رافیل نڈال نے ٹوکیو اولمپک اور ومبلڈن سے نام واپس لیا

تاریخ    19 جون 2021 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی؍ٹینس کے اسٹار کھلاڑی اور 20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم فاتح رافیل نڈال نے اس سال ومبلڈن میں ہونے والی چیمپئن شپ اور ٹوکیو میں اولمپک گیمزسے اپنا نام واپس لے لیا ہے ۔ نڈال نے بتایا کہ ان کے لئے یہ آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن فرنچ اوپن کھیلنے کے بعد انہوں نے آرام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس طرح نڈال دونوں بڑے ٹورنامنٹ میں نہیں کھیلیں گے ۔انہوں نے سوشل میڈیا میں بتایا کہ میں نے اس سال ومبلڈن میں ہونے والی چیمپئن شپ اور ٹوکیو میں اولمپکس گیمس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ بالکل بھی آسان نہیں تھا لیکن میرے جسم کی حالت کو دیکھتے ہوئے اپنی ٹیم سے بات چیت کے بعد میں میں نے یہ مشکل فیصلہ کیا۔ اولمپک گیمز اس سال 23 جولائی سے 8 اگست تک جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہوں گے ۔ جبکہ ومبلڈن کو اس سے پہلے ہونا ہے ۔ یہ سال کا تیسرا گرینڈ سلیم ہے جس کا انعقاد 28 جون سے 11 جولائی تک ہوگا۔ جبکہ سال کا آخری اور چوتھا گرینڈ سلیم یو ایس اوپن اگست میں ہونا ہے ۔ اس میں نڈال کھیلے گے یا نہیں ، ابھی صورتحال واضح نہیں ہے ۔ حال ہی میں ہوئے گرینڈ سلیم فرنچ اوپن میں نڈال سیمی فائنل میں شکست کھا کر باہر ہوئے تھے ۔ انہیں دنیا کے نمبر ایک مرد ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے شکست دی تھی۔ یواین آئی۔ 
 

تازہ ترین