تازہ ترین

رام بن ہسپتال میں کووڈمثبت حاملہ خاتون کی زچگی

جراحی کے بعد زچہ و بچہ صحت مند، نوزائید کا ٹیسٹ منفی آیا

تاریخ    9 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال// ضلع ہسپتال رام بن میں داخل کی گئی ایک حاملہ خاتون کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے کے بعد اسے آپریشن کے زریعے ڈیلیوری کرائی گئی ہے اور بچہ اور زچہ صحتمند ہیں۔ ڈیلیوری کے بعد ڈاکٹروں نے نوزائیدہ بچے کا بھی (آر اے ٹی) ٹیسٹ کرایا جو منفی آیا ہے۔ مثبت آئی حاملہ خاتون کا یہ اوپریشن ڈاکٹر عصمت بشیر رونیال اور ان کی ٹیم نے انجام دیا جس میں کووڈ کے رہنما اصولوں کی مکمل پاسداری کی گئی۔ خاتون مریضہ کی شناخت تسلیمہ بیگم عمر 24 سال زوجہ عاشق علی ساکنہ سنگلدان کے طور کی گئی ہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلع ہسپتال رامبن ڈاکٹر عبدالحمید زرگر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ماں اور بچہ صحتیاب ہیں اور یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایسا آپریشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچے کا (آر اے ٹی) ٹیسٹ کروایا گیا جو منفی آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ماہر ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیم کے ذریعہ کروایا گیا تھا جس میں کووڈ پروٹوکل کا مکمل بندوبست رکھا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کہ شام کووڈانیس کیلئے مخصوص کئے گئے ٹراما ہسپتال رام بن کے آپریشن تھیٹر میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا آپریشن انجام دیا گیا۔واضح رہے کہ کووڈ کی پہلی لہر میں ڈاکٹر عصمت بشیر رونیال کے بڑے بھائی ڈاکٹر نوید بشیر رونیال سب ضلع ہسپتال بانہال میں تعینات تھے اور پچھلے سال نومبر کے مہینے میں سینکڑوں مریضوں کی جان بچاتے بچاتے ڈاکٹر نوید خود ہی اس وبائی بیماری میں کا شکار ہوئے اور لوگوں کی خدمات انجام دیتے دیتے خود ہی اس وبا سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ عام لوگوں اور مریضہ کے رشتہ داروں نے ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا ہے جس کی وجہ سے زچہ اور بچہ کو بچایا جاسکا ہے۔