تازہ ترین

انتظامیہ میں تقرریاں اور تبادلے

ڈاکٹر سلیم الرحمن ڈائریکٹر جنرل خاندانی بہبود مقرر

تاریخ    24 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر// حکومت نے انتظامیہ میں تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائی،جن کی روسے ڈاکٹر سلیم الرحمان کو تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل خاندانی بہبود،ایم سی ایچ و ٹیکہ کاری کا قلمدان سونپا گیا۔ محکمہ عمومی انتظامی کے کمشنر سیکریٹری نوج کماری دیویدی کی جانب سے جمعہ کو ایک حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروس اینڈ سپورٹس، جن کے پاس خاندانی بہبود،ایم سی ایچ و ٹیکہ کاری کا اضافی چارج تھا، ڈاکٹر سلیم الرحمان کو تبدیل کیا گیا اور انہیں فوری طور پر ڈائریکٹر جنرل خاندانی بہبود،ایم سی ایچ و ٹیکہ کاری کے عہدے پر فائز کیا گیا۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا کہ محکمہ کھیل کود و یوتھ سروس کے خصوصی سیکریٹری محمد اشرف بٹ مزید احکامات تک اپنی خدمات کے علاوہ ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کا اضافی چارج بھی سنبھالیں گے۔کمشنر سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک علیحدہ حکم نامہ میں مزید کہا گیا کہ جموں کشمیر سیکریٹریٹ (ماتحت) خدمات میں4ملازمین کو فوری طور پر فارغ کرکے تقرری کی نئی جگہوں پر رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ان ملازمین میں سیکشن افسر محکمہ باغبانی کو محکمہ پشوپالن،  افزائش بھیڑ و ماہی گیری،محکمہ عمومی انتظامی کے جونیئر اسسٹنٹ دائود بشیر کو محکمہ الیکشن کمیشن، محکمہ باغبانی میں سنیئر آفس اٹنڈنٹ کلونت سنگھ کو محکمہ پشوپالن،افزائش بھیڑ و ماہی گیری اور محکمہ باغبانی کے ہی جمعدار گریڈ فسٹ رضیہ بیگم کو بھی محکمہ پشوپالن،افزائش بھیڑ و ماہی گیری میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ حکم نامہ کی عدم تعمیل کو ڈیوٹی سے غفلت تصور کیا جائے گا اور ضوابط کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔