حج2021 | صرف سعودی زائرین کو اجازت مانٹیرنگ ڈیسک

تاریخ    13 جون 2021 (38 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک
جدہ //سعودی عرب نے کورونا کے باعث مسلسل دوسرے سال بھی حج کو سلطنت کے شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی وزرائے صحت و حج نے اعلان کیا کہ رواں سال مجموعی طور پر 60 ہزار شہریوں اور رہائش پذیر افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔بیان میں زور دیا گیا کہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند شخص کا کسی بھی لاعلاج مرض میں مبتلا نہ ہونا، عمر 18 سے 65 سال کے درمیان ہونا اور سعودی عرب کے ویکسی نیشن اقدامات کے مطابق ویکسینیٹڈ ہونا ضروری ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ 'یہ فیصلہ سلطنت کی جانب سے حج اور عمرے کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی مسلسل کوشش کی بنیاد پر کیا گیا ہے جبکہ انسانی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دی گئی ہے'۔واضح رہے کہ 23 مئی کو سعودی عرب نے سال 2021 کے حج کے لیے کورونا وبا کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اور شرائط کا اعلان کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ 18 سال سے زائد عمر کے 60 ہزار ملکی اور غیر ملکی عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث سعودی حکومت نے گزشتہ برس حج کو محدود رکھا تھا اور اس میں صرف 10 ہزار عازمین ہی شریک ہوئے تھے جو مملکت میں مقیم تھے۔
 

تازہ ترین