سکمز صورہ میں بلیک فنگس کا پہلا کیس | 35سالہ خاتون متاثر،بائیں آنکھ کی روشنی چلی گئی

تاریخ    13 جون 2021 (38 : 12 AM)   


پرویز احمد
 سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میںبلیک فنگس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ جموں و کشمیر میں بلیک فنگس سے متاثر اور مشتبہ کیسوں کی تعداد 24ہوگئی ہے جن میں 4فوت اور 21ابھی زیر علاج ہیں۔ اس کے علاوہ بلیک فنگس کے پانچ مشتبہ مریضوں کی رپورٹیں ابھی آنا باقی ہیں۔ سکمز میں داخل ادھمپور کی 35سالہ خاتون میں بلیک فنگس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔سکمز میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ 4جون کو ادھمپور سے ایک 35سالہ خاتون کا داخلہ اسپتال میں ہوا جو حال ہی میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئی ہے‘‘۔سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ مذکورہ خاتون کی دونوں آنکھوں میں ورم ہے اور مریضہ کی بائیں آنکھ میں شدید درد تھا ‘‘۔ سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ آنکھوں میں ورم ہونے کے بعد خاتون کی ناک سے سبز رنگ کا مواد باہر آرہا تھا ۔ انکا کہنا تھا کہ خاتون ادھمپور کے ایک مقامی اسپتال میں زیر علاج تھی جہاں سے مزید علاج کیلئے چندی گڑھ گئی۔ سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر چندی گڑھ میں ڈاکٹروں نے خاتون کے دماغ کاایم آر آئی کرایا جس میں بلیک فنگس کی تصدیق ہوئی ہے لیکن علاج کے بائوجود خاتون کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی ۔سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ 4جون کو سکمز پہنچے پر ڈاکٹروں نے مریضہ کا دوبارہ ایم آر آئی کرایا جس میں ناک، آنکھ کے ڈھانچہ اور دماغ کا سامنے کا حصہ بلیک فنگس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’اسوقت مریضہ کی بائیں آنکھ زبردست متاثر ہے اور اسکی روشنی چلی گئی ہے۔ سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ ای این ٹی ماہرین نے مریضہ کا معائنہ کیا ہے اور بایئوپسی کیلئے بھی نمونے حاصل کئے گئے ہیں۔ سکمز میں شعبہ تعلقات عامہ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلثوم بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ سنیچر کو شعبہ نیورو سرجری اور ای این ٹی ماہر ڈاکٹر مریضہ کا معائنہ کرنے کے بعد آنکھ اورمتاثرہ حصہ کو باہر کرنے کا حتمی فیصلہ لیں گے‘‘۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق متاثرین میں 21جموں جبکہ 2کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ جموں صوبے کے 21متاثرین میں ضلع جموں میں 11 افراد وفنگس سے متاثر ہوئے جن میں 4مشتبہ اور7مصدقہ معاملات ہے۔ جموں ضلع کے 11متاثرین میں ایک فوت جبکہ 10زیر علاج ہیں۔ کٹھوعہ ضلع میں 5کیس سامنے آئے ہیں جن میں 3مشتبہ جبکہ 2کیس مصدقہ تھے اور وہ دونوں فوت ہوگئے۔ پونچھ میں ایک کیس سامنے آیا ہے اور وہ فوت ہوگئے ۔ ریاسی میںایک کیس سامنے آیا ہے اور وہ ابھی زیر علاج ہیں۔ادھمپور ضلع میں 3کیس سامنے آئے ہیں اور یہ دونوں زیر علاج ہیں۔ سانبہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے اور وہ مریض ابھی بھی زیر علاج ہیں۔کشمیر میں بلیک فنگس کے دونوں معاملات سرینگر میں سامنے آئے  ہیں۔ 
 

تازہ ترین