تازہ ترین

کوروناکرفیو سے دوسرے روز بھی بازاروں میں سناٹا

تاریخ    10 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


عاصف بٹ
کشتواڑ//کورونا کرفیو سے ایتوار کو بھی ضلع کے سبھی علاقوں میں بندشیں عاید رہیں جسکے سبب عام زندگی متاثر رہی جس دوران دوکانیں ، تجاراتی مراکز ،ٹرانسپورٹ مکمل بند رہااور لوگ کی بڑی آبادی گھروں میں ہی محدود ہوکررہ گئی جبکہ صرف ضروری خدمات کیلئے ہی لوگوں کو اجازت دی گئی۔ جہاں صبح سات بجے سے دس بجے تک سبزی، دودھ و گوشت کی دوکانیں کھلی رہیں تاہم بازاروں میں دوسرے روز بھی بڑی کم تعداد میں دوکانیں کھلیں جبکہ لوگوں کی آواجاہی بھی بہت کم دیکھی گئی۔ ادویات کی دوکانیں دن بھر کھلی رہیں جبکہ ضروری کاموں کیلئے ہی لوگوں نے بازار کارخ کیا۔ جگہ جگہ پولیس و پیرا ملٹری فورس کو تعینات کیا گیاتھا جو ہر آنے و جانے والی گاڑیوں کی پوچھ تاچھ کے بعد ہی انھیں جانے کی اجازت دے رہے تھے۔قصبہ کے ساتھ دیگر علاقہ جات جن میں چھاترو ، مغل میدان، پاڈر ، ٹھکرائی ، درابشالہ و بونجواہ میں  بھی کورونا کرفیو کا نفاد عمل میں لایا گیاتھا جس دوران تمام تر تجارتی مراکز بند رہے۔ قصبہ کے گردنواح میں دوکانداروں کی جانب سے پورے دن دکان کھلے رکھنے کی اطلاعات ملیں جبکہ ان پر لوگوں کی بھاری بھیڑ بھی دیکھی جارہی ہے ۔مقامی دوکانداروں نے بتایا کہ اگر وہ انتظامیہ کی طرف سے جاری کئے گئے حکمناموں پر عمل پیرا ہوتے ہیں تو کیونکر دیگر دوکانداد اسکی خلافورزی کرتے ہیں ،پولیس کو انکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانی چاہئے۔