برصغیر میں عیدالاضحی کی تقریب سعید آج

وادی میں عیدین کے بڑے اجتماعات پر کورونا کی وجہ سے بدستور بندش

تاریخ    21 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر//جموں کشمیر میں ملک اور بر صفیر کے دیگر حصوں کی طرح بدھ کو عید الالضحیٰ کی تقریب سعید منائی منائی ہے،تاہم نماز عید کے بڑے اجتماعات کا اہتمام کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ادھر مسجد اقصیٰ میں منگل کو قریب 10000لوگوں نے نماز عید اداکی۔کشمیر میں مسلسل ایسی پانچویں عید ہے جس میں روایتی گہما گہمی اور چہل پہل تھوڑی کم رہی۔ امسال عید الفطر کوروناوائرس کے پھیلائو کے بیچ منائی گئی،اور کوئی بھی روایتی جوش و خروش دیکھنے کو نہیں ملا تھا۔ 5اگست 2019 کو مرکزی حکومت کی جانب سے جموں کشمیر کے آئین کی تنسیخ اور تقسیم کے فیصلے کے بعد 12اگست2019 کو عید الالضحیٰ منائی گئی تھی،جس میں بھی روایتی گہما گہمی دیکھنے کو نہیں ملی تھی،جس کے بعد اب تک کم و بیش یہی سلسلہ چلا آرہا ہے۔بازاروں سے عرفہ کے روز  بڑے پیمانے پر چہل پہل نہیں تھی جبکہ دکانوں پر بھی بہت کم خریداری کی گئی۔شہر سرینگر سمیت وادی بھر کے قصبوں میں بیکری کی دکانوں پر حسب معمول بھاری رش رہا البتہ لوگوں نے کم تعداد میں گوشت فروژوں کی طرف رخ کیا۔بیکری، مرغ فروشوں کی دکانوں بھی اچھی خاصی بھیڑ رہی۔ مسلسل پانچویں عید کو بھی عید کے پیش نظر بڑے اجتماعات منعقد نہیں ہونگے۔ گزشتہ برس بھی جامع مسجد سرینگر اور درگاہ حضرت بل کے علاوہ خانقاہ معلی اور دیگر زیارت گاہوں سے منسلک مساجد سمیت قصبوں کی جامع مساجد میں با جماعت نماز عید کی ادائیگی نہیں ہوئی تھی،اور امسال بھی عید الفطر پر کورونا وائرس کے نتیجے میں درگاہوں،جامع مساجد اور اور خانقاہوں میں نماز عید باجماعت ادا ہونے سے رہ گئی تاہم چھوٹی مساجد میں جسمانی فاصلہ کو عملاتے ہوئے نماز عید کی ادائیگی ہوئی تھی۔
 

عید پر لیفٹنٹ گورنر کا تہنیتی پیغام

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے عوام کو عیدالاضحی کے مبارک موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ہے کہ یہ تہوار معاشرے کے تمام طبقات کے مابین سخاوت کے جذبے کی تائید کرتا ہے۔انہوں نے کہا’’اس اچھے موقع پر میں لوگوں سے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ عیدالاضحی فلاحی اور بے لوث خدمت کا جذبہ امن اور ہم آہنگی کو فروغ دے گی‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر تمام فرقوں کے مابین فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کے جذبات کو مزید تقویت ملے گی اورجموں و کشمیر میں سب کی صحت کے ساتھ ترقی اور خوشحالی آئے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ بدلی ہوئی صورتحال کے پیش نظر میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ کوڈ پروٹوکول پر عمل کریں ، کوویڈ کے ساتھ مناسب سلوک کریں ، گھر میں عید کی نماز پڑھیں اور سلامت رہیں‘‘۔
 

بارہمولہ بانہال ریل 2روزکیلئے معطل

سرینگر//عیدالاضحی کے موقعہ پر 2روزکیلئے بارہمولہ بانہال ریل سروس معطل کردی گئی ہے۔ بارہمولہ سے بانہال رام بن تک چلنے والی ریل سروس 21 اور 22 جولائی کونہیں چلے گی ۔ریلوے حکام نے کہا کہ حکومتی ہدایات کے تحت 21 اور22 جولائی کوبارہمولہ بانہال ریل سروس بند رہے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کورونا وبا کے پیش نظر لیا گیا ہے۔یاد رہے کہ بارہمولہ تابانہال ریل سروس 14 جولائی سے بحال ہوئی تھی۔وادی کشمیر میں کورونا کرفیو کے پیش نظر7 ماہ کی معطلی کے بعد یکم جولائی سے ٹرین خدمات کو بحال کردیا گیا تھا۔
 

تازہ ترین