تازہ ترین

کورونا کی بے قابو لہر برقرار| 54فوت، متاثرین دوسری مرتبہ 5000کے پار

متوفین کی مجموعی تعداد 2700 سے زائد،جموں صوبے میں متاثرین 83ہزار

تاریخ    10 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
  سرینگر //جموں و کشمیر میں مزید 54افراد وائرس سے فوت ہوگئے ۔ ان میں 32جموں جبکہ 22کشمیر کے مختلف اسپتالوں میں زندگی کی جنگ ہار گئے ۔ اس طرح متوفین کی تعداد 2700کے پار ہو کر 2726تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران 98سفر کرنے والوں سمیت مزید 5190افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔اس سے قبل 7مئی کو 5443مثبت کیسز سامنے آئے تھے۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 16ہزار932ہوگئی ہے۔ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے41ہزار447ٹیسٹ کئے گئے جن میں 5190افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 1770 جموں جبکہ 3420کشمیر سے تعلق رکھنے ہیں ۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 3420متاثرین میں 32بیرون ریاستوں اور ممالک سے کشمیر پہنچے جبکہ 3400افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ تازہ متاثرین میں سرینگر میں 920، بارہمولہ میں 450،  بڈگام میں 508،  پلوامہ میں 158، کپوارہ میں277، اننت ناگ میں 415،  بانڈی پور میں 85، گاندربل میں 135، کولگام میں 281اور  شوپیان میں 187افراد شامل ہیں۔کشمیر صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 33ہزار 900ہوگئی ہے۔ اس دوران مزید 22 افراد وائرس سے فوت ہوگئے اور کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 1533تک پہنچ گئی ہے۔ اتوار کو فوت ہونے والوں میں علی جان روڑ صورہ کا 80سالہ معمر شخص،  سنگین دروازہ حول کا 60سالہ شخص،  راج باغ کی 83سالہ معمر خاتون،  بمنہ کا 75سالہ معمر شخص، حیدر پورہ کی 80سالہ معمر خاتون ، گلاب باغ کی 80سالہ معمر کاتون ، ملی شاہ باغ گاندربل کی 80سالہ خاتون ، مٹن اننت ناگ میں تعینات 50سالہ سی آر پی ایف اہلکار، راج باغ کا 46سالہ شخص، نیو تھید ہارون کی 58سالہ خاتون، چاڈورہ کا 55سالہ شخص،  اور لکٹی پورہ اننت ناگ کا 55سالہ شخص شامل ہے۔ جموں صوبے میں اتوار کو مزید 1770افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 78افراد بیرون ریاستوں اور ممالک سے سفر کرنے کے بعد جموں پہنچے جبکہ 1692افراد مقامی سطح پر وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے متاثرین میں ضلع جموں میں 658،  ادھمپور میں 179، راجوری میں 211، ڈوڈہ میں 30، کٹھوعہ میں 252، سانبہ میں 138، کشتواڑ میں 32، پونچھ میں 74، رام بن میں 70 اور ریاسی میں 126شامل ہیں۔جموں صوبے میں مزید 32افراد کو وائرس نگل گیا ہے ۔ مرنے والوں میں جی ایم سی جموں میں 18، جی ایم سی راجوری میں 4،  جی ایم سی کٹھوعہ میں ایک، سی ڈی اسپتال جموں میں ایک، ضلع اسپتال ادھمپور میں ایک، زچگی اسپتال جموں میں ایک، ای ایم سی امرتسر میں ایک، ایس ایم وی ڈی این ایچ میں ایک جبکہ 4افراد گھروں میں ہی فوت ہوئے ہیں۔ جموں صوبے متوفین کی مجموعی تعداد 1171ہوگئی ہے جبکہ صوبے میں متاثرین کی تعداد 83ہزار کا ہندسہ پار کرکے 83032ہوگئی ہے۔