تازہ ترین

ڈوڈہ میں دوسرے روز بھی کورونا کرفیو نافذ رہا

نجی کاروباری ادارے و ٹریفک نظام معطل رہا ،سبزی فروش مالی مشکلات سے دوچار

تاریخ    10 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں مسلسل دوسرے روز بھی کرونا کرفیو نافذ رہا جس دوران ایمرجنسی سروسز کو چھوڑ کر دیگر سبھی کاروباری ادارے بند رہے جبکہ ٹریفک نظام معطل رہا۔ اس دوران قصبہ ڈوڈہ کے ساتھ ساتھ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،عسر و گندوہ بھلیسہ میں پولیس و سیکورٹی فورسز کی نفری بھی تعینات رہی۔سیول سوسائٹی نے کرونا کرفیو کے دوران نجی گاڑیوں کی آمدورفت بحال رہنے پر تشویش ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ مسافر بردار گاڑیاں اگر چہ بند رہتی ہیں لیکن نجی گاڑیوں کی آمدورفت متواتر جاری رہتی ہے اور انہیں کسی قسم کی پوچھ تاچھ نہیں ہوتی ہے۔ اس دوران متعدد سبزی فروشوں نے آج دوسرے روز بھی کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کرونا کرفیو کے دوران انہیں مالی نقصان کاسامنا رہتا ہے۔جعفر حسین نامی ایک سبزی فروش نے کہا کہ سبزیاں و پھل مہنگے داموں میں خریدتے ہیں لیکن دن بھر دوکانیں بند رہنے سے بڑی تعداد میں سبزیاں و پھل خراب ہو رہے ہیں اور انہیں مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے ان کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔