تازہ ترین

رعناواری اسپتال میں ٹیلی آئی سی یومنصوبے کا افتتاح

کورونا وائرس کی تیسری لہر سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عمل لازمی: اتل ڈلو

تاریخ    24 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
سرینگر //محکمہ صحت و طبی تعلیم کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اتل ڈلو نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر سے بچنے کیلئے کورونا مخالف قوائد و ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہے۔ جواہرلال نہرو میموریل اسپتال رعناواری میں ٹیلی آئی سی یو منصوبہ کا فتتاح کرنے کے بعد ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے کہا کہ کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر سے نپٹنے کیلئے تیاریوں کا سلسلہ جار ی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے پہلا ہتھیار قوائد و ضوابط پر عمل کرکے ماسک پہننا اور سماجی دوری کا اہتمام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا مخالف دوسرا ہتھیار ٹیکہ کاری ہے اور ٹیکہ کاری کا عمل پورے جموں و کشمیر میں جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابتک چند اضلاع میں 45سال تک کے افراد کی ٹیکہ کاری مکمل کر لی گئی ہے جبکہ دیگر اضلاع میں ٹیکہ کاری کا عمل جاری ہے۔ اتل ڈلو نے کہا کہ تیسرا ہتھیار آکسیجن کی سپلائی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چند آکسیجن پلانٹوں نے پہلے ہی کام کرنا شروع کردیا ہے جبکہ چند پر کام جار ی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ ٹیلی آئی سی یو منصوبہ کے تحت تمام ضلع اور سب ضلع اسپتالوں کا کمانڈ سینٹر رعناواری اسپتال میں قائم کیا گیا ہے اور اگر ایمرجنسی کی صورت میں ضلع اسپتال میں ڈاکٹردستیاب نہیں ہوںگے تو وہاں کا عملہ براہ راست رعناواری اسپتال میں 24گھنٹے موجود رہنے والے ماہرڈاکٹروں سے رابطہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے مختلف ضلع اور سب ضلع اسپتالوں میں64آئی سی یو بیڈوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں ضرورت پڑنے پر انتہائی علیل مریضوں کو علاج و معالجہ فراہم کیا جائے گا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے کہا کہ آیوشمان بھارت اور کورونا مخالف ٹیکہ کاری کی طرح ہی ٹیلی آئی سی یو منصوبہ کے تحت ضلع اسپتالوں میں زیر علاج علیل مریضوں کو کمانڈ سینٹر رعناواری سے ہی علاج و معالجہ فراہم کیا جائے گا۔تقریب کے دوران ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق احمد راتھر اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔