں لے لیا جس کے بعد اہل خانہ کو جموں،کشمیر کی اے ٹی ایس کے ذریعہ سونو کو گرفتار کر لئے جانے کی اطلاع ملی۔ اس نے بتایا کہ اس کا بھائی بے قصور ہے ۔ ایس پی نے نوجوان کی گرفتار کی تصدیق کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار نوجوان کا نام سونو بتایا جارہاہے ۔ اطلاع کے مطابق گذشتہ دنوں بہار کے دربھنگہ ریلوے اسٹیشن پر ہوئے دھماکہ میں این آئی اے کی ٹیم نے شاملی ضلع کے کیرانہ کے دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔ٹیم انہیں اپنے ساتھ لے گئی تھی۔اس کے بعد سے ہی مرکزی جانچ ایجنسیو ں و کئی ریاستوں کی پولیس کی نگاہ بھی ضلع پر ہے ۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

آوارہ کتوں کے حملے | سعدہ کدل میں8سالہ بچی اورترال میں دو زخمی  

سرینگر // سعدہ کدل سرینگر میں آوارہ کتوں کے حملے میں ایک8 سالہ معصوم بچی بری طرح زخمی ہوگئی ۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران علاقے میں یہ اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ادھر پنگلش ترال میں بھی گزشتہ روز ایک پاگل کتے نے دو افراد کو زخمی کردیا۔سعدہ کدل میں جمعہ کی شام ایک آٹھ سالہ بچی کو اس وقت آوارہ کتوں نے حملہ کر کے زخمی کردیا جب وہ گھر کی طرف لوٹ رہی تھی۔کتوں کے حملے میں بچی کے چہرے، بازو اور کمر پر کئی چوٹیں آئی ہیں۔ بچی کو فوری طور ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اینٹی ربیز ویکسین کے علاوہ زخموں کی مرحم پٹی کر کے اسے رخصت کیا گیا۔ ادھر جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کے پنگلش علاقے میں گزشتہ روز ایک پاگل کتا نمو دار ہوا جس نے یہاں راہ چلتے دوبچوں پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں دونوں بچے شدید زخمی ہوئے جن کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
 
 
 

پانپور میں تیندوے کے بچوں کی موجودگی سے دہشت

سرینگر//وادی کشمیر کے متعدد علاقوں میں جنگلی جانوروں کا انسانی بستیوںکی طرف رخ کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے لوگ خوف وہراس میں مبتلا ہیں ۔ پانپور میں تیندوے کی موجود گی سے لوگوں میںخوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ضلع پلوامہ کے قصبہ پانپور سے تین کلو میٹر کی دوری پر واقع میج گائوں کے لوگوں میں اْس وقت خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب علاقے کے لوگوں نے تیندوے کے بچوں کو علاقے میں گھومتے ہوئے پایاجس کے بعد لوگوں میں خو ف و دہشت کا ماحول پیدا ہوا ۔ لوگوں نے تیندوے کے بچوں کو دیکھتے ہی فوری طور محکمہ وائلڈ لائف کو اطلاع دی جس کے بعد محکمہ کی ایک ٹیم نے میج پہنچ کر تیندوے کی تلاش شروع کردی جس دوران ٹیم نے تیندوے کے دو بچوں کو سفیدے کے ایک درخت پر دیکھا جس کے بعد انہیں پکڑنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوئے۔ادھر محکمہ وائلڈ لائف نے علاقے میں تیندوے کی موجودگی کے بعد لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ۔(کے این ایس)
 
 

ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر کا ضلع گاندربل دورہ | محکمہ کی اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے پر زور

سرینگر//ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر نے ضلع گاندربل کا دورہ کیا اور وہاں نرسریوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ عام لوگوں کو ہائی ڈینسٹی پروگرام کے بارے میں جانکاری فراہم کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ فروٹ گرورس اس کا فائدہ اٹھا سکتے۔ ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر نے ضلع گاندربل کا دورہ کیا اور وہاں پر محکمہ کی جانب سے قائم کی گئی نرسریوں کا جائزہ لیا۔ انہوںنے وہاں پر تعینات ملازمین پر زور دیا کہ وہ تن دہی اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے۔ ڈائریکٹر جنرل نے چیف ہاٹی کلچر افسر گاندربل پر زور دیا کہ باغ مالکان کو ہائی ڈینسٹی پروگرام کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کی خاطر گھر گھر بیداری مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکے۔ انہوںنے کہاکہ مختلف پھل دار پودوں کو اسٹاف کریں تاکہ پلانٹیشن سیزن کے دوران کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے گاندربل میں قائم نرسریوں کی دیکھ بھال کرنے والے ملازمین کے کام کاج کو سراہتے ہوئے کہاکہ باغ مالکان کے مسائل حل کرنے کی خاطر تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے بعد میں فروٹ گرورس کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے پر زور دیا ۔
 
 

 ڈاکٹر فاروق کا ڈاکٹر محمد شفیع کو پہلی برسی پرخراج عقیدت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے جانثار اور بے لوث لیڈر ڈاکٹر محمد شفیع شاہ کو پہلی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شفیع پارٹی کے ایک جانثار رکن تھے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے پُرآشوب ادوار میں جس طرح پارٹی سرگرمیوں و پروگراموں کو کامیاب بنانے میں کلیدی رول ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔ادھر مرحوم کے مقبرے پر صبح سویرے گلباری اور فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ مرحوم کی یاد میں کھنہ بل میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب کی صدارت صوبائی صدر کشمیر ناصر اسلم وانی نے کی جبکہ اس موقعے پر سینئر پارٹی لیڈران حاجی مبارک گل، رکن پارلیمان جسٹس(ر) حسنین مسعودی، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، الطاف احمد کلو، سید توقیر احمد، پیرزادہ عبدالحمید اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔ اس موقعے پر مقررین نے ڈاکٹر شفیع کی پارٹی خدمات کو یاد کی اور عوامی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا گیا۔ 
 
 
 

سرگرم پارٹی رکن کے انتقال پرتنویر صادق کا اظہارِ تعزیت

سرینگر//نیشنل کانفرنس لیڈر تنویر صادق نے پارٹی کے سرگرم رکن شبیر حسین جو (حلقہ صدر عدالت مسجد مدین صاحب) کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ تنویر صادق نے شبیر حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پارٹی کے ایک بے لوث اور جانثار رکن تھے اور ہر وقت لوگوں کی فلاح و بہبود میں مصروف رہتے تھے۔دریں اثناء پارٹی کے سینئر لیڈر اور انچارج کانسچونسی سنگرامہ خواجہ محمد یعقوب وانی نے حلقہ صدر بال دجی بانڈی بالا سنگرامہ چودھری کرم الدین  کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی ۔
 
 
 

کولگام میں غیرقانونی شراب ضبط 

سرینگر//کولگام پولیس نے ایس ڈی پی او قاضی گنڈ گووند رتن کی نگرانی میں کیموہ کی پولیس ٹیم نے باگ گنڈ میں مشتبہ جگہ پر چھاپہ مارا اور غیر قانونی طور پر شراب کی 95بوتلیںبرآمد کرلیں اورذوالفقار احمد میر اور ندیم احمد ملک ساکن تکیہ بہرام شاہ اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے کی گرفتاری کیلئے کوشش جاری ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 69/2021 درج کیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
 
 

اننت ناگ میں نقب زنی کا کیس چند گھنٹوں میںحل | 2لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات برآمد

سرینگر//اننت ناگ پولیس نے چندہی گھنٹوں کے اندر نقب زنی کے ایک کیس کو حل کرکے لاکھوں روپئے مالیت کا مال مسروقہ ملزمان کے قبضے سے برآمد کرلیا۔ بجبہاڑہ تھانہ کو محمد جبار ڈارکی جانب سے ایک شکایت موصول ہوئی تھی کہ اس کے رہائشی مکان سے تقریبا ً2لاکھ روپئے مالیت کے کچھ طلائی زیورات چوری ہوگئے ہیں۔اطلاع موصول ہوتے ہی بجبہاڑہ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 213/2021  متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا ۔اننت ناگ پولیس نے ایس ایچ او تھانہ بجبہاڑہ کی سربراہی میں ایک اسپیشل تفتیشی ٹیم تشکیل دیکر تحقیقات شروع کردی ۔ تفتیشی ٹیم نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص شاہدآفریدی ڈار ولد علی محمد ڈار ساکن گوری ہانجی پورہ اننت ناگ کو گرفتار کیا گیا۔پوچھ تاچھ پر اس نے چوری کا اعتراف کیا اور اس کے اعتراف پر طلائی کے زیورات عادل احمد ڈار ساکن گوری پمپوش محلہ اننت ناگ کے دکان سے برآمد ہوئے۔
 
 
 
 

شیری بارہمولہ میںساگر کلچرل فورم کی جانب سے عید ملن کا انعقاد 

فیاض بخاری 
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے شیری ناروائو علاقے میں سنیچر کے روز ساگر کلچرل فورم ژکر پٹن کی جانب سے عید ملن کا انعقاد ہوا ۔ تقریب کی صدارت معروف شاعر غلام نبی دلنواز نے کی جبکہ سینئر صحافی خورشید عالم مہمان خصوصی تھے اور بزرگ شاعر عبدالاحد مہمان ذی وقار کی حیثیت سے پروگرام میں موجود تھے۔ فورم کے صدر ساگر نظیر نے مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا ۔شاعر آفاق دلنوی نے نظامت کے فرایض انجام دئے۔ اس موقع پر ایک محفل مشاعرہ منعقد ہوا ۔مشاعرے میں گلفام نوگامی، صابر شبیر ، آفاق دلنوی، فاروق ملک، بشر زوگیاری، شاہی سجاد ،الہام ملک، چھان رحمان، محی الدین بیتاب، قیصر مجید ، ساقی ارشاد ، عبدالغفار خاکسار، محمد افضل ہاشمی ، غلام نبی دلنواز، مبارک لون ،آکاش حمید، عرفان جان ، وسیم بابا ،غفار خاکسار، علی قاظمی اور غلام نبی ڈار قابل ذکر ہیں۔
 
 
 

بارایسوسی ایشن بانڈی پورہ کا اظہار تعزیت

بانڈی پورہ/عازم جان 
/ضلع بانڈی پورہ بارایسوسی ایشن کا ایک تعزیتی اجلاس ضلع صدر ایڈوکیٹ ملک مشتاق کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ضلع بارایسوسی ایشن کے تمام ممبران اور ہائی کورٹ کے ایڈوکیٹ بشیر احمد ٹاک نے شرکت کی۔انہوں نے ماتمی قرارداد منظور کی۔تعزیتی اجلاس کے بعد بارایسوسی ایشن کے تمام ممبران نے اجتماعی طور پر ضلع صدر کی قیادت میں اونگام بانڈی پورہ جاکر معروف دینی وسماجی شخصیت  عباس شاہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور گھر جاکر تعزیت کی ۔مرحوم حاجی عباس شاہ عرایض نویس حاجی عبدالقدیر شاہ کے برادر اکبر اورضلع بارایسوسی ایشن کے نائب صدر ایڈوکیٹ آصف اقبال کے چچا تھے۔