تازہ ترین

نیشنل کانفرنس جموں صوبے کا ورچیول اجلاس

حدبندی کے خلاف نہیں،لیکن طریقہ کار غلط:ڈاکٹر فاروق عبداللہ

تاریخ    10 جون 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//نیشنل کانفرنس حدبندی کے خلاف نہیں ہے لیکن اس کیلئے جو طریقہ کاراپنایا جارہا ہے،وہ صحیح نہیں ہے۔ اس بات کااظہار نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے صوبہ جموں کے ارکین کے ایک ورچیول اجلاس کے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہرصورت میں لوگوں کے مفادات کاتحفظ کرے گی اور ہم نے5اگست2019کے مرکزی حکومت کے فیصلوں کو عدالت عظمیٰ میں چیلینج کیا ہے اوراُمید ہے کہ وہاں آئین اور قانون کی بالادستی کو قائم رکھ کر جموں کشمیرکے عوام سے چھینے گئے جمہوری اور آئینی حقوق بحال کئے جائیں گے۔ ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے کہا کہ مغل روڈ سرینگر اور جموں دونوں خطوں کے درمیان شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے اور جموں سرینگر شاہراہ پر بہت زیادہ دبائو اور اس کے آئے روزبند رہنے کی وجہ سے یہ ضروری بن گیا ہے کہ مغل شاہراہ پر ساراسال ٹریفک کی آمد ورفت کے بحال رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے رکاوٹوں کو دورکیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ جموں اور پونچھ کے درمیان ریل رابطہ بہت ضروری ہے اور اس کیلئے نیشنل کانفرنس نے پہلے ہی پارلیمنٹ میں یہ معاملہ اُٹھایاہے ۔کووِڈ- 19کے پھیلائوں اور اس کے تباہ کاریوں پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوام پرزوردیا کہ وہ ٹیکہ کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اجلاس میں پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کارکنوں پرزوردیا کہ وہ جموں میں پارٹی کومضبوط بنانے کیلئے کام کریں۔ ورچیول اجلاس میں پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور صدرِ صوبہ جموں دیوندر سنگھ رانا کے علاوہ صوبہ جموں کے سرکردہ لیڈران اور عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جموںوکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، کورونا وائرس سے پید شدہ حالات اور اس کے منفی اثرات کے علاوہ اقتصادی بدحالی ،تنظیمی امواراور پارٹی سرگرمیوں پربھی تبالہ خیال کیا گیا۔

تازہ ترین