تازہ ترین

چومنڈاہ ماتا یاترا چھڑی مبارک پوگل پرستان کے شروا دھار مندر کی طرف روانہ

رابطہ سڑک کی خستہ حالی پر بھاجپا لیڈر نے محکمہ تعمیرات عامہ کی مذمت کی

تاریخ    18 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال//ضلع رام بن میں سابق تحصیل بانہال کے پوگل پرستان میں سالانہ چومنڈاہ ماتا یاترا کی چھڑی مبارک کو آج جموں سے اکھڑال اور وہاں سے سینا بتی کے شروا دھار مندر تک پہنچانے کیلئے سنیچروار کے روز روانہ کیا گیا ہے۔ چومنڈا ماتا یاترا ہر سال جولائی کے مہینے میں انجام دی جاتی ہے لیکن پچھلے سال کووڈانیس کی صورتحال کے پیش نظر یاترا کو منسوخ کیا گیا تھا تاہم چھڑی مبارک کو لایا گیا تھا ۔چومنڈاہ ماتا کا مندر پوگل پرستان کے شروا دھار علاقے میں موجود ہے اور 2003سے اس یاترا کو منعقد کیا جاتا ہے ۔ شروا دھار کا خوبصورت علاقہ ڈوڈہ اور رام بن اضلاع کی سرحدوں میں واقع ہے ۔ ہفتے کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر راجو چاڑک نے چھڑی مبارک کو جموں سے اکھڑال پہنچایا جہاں سے عقیدتمندوں کی ایک بڑی تعداد یاترا کا حصہ بنی ۔ اس موقع پر کووڈ انیس کے رہنما اصولوں کی پاسداری کی گئی تھی۔اس کے بعد اکھڑال سے نہایت ہی عقیدت اور احترام سے چھڑی مبارک کو چومنڈاہ ماتا کے مندر واقع سینا بتی شروا دھار کی طرف روانہ کیا گیا اور اس موقع کئی معززین کے علاوہ بلاک ترقیاتی کونسل اکڑال پوگل پرستان کے چیئرمین کرلیپ سنگھ بالی اور نیشنل پنتھرس پارٹی کے سینئر لیڈر اور ضلع صدر سیوا سنگھ بالی بھی موجود تھے۔ جبکہ عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد بھی چھڑی مبارک کے ساتھ ماتا کے دربارہ کی طرف روانہ ہوئیں ۔اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر راجو چاڑک نے اکھڑال سے سینا بتی تک چومنڈاہ یاترا روٹ کی رابطہ سڑک کی خستہ حالی پر محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی سخت مذمت کی اور سڑک کو بہتر بنانے میں محکمہ کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چومنڈاہ ماتا یاترا ضلع رام بن کی سب سے بڑی یاترا ہے مگر شروا دھار کی طرف روانہ ہونے سے پہلے آخری پرا تک پہنچنے والی سڑک کی حالت نہایت ہی  خراب ہے اور جگہ جگہ کھڈے بنے ہیں جنہیں بھرا ہی نہیں گیا ہے ۔چومنڈا ماتا یاترا اور چھڑی مبارک کے سلسلے میں رام بن پولیس نے شروا دھار یاترا کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے اور رامسو پولیس سٹیشن سے افسر اور اہلکار یاترا کیلئے تمام تر حفاظتی انتظامات کئے ہوئے تھے ۔