تازہ ترین

تصدیق شدہ ہوٹل بکنگ کی شرط کا شاخسانہ

سونہ مرگ میںسناٹا،کورونا منفی سیلانیوں کو سیر کی اجازت دینے کاتاجروں کا مطالبہ

تاریخ    18 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


غلام نبی رینہ
 
کنگن//ضلع انتظامیہ گاندربل کی طرف سے 17اور18جولائی اور24اور 25جولائی کو سونہ مرگ آنے کیلئے پیشگی کسی ہوٹل کی تصدیق شدہ بکنگ کا ثبوت پیش کرنے کے حکم کے بعد سیاحتی مقام سونہ مرگ میں سنیچروار کوہرجگہ سناٹاچھایا رہا ۔ادھر مقامی دکانداروں اور ہوٹل مالکان نے ضلع انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کاروبارگزشتہ کئی برس سے  متاثرہے اور سونہ مرگ کی سیر پر آنے کیلئے کووِڈ منفی رپورٹ کو ہی لازمی قرار دیاجائے۔  ضلع انتظامیہ گاندربل نے رواں ہفتہ کو ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے مطابق سنیچروار اور اتوار کو سونہ مرگ جانے کی اجازت ان ہی لوگوں کو ہوگی جن کے پاس سونہ مرگ کے کسی ہوٹل میں تصدیق شدہ بکنگ کا ثبوت ہوگا۔ ایسا سونہ مرگ میں سیاحوں اور سیلانیوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا  تاکہ عالمگیر وبا ء کورونا وائرس سے بچا ئوکے احتیاطی تدابیر کو من وعمن عملایا جائے ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گاندربل فاروق احمد بابا کی طرف سے جاری کئے گئے اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 17اور18 جولائی اور 24 اور 25جولائی کو صرف ان ہی لوگوں کو سونہ مرگ جانے کی اجازت ہوگی جن کے پاس سونہ مرگ کے کسی ہوٹل میں تصدیق شدہ بکنگ کا ثبوت ہوگا ۔اس دوران اگرچہ مقامی سیلانیوں کی آمدورفت سنیچروار سے شروع ہوکر اتوار تک جاری رہتی تھی لیکن اس حکم نامے کے بعد سنیچروارکوسونہ مرگ میں سیلانیوں کی کوئی چہل پہل نہیں دیکھی گئی جبکہ پولیس نے جگہ جگہ ناکے لگائے تھے اور ان ہی سیاحوں اور سیلانیوں کو سونہ مرگ جانے کی اجازت دی جارہی تھی جن کے پاس کسی ہوٹل کی تصدیق شدہ بکنگ کا ثبوت تھا ۔ادھر سونہ مرگ کے دکانداروں اور دیگر تجارت پیشہ اور ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ ضلع انتظامیہ کے اس حکم سے خوش ہیں لیکن انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان کا کاروبار گذشتہ برس سے ہی کورونا وائرس کی وجہ سے متاثرہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ گاندربل سے مطالبہ کیا کہ جن سیلانیوں کے پاس کووڈ ٹیسٹ کی منفی رپورٹ ہوگی، انہیں سونہ مرگ آنے کی اجازت دی جائے تاکہ ان کا کاروبار متاثر ہونے سے بچ سکیں ۔تجارت پیشے سے وابستہ افراد نے سونہ مرگ آنے والے سیاحوں اور سیلانیوں سے کہا ہے کہ جب بھی وہ سونہ مرگ کی سیرو تفریح پر آئیںتو سرکار کی طرف سے جاری کووڈ گائیڈ لائنز کا خیال رکھیں۔
 

تازہ ترین