تازہ ترین

عرسِ شاہ ہمدانؒ عقیدت کے ساتھ منایا گیا

۔ 2برس بعد خانقاہ معلیٰ میں روح پرور مجالس کا اہتمام

تاریخ    18 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


 سرینگر//خانقاہ معلی سرینگرمیں ہفتے کو دو سال بعدامیر کبیر حضرت میر سید علی ہمدانیؒعقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ خانقاہ معلی میں عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا اور نماز ظہرین میں کافی تعداد میں نمازیوں نے شرکت کی جن میں مردوزن شامل تھے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران اس عرس مبارک کے موقع پر خانقاہ معلی میں کسی بھی تقریب کا اہتمام نہیں کیا گیا۔ جہلم کے کنارے پر واقع حضرت شاہ ہمدانؒ سے منسوب 600سال پرانی زیارت گاہ ’تاریخی خانقاہ معلی‘کے دروازے سال گزشتہ کورونا لاک ڈاؤن کے باعث مقفل رہے ۔یہ عرس سال 2019 میں پانچ اگست کو مرکزی حکومت کی طرف سے لئے جانے والے فیصلوں سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر بھی ملتوی ہی رہا تھا۔اس عرس مبارک کے موقع پر وادی کے گوشہ و کنار سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند اس ولی اللہ کے مزار پر حاضر ہو جایا کرتے ہیں ۔خانقاہ معلی میںدن بھر درود اذکار کی مجالس میں مختلف علاقوںسے آئے ہوئے عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ اس دوران پنجگانہ نمازوں پر تبرکات کی زیارت کی گئی۔ یہاں دوپہر سے قبل ہی لوگ جمع ہوچکے تھے جودرور و اذکار میں محو تھے جن میں خواتین کی بھی ایک بھاری تعداد شامل تھی۔ ادھرخانقاہ فیض پناہ ترال میں امیر کبیرحضرت میر سید علی ہمدانیؒکے سالانہ عرس پاک کے موقع پر کو ئی تقریب منعقد نہیں ہوسکی جس پر لوگوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ۔ادھر آثار شریف شہری کلاش پورہ ، جناب صاحب صورہ ، زیارت دستگیر صاحب سرائے بالا میں بھی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ کعبہ مرگ، کھرم سرہامہ ، اسلام آباد ، ڈورو،سیر ہمدان ، وچی ، اہم شریف بانڈی پورہ ، بڈگام ، کپوارہ ، بارہمولہ اور ہندوارہ میں عرس مبارک کے سلسلے میں روح پرور مجالس کا اہتمام ہوا جن میں حضرت امیر کبیر ؒ کی تعلیمات اور ان کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
 

تازہ ترین