تازہ ترین

بانہال میں کووڈ کے بڑھتے معاملات،ڈپٹی کمشنر رام بن کا دورہ بانہال

دوسری لہر میں ضلع رام بن میں چودہ افراد لقمہ اجل، عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل

تاریخ    10 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال // کووڈ انیس کی وبا سے متاثرین کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے اتوار کوبانہال کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ہربنس شرما، ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس اور ڈی ڈی سی کونسلر بانہال امتیاز احمد کھانڈے بھی تھے۔ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت نے بانہال میں زیر تعمیر ہسپتال عمارت میں کووڈانیس مریضوں کیلئے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا اور بلاک میڈیکل افسر بانہال ڈاکٹر رابعیہ خان سے تفصیلی جانکاری لی۔ انہوں نے کسکوٹ اور عشر کے علاقوں کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مسرت الاسلام نے بتایا کہ ضلع رام بن میں سب سے زیادہ کووڈانیس مثبت کیسوں کی تعداد سب ڈویڑن بانہال سے آرہی ہے اور اس کیلئے یہاں زیر تعمیر ہسپتال عمارت میں پچاس بیڈوں کا انتظام کیا گیا ہے اور اس کیلئے پانی اور بجلی کا کنکشن مہیا کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میری ترجیحات میں تھا کہ بانہال ہسپتال کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور امید ہے کہ اسے عوام کے نام وقف کرنے کے بعد اس ہسپتال کو تمام سہولیات اور سٹاف سے مزین کیا جائے گا تاکہ بانہال کے لوگوں کو اننت ناگ اور دیگر ہسپتالوں میں منتقل نہ کیا جائے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووڈ رہنما اصولوں کی پاسداری کریں اور کووڈ ویکسین لگانے کیلئے انتظامیہ کا بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن میں کورونا کی دوسری لہر میں ابتک چودہ افراد لقمہ اجل بنے ہیں اور مرنے والوں میں سے بیشتر نے ویکسین نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بانہال اور ضلع رام بن کے باقی علاقوں میں لاک ڈاؤن کا نفاذ سختی سے عملایا جارہا ہے اور اتوار کے روز لاک ڈاؤن کی خلاف روزی کی پاداش میں کئی افراد کے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال کے تین علاقے اب تک containment  زون قرار دیئے گئے ہیں اور جمعہ کی شام سے پیر کی صبح تک لاک ڈاؤن اور رات کا کرفیو بھی جاری ہے۔