تازہ ترین

دبڑ گگوٹا واٹر سپلائی سکیم 4ماہ سے مکمل بند

پانی کی قلت کے شکار مکینوںنے محکمہ کیخلاف شدید احتجاج کیا

تاریخ    24 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے دبڑ گگوٹا گائوں میں محکمہ آب رسانی کی واٹر سپلائی سکیم گزشتہ کئی عرصہ سے بند ہونے کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔محکمہ کی نااہلی کیخلاف مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ چار ماہ سے واٹر سپلائی سکیم بند پڑی ہوئی ہے تاہم متعلقہ محکمہ پانی کی سپلائی بحال کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو گیا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے تعمیر کروایا گیا ٹینک میں سے اب پانی خارج ہونا شروع ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے غیر معیاری تعمیر عمل میں لائی گئی ۔اس دوران بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین انیتا شرما اور مقامی سرپنچ نے ٹینک کا معائینہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کو چاہئے کہ وہ مذکورہ تعمیر کے سلسلہ میں تحقیقات کروائے تاکہ غیر معیاری کام کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری خزانے سے فنڈز ہڑپنے کیلئے غیر معیاری تعمیر ات عمل میں لائی گئی ہے جبکہ فنڈز نکلوانے کے بعد عوام کو معیاری سپلائی فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔مظاہرین نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی ٹینک کی تعمیر کا معائینہ کروانے کیساتھ ساتھ لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ان کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔