تازہ ترین

عبوری حکومت کے قیام تک ہتھیار نہیں ڈالیں گے:طالبان

تاریخ    25 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
کابل// افغان طالبان نے کہاہے کہ افغانستان میں عبوری حکومت کے قیام تک ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے افغانستان امن نہیں آسکتا، امن معاہدے کی کامیابی کے لیے اشرف غنی کو عہدہ چھوڑنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اقتدار کی اجارہ داری پر یقین نہیں رکھتے کیونکہ ماضی میں افغانستان میں اقتدار پر اجارہ داری قائم کرنے والی حکومتیں کامیاب نہیں ہوئیں لہٰذا ہم اسی فارمولے کو دہرانا نہیں چاہتے۔سہیل شاہین نے مذاکرات کو ایک اچھا آغاز قرار دیا تاہم انہوں نے کہا کہ حکومتیں بار بار جنگ بندی کا مطالبہ کرتی ہیں جبکہ اشرف غنی کا اقتدار میں رہنا طالبان کے سرینڈر کرنے کے مطالبے میں رکاوٹ ہے، اشرف غنی مفاہمت نہیں چاہتے مگر وہ چاہتے ہیں کہ ہم ہتھیار ڈال دیں۔ طالبان ترجمان نے کہا کہ کسی بھی جنگ بندی سے پہلے ایک نئی حکومت کے لیے معاہدہ ہونا چاہیے جو ہمارے اور دیگر افغانوں کے لیے قابل قبول ہو، پھر جنگ نہیں ہوگی۔سہیل شاہین نے کہا کہ اس نئی حکومت کے تحت خواتین کو کام کرنے، اسکول جانے اور سیاست میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی تاہم انہیں حجاب یا سر پر اسکارف پہننا پڑے گا،خواتین کو گھر سے نکلنے کے لیے ان کے ساتھ مرد سربراہ کی ضرورت نہیں ہوگی اور نئے قبضہ ہونے والے اضلاع میں طالبان کمانڈروں کو یہ حکم ہے کہ یونیورسٹیز، اسکولوں اور بازاروں میں پہلے کی طرح کام جاری رہے گا جس میں خواتین اور لڑکیوں کی شرکت بھی شامل ہے۔
 

تازہ ترین