تازہ ترین

مزید خبرں

تاریخ    19 جون 2021 (00 : 01 AM)   


مہلک انفیکشن سے بچنے کیلئے ٹیکہ لگائیں

ڈپٹی کمشنر شوپیان کی لوگوں سے اپیل

شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا نے کہا کہ تمام نامزد کووِڈ ویکسی نیشن مراکز میں 18 برس اور اس سے اوپر کے اَفراد کے لئے ٹیکہ کاری مہم جاری ہے۔عوام میں مؤثر کووِڈ انوکولیشن مہم کے لئے 18برس عمر سے 44 برس عمر تک کے گروپ کے اَفراد کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگانے کے لئے متعلقہ ہیلتھ اَتھارٹیوں نے دیہی علاقوں میں ضلع بھر میں جگہیں قائم کیں اور لوگوں کووِن ایپ پر اندراج کے بعد ٹیکے لگا سکتے ہیں۔یہ ٹیکے اِس عمر کے گروپ کو مفت میں دی جائیں گے۔ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مہلک انفیکشن سے محفوظ رہنے کے لئے خود کو جلد از جلد ٹیکے لگائیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اَپنے کنبے اور پورے معاشرے کی حفاظت کے لئے جلد از جلد کووِڈ مخالف ٹیکے لگائیں ۔
 

پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیرکاحل ناگزیرـ:قریشی

سرینگر//پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔سی این آئی کے مطابق پاکستان کے شہر ملتان میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی مکمل حمایت کرتی ہے اور کشمیریوں پرمظالم کی مذمت کر رہی ہے۔پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں کا جال بچھانے کے لئے ہر عالمی فورم کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کابنیادی حق ہے، کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ ہے، سول سوسائٹی کشمیرکی صورتحال پر آواز بلند کرے اور بھارتی مظالم پرعالمی برادری کی بھی خاموشی ختم ہونی چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جموں وکشمیرتنازعہ میں ایک فریق ہے، لاکھوں کشمیریوں کی جانیں رائیگاں نہیں جائیگی اور ہمیں یقین ہے کشمیریوں کیلئے حق خود ارادیت کا دن قریب ہے۔
 
 

کولگام پولیس نے مغوی لڑکی کو24گھنٹوں میں بازیاب کرایا

کولگام//کولگام میں پولیس نے اغواء کی گئی ایک لڑکی کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔جے کے این ایس خبررساں ایجنسی کے مطابق تھانہ کیموہ کولگام کو17جون کو ایک شخص نے تحریری طور شکایت کی کہ اُس کی بیٹی کو اعجازاحمدگنائی نے اغواء کیاہے۔شکایت موصول ہوتے ہیں پولیس نے ایک کیس زیرایف آر نمبر50/2021درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ایس ڈی پی او قاضی گنڈ کی نگرانی میں پولیس کی ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے مغوی لڑکی کو بازیاب کرکے اغواء کار کوحراست میں لیا۔پولیس کے مطابق تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر تفتیشی ٹیم نے لڑکی کویاری پورہ سے بازیاب کرالیا۔قانونی لوزمات پوراکرنے کے بعد لڑکی کو قانونی وارثین کے حوالے کیا گیا۔  
 

راجوری میں دریا سے معمر شہری کی لاش برآمد 

سرینگر//راجوری میں دریا سے ایک عدم شناخت معمر شہری کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ کے این ایس کے مطابق جمعہ کو لوگوں نے سارنو دریا میں ایک لاش کودیکھا۔ اس موقعہ پر لوگوںنے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس کی ٹیم نے  موقعہ پر پہنچ کرلاش کو اپنی تحویل میں لے کر شناخت کرنے کی کارروائی شروع کی ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ 
 

کشتواڑ میں پل کا ستون گرنے سے مزدور ہلاک، 3زخمی

سرینگر//کشتواڑ میںزیر تعمیر پُل کا ایک ستون گرنے سے ایک مزدور جاں بحق ہوگیا جبکہ تین دیگرمزدور زخمی ہوئے۔کے این ایس کے مطابق یانی ون میں دریائے مارو سدر پر ایک پل تعمیر کیا جارہا ہے۔جمعہ کو پل کا ایک ستون اچانک گر گیا جس کی زد میں آکر29سالہ شبیر احمد ولد غلام قادر ساکن دری بل تحصیل مغل لقمہ اجل بن گیا۔ حادثہ میں19سالہ زبیر احمد ولد شبیر احمد، 32سالہ عبدالرحمان ولد غلام راتھر اور 37سالہ فاروق احمد ولد غلام محی الدین راتھر ساکنان کیوٹھ دری بل چھاترو مغل میدان کشتواڑ زخمی ہوئے۔ 
 

129پولیس اہلکاروں کے حق میں1کروڑ22لاکھ کی امداد منظور

سرینگر//پولیس اہلکاروں کی بہبودی کے اقدام کے طور پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے 124 پولیس اہلکاروں کے حق میں قرضے کو منظوری دی ہے۔اس کے علاوہ بہبودی فنڈ سے پانچ ضرور ت مند اہلکاروں کے حق میں بھی امداد کو منظوری دی گئی۔1.22کروڑ روپے کی یہ امدادمرکزی پولیس بہبودی فنڈ سے ان حاجت مندپولیس اہلکاروں کے حق میں منظور کی گئی۔ 25پولیس اہلکاروں جو خود یا ان کے لواحقین مختلف بیماریوں کا علاج کرارہے ہیں،کے حق میں27لاکھ روپے کی امداد منظور کی گئی ۔اس کے علاوہ ڈیڑھ لاکھ روپے کی ویلفیئرریلیف  پانچ پولیس اہلکاروں کو فراہم کی گئی جنہیں اس کی ضرورت تھی۔
 

نوگام میں نابالغ لڑکی کو ہراساں کرنے والا گرفتار

ارشاداحمد
سرینگر//نوگام سرینگرمیں نابالغ لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزام میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ۔پولیس کے اعلی حکام نے بتایا کہ شالینہ کے مقامی شہری نے پولیس تھانہ نوگام میں تحریری شکایت درج کرائی کہ اس کی 9 سالہ بیٹی کے ساتھ شالینہ کے مقامی شخص عادل علی گنائی نے اسے جنسی طور پر ہراساں کیا۔پولیس نے شکایت کندہ کی تحریری درخواست پرکارروائی  کرتے ہوئے معاملے میں ملوث ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرلیا۔معاملے کی نسبت پولیس تھانہ نوگام میں کیس زیر نمبر 71/2021 زیر دفعہ 342 ، 376 آئی پی سی درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ 
 
 

قومی شاہراہ کے کنارے سفیدوں کے بوسیدہ درخت

 جانی ومالی نقصان کا خدشہ:جاوید بیگ

سرینگر//اپنی پارٹی ترجمان جاوید حسن بیگ نے قومی شاہراہ کے دونوں اطراف تباہ اور گر رہے سفیدوں کی وجہ سے مسافروں اور راہگیروں کو لاحق خطرات پر تشویش ظاہر کی ہے۔ ایک بیان میں جاوید بیگ نے کہاکہ نصف صدی سے زائد عمر کے سفیدے کے پیڑ خستہ حالت میں ہیں اور وہ کسی بھی وقت اچانک گِر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’حالیہ دنوں طوفانی ہواؤوں کی وجہ سے متعدد پیڑ گرگئے یا ٹوٹ گئے ہیں، متعدد ایسے واقعات پیش آئے ہیں جس سے املاک کا بھاری نقصان ہوا ہے‘‘۔ جاویدبیگ نے کہاکہ ایسے مردہ درخت کسی بھی وقت گر سکتے ہیں اور زیادہ تر بجلی کی ترسیلی لائنوں کے نزدیک ہیں، اگر اُس کی چندشاخیں یا ایک حصہ اُن پر گر جائے تو ڈھانچہ تباہ ہوسکتا ہے۔ ان پیڑوں کے گرنے کی وجہ سے بجلی کٹوتی اور شارٹ سرکٹ معمول بن گیا ہے اِس لئے حکومت کو چاہئے کہ ایسے سبھی حساس جگہوں پر پیڑوں کی شناخت کر کے اُنہیں وہاں سے ہٹانے کے لئے کوئی موثر طریقہ کار اختیار کیاجائے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ایسے تمام پیڑوں ،جوگھنے جنگلات کے اندر قدرتی طور گر گئے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ تباہ ہورہے ہیں ،کیلئے محکمہ جنگلات ایک پالیسی مرتب کرے اور اِن کو مارکیٹ میں پہنچایاجائے جس سے عمارتی لکڑی کی قیمتوں میں ہوئے اضافہ میں کمی ہوگی اور اِس سے ہرے اورجوان پیڑوں کی کٹائی پر روک لگے گی۔ انہوں نے کہاکہ اِن گرے پیڑوں کو فروخت کرنے سے مثبت تبدیلی ہوگی اور متعلقہ محکمہ کو اپنے ملازمین کو اجرتیں ادا کرنے میں آسانی ہوگی ، ساتھ ہی شجرکاری مہم بھی چلاسکیں گے۔
 

مئی اور جون کیلئے 5.5لیٹر تیل خاکی کی تقسیم 

سرینگر//محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری نے وادی کے صارفین کیلئے مئی اور جون کیلئے تیل خاکی کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ کے ناظم کے مطابق مئی اور جون 2021کیلئے PHH+AAYراشن کارڈ رکھنے والوں کو 5.5لیٹرتیل خاکی فی لیٹر 43.16روپے میں (ضلع سرینگر )فروخت ہوگا۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو کوئی شکایت ہو تو وہ ٹول فری نمبر 18001807011پر رابطہ کریں۔ 
 

کشمیر میں تیل خاکی کی تقسیم خوش آئند قدم:اپنی پارٹی

سرینگر//اپنی پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی نے کشمیر صوبہ میں مٹی کے تیل کی تقسیم کا مسئلہ حل کرنے پر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ فاروق اندربی نے کہاکہ وادی کے اطراف واکناف سے لوگوں کی شکایات تھیں کہ سرکاری ڈیپوؤں پر تیل ِ خاکی دستیاب نہیں جس وجہ سے عوام خاص طور سے دور دراز علاقوں میں رہنے والوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ’’ایک ہفتہ قبل اپنی پارٹی نے یہ معاملہ اُجاگر کرتے ہوئے فوری طور ازالہ کی گذارش کی تھی، لیفٹیننٹ گورنر کی نوٹس میں یہ معاملہ لایاگیاتھا اور آج ہماری کوششیں رنگ لائیں‘‘ ۔ محکمہ خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین نے مئی اور جون ماہ سے مٹی تیل کی تقسیم کا اعلان کیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر کی فوری مداخلت سے یہ عوامی مفاد کے اِس معاملہ کو حل کیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اب وافر مقدار میں تیل ِ خاکی کی ترسیلی یقینی بنے گی اور لوگوں کو مزید متاثر نہیں ہونا پڑے گا۔ 
 

کولگام میں منشیات ضبط،3سمگلرگرفتار

سرینگر//کولگام میں پولیس نے منشیات برآمد کرکے 3سمگلروں کو گرفتار کرلیا۔ ایس ڈی پی او قاضی گنڈ کی نگرانی میں پولیس تھانہ قاضی گنڈ کے اہلکاروں نے بونی گام کراسنگ پر ناکہ بٹھایا تھا۔ پولیس نے وہاں سے گزر رہے 3مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم انہوںنے فرار ہونے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنایا۔ریشو پال ساکن پٹھانکوٹ، جاوید احمد ڈار ساکنہ بونہ گام اورارشد احمد میر ساکن بڈگام کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا ۔سی این آئی کے مطابق گرفتار کئے گئے منشیات فروشوں سے 1کلوگرام خشخاش پوست، 50گرام ہیروین اور 25گرام چرس برآمد کیااور ان کیخلاف کیس درج کرلیا۔
 

 وبائی امراض کا آیور ویدک علاج

آرینز گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام ویبنار منعقد

سرینگر//آرینز گروپ آف کالجز راج پور چندی گڈھ کی طرف سے کل وبائی امراض کے دوران ، طلباء کو آیورویدک کے ذریعہ Immunity بڑھانے کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے ایک ویبنار کا اہتمام کیا گیا۔ آیورویدک اوتاران ، موہالی کے بانی اور سینئر ڈائٹ اینڈ لائف اسٹائل کنسلٹنٹ ڈاکٹر ریٹا بہل نے نرسنگ ، فارمیسی ، لاء ، انجینئرنگ ، مینجمنٹ ، بی ایڈ اور زراعت کے آریائی طلباء سے بات چیت کی۔  پروگرام کی صدارت آرئنز گروپ کے چیئرمین  ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے کی۔ڈاکٹر بہل نے طلباء  سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آیور وید ہماری صحت مند ، خوشگوار ، تناؤ سے پاک اور بیماریوں سے پاک زندگی گزارنے میں مدد دیتی ہے اورقدرتی ماد ے ، دوائیں اور جڑی بوٹیاں استعمال کرنے کی قدیم حکمت کے ساتھ ہمارے جدید طرز زندگی کو ملا دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے شعبوں میں یہ نظم و ضبط منفرد ہے کیونکہ اس میں بیماری اور مصائب کی وجوہات کو دور کرنے پر زور دیا جاتا ہے۔
 

معروف سیاسی شخصیت مشتاق احمد شاہ فوت

 ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کا اظہارِ تعزیت

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے بارہمولہ کی معروف سماجی شخصیت مشتاق احمد شاہ ساکن خواجہ باغ شیروانی کالونی بارہمولہ کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً مرحوم کے فرزند یاسر مشتاق شاہ، برادرِ نسبتی خواجہ یعقوب وانی سینئر پارٹی لیڈر اور شوکت احمد میر نیشنل کانفرنس صوبائی سکریٹری کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ٹیلی فون پر مرحوم سوگوران کی ڈھارس بندھائی اور تعزیت کی۔ پارٹی جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، اراکین پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر و ضلع صدر بارہمولہ جاوید احمد ڈار، ضلع سکریٹری غلام حسن راہی، ایڈوکیٹ شاہد علی شاہ، عبدالمجید آخون اور دیگر مقامی لیڈران نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ 
 

عوامی مجلس عمل کے کئی محبان فوت

میرواعظ کا اظہار تعزیت 

سرینگر//عوامی مجلس عمل نے تنظیم ،تحریک اور میرواعظ خاندان سے وابستہ کئی اہم اور سرکردہ شخصیات جن میں اسد اللہ مہرکن سکونت حول حال الہی باغ 90فٹ سرینگر، غلام نبی خان سکونت رحمانیہ کالونی بوٹہ کدل سرینگر،امیر الدین خان سکونت راتھر محلہ صورہ سرینگر، محمد ایوب خان سکونت برزلہ ، نثار احمد خان سکونت مغل مسجد حول، غلام رسول بٹ سکونت علمدار کالونی لال بازار سرینگر شامل ہیں ،کی وفات پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کو انکی تنظیمی اور سماجی خدمات کیلئے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسد اللہ مہرکن نہ صرف تنظیم کے بنیادی اراکین میں شامل تھے بلکہ بانی تنظیم شہید ملت کے ساتھ موصوف نے شانہ بشانہ تنظیمی اور تحریکی پروگراموںکو آگے بڑھانے میں قابل قدر خدمات انجام دیں ہیں۔تنظیم نے جملہ مرحومین کے خاندانوں ،مہرکن خاندان، خان خاندان، بٹ خاندان کے سوگواروں اور لواحقین کے تئیں دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نظر بند رکھے گئے سربراہ تنظیم میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے بھی تعزیت کی اور اللہ تبارک و تعالی سے مرحومین کی مغفرت، جنات نشینی اور جملہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
 

نئی بستی زنگل پورہ کولگام میں پانی کی قلت 

 سرینگر//نئی بستی زنگل پورہ کوگام میں پانی کی شدید قلت کے سبب لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ   2014 کے سیلاب کے بعد وہ اس کالونی میں رہائش پذیر ہوئے لیکن پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ گوناگوں پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔لوگوں کاکہنا ہے کہ چاہے گرمی ہو یا سردی، خواتین کو لمبی مسافت طے کرکے پانی لانا پڑتا ہے۔ لوگوں کاالزام ہے کہ متعلقہ محکمہ نے لوگوں کو اب تک پانی مہیا نہیں کیا ہے۔ لوگوں نے محکمہ جل شکتی سمیت ضلع انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے عوام کو پانی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔سی این ایس کے مطابق مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ کئی بار انہوں نے اعلیٰ حکام تک یہ بات پہنچائی اور متعدد مرتبہ دفاتر کے چکر بھی کاٹے تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ادھر متعلقہ محکمہ کے حکام کا کہنا کہ علاقہ میں پانی کی سہولیت کیلئے ٹینڈ ر نکالے گئے ہیں جس پر کام جاری ہے۔
 

مولانا احمد اللہ ہمدانی کا 84واں یوم وصال

20جون کو خانقاہ معلی میں تقریب منعقد ہوگی

سرینگر//جموںوکشمیر کے سرکردہ عالم دین ، مہاجر ملت اور مبلغ میر واعظ کشمیر مولانا احمد اللہ ہمدانی کا 84واںیوم وصال 9 ماہ ذی القعد اتوار بمطابق20جون کو عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اِس سلسلے میں تاریخی خانقاہ معلی میں کووڈ 19کیلئے وضع کئے گئے رہنما خطوط کے تحت ایک مختصر تقریب منعقد ہوگی ۔ اسی روز صبح میرواعظ منزل اور مختلف مساجد ، زیارتگاہوں اور خانقاہوں میں قرآن خوانی کی مجلس آراستہ ہوگی ۔ اس کے علاوہ نمازِ ظہر کے بعد مرحوم کے مقبرہ واقع خانقاہ معلی میں اجتماعی فاتحہ خوانی اور گلباری کی جائیگی۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے آر پار ریاست کے ایمہ مسجد،خانقاہوں اور زیارت گاہوں کے سجادہ نشین حضرات سے اپیل کی کہ وہ مرحوم کے حق میں کلمات اور دعائے مغفرت ادا کرے۔ 
 

عمر حمید  CEPC چیئرمین

 منتخب ہونے پر KCCIکی مبارکباد 

سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے معروف قالین برآمد کرنے والے عمر حمید کو کارپیٹ ایکسپورٹ پروموشن کونسل(CEPC)کا چیئرمین بننے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ کے سی سی آئی صدر شیخ عاشق احمد ، جو CEPCکے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبر ہیں، نے عمر حمید کو نئے عہدے پر مبادکباد دیتے ہوئے کہا کہ اُن کے کندھوں پر اب بہت ذمہ داری ہے۔ شیخ عاشق نے کہاکہ قالین صنعت زوال کی شکار ہے اور خاص کر دنیا بھر میں کووڈ 19 وبائی امراض کے دوران اس نے امیدکا اظہار کیا کہ نیا چیئرمین اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس صنعت کو نئی اونچائیوں اور شاندار ماضی کی طرح لے جائینگے۔ کے سی سی آئی صدر نے کہا کہ عمر حمید ایک کشمیری ہونے کے ناطے کشمیر میں قالین صنعت سے وابستہ افراد کی مشکلات سے بخوبی واقف ہیں۔ 
 

ایوریسٹ کی چوٹی سر کرنے پر محفوظ الہیٰ کی تہنیت

سرینگر//ابن حقانی یوتھ فاونڈیشن نے کولگام ضلع سے تعلق رکھنے والے مہم جو محفوظ الہی کو ایوریسٹ کی چوٹی سر کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ کشمیری نوجوان کے اس جذبہ کو سلام پیش کرتے ہوئے فاونڈیشن کے جنوبی کشمیر زون کے صدر جاوید احمد اور ضلع صدر بڈگام شوکت احمد ملک و ضلع صدر بارہمولہ خورشید احمد نے کہا ہے کہ یہاں کے نوجوان تعلیم ، کھیل کود اور دیگر ہنروں میں یکتا اور ماہر ہیں ،اگر ان کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع نصیب ہو تو وہ ہر میدان میں آگے نکل سکتے ہیں۔انہوںنے کاکہا کہ یہ سارے کشمیر خصوصاً کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والوں کے لئے ایک قابل فخر لمحہ ہے ایسے مہم جو بہادر نوجوانوں کی سخت محنت اور لگن قابل تعریف ہے ۔ انکا یہ کارنامہ واقعی خصوصی نوعیت کا حامل ہے ۔
 

ڈائریکٹر جنرل ہارٹیکلچرکے طور ترقی 

 اعجاز احمد بٹ کو زرعی تنظیموں اور باغ مالکان کی مبارکباد 

سرینگر//ڈائریکٹر ہاٹی کلچر اعجاز احمد بٹ کو ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات کرنے کا سبھی فروٹ گروروس ایسو سی ایشن نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اعجاز احمد کی سربراہی میں محکمہ نے دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کی۔ جمعرات کے روز جموںوکشمیر انتظامیہ نے ایک اہم فیصلے کے تحت ڈائریکٹر ہارٹی کلچر اعجاز احمد بٹ کو ترقی دے کر اس کو ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر ترقی دی ۔ فوڈ پروسیسرس ایسوی ایشن کے صدرمحمد اشفاق چودھری نے اعجاز احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی سربراہی میں محکمہ نے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اعجاز احمد ایسے آفیسر ہے جس نے اپنے دروازے ہمیشہ لوگوں کیلئے کھلے رکھے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر پانچل اگرو فروش حاجی محمد شعبان بٹ نے بھی اعجاز احمد بٹ کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اعجاز احمد ایسے انسان ہے جس نے فروٹ کاروبار سے جڑے سبھی لوگوں کے مسائل حل کئے ہیں اور آج سرکار نے انہیں اس کا صلہ عطار کیا۔ ہاٹی کلچر نان گزیٹیڈ ایمپلائز ایسو سی ایشن کے ریاستی صدر فیاض احمد بٹ نے بھی اعجاز احمد کے کام کاج کو سراہتے ہوئے کہاکہ ان کی سربراہی میں محکمہ نے نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سرکار کی جانب سے اعجاز احمد کو ڈائریکٹر جنرل کے بطور ترقی دینا سراہنا کے قابل ہے۔ النور اگری فرش لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر بشیر احمد بٹ ، پالم ایسو سیا یشن راولپورہ کے صدر نے بھی اعجاز احمد کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کی سربراہی میں ہاٹی کلچر محکمہ نے نئی بلندیوں کو چھوا ہے ۔
 
 

تازہ ترین