تازہ ترین

خط بنام خالق کائنات

تاریخ    9 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


ڈاکٹر محمد یونس
ایسے ماحول میں جب پوری دنیا میں کرونا وائرس نے بربادی مچارکھی ہے میں خط لکھنے کی جرأت کر رہا ہوں، یہ جانتے ہوئے کہ آپ بڑے رحیم ہیں۔
میرے آقا ہم اہلیانِ کشمیر ایک عرصہ دراز سے ایک ایسی مصیبت کا سامنا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے یہ وادی گل پوش ایک بےڈول صحرا بن چکی ہے-
آپ کو پتہ ہی ہے کہ ہم کرونا جیسے خوفناک وائرس کے ساتھ مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں رکھتے - ماضی میں آپ نے ہم پر کرونا جیسے بہت سارے حکمران مسلط کر دیے ہیں جو ہماری رگوں سے سارا خون چوس چکے ہیں۔ ہماری رگوں میں کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے خون باقی نہیں-
جلا ہے جسم جہاں، دل بھی جل گیا ہوگا
کریدتے ہو جو اب راکھ جستجو کیا ہے
 آپ سے استدعا ہے کہ ہم خاکساروں کو بخش دیں - بے شک ہم آپ کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو نبھانے میں ناکام رہے ہیں،بیشک ہم نے آپ کے بتائے ہوئے اصولوں کو فراموش کیا ہے لیکن اے زمین و آسماں کے مالک ہم پر رحم فرما ہم کمزوروں کو کسی آزمائش میں نہ ڈال-
دیکھ کر رنگِ فنا خونِ جگر پینا پڑا 
زندگی سے سخت گھبرایا مگر جینا پڑا
یہ بات بھی سچ ہے کہ ہماری اس وادی میں ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو آپ سے بے پرواہ ہو کر ناجائز منافع خوری میں لگے ہوئے ہیں- آپ سے ہماری دعا ہے کہ ان لوگوں کو صحیح راہ پر ڈال کر اس سرزمين  سے کرونا کا انخلاء کر دے-
عرش والے آبرو  میری  سلامت رکھنا
فرش پہ میں بس تیرے آسرے پہ جیتا ہوں
ہم لوگ اپنی فریاد لے کر جائیں تو کہاں جائیں۔ ہم آپ ہی سے مانگتے ہیں، آپ ہی کو پوجتے ہیں اور آپ ہی کے سہارے زندہ ہیں- ہماری اُمید آپ۔ ہماری امنگ آپ- ہمارا مرنا آپ اور ہمارا جینا آپ- اگرچہ ہمارا دعویٰ زبانی ہی سہی مگر ہمیں امید ہے کہ اس زمین سے اٹھی ہوئی آہوں کو آپ کے دربار میں نظر انداز نہیں کیا جائے گا-
آپ کو پتہ ہی ہے کہ پچھلے دو تین سال سے یہاں زندگی مفلوج پڑی ہے- ہماری اقتصادی حالت ابتر ہے- ہم خستہ ہوچکے ہیں -آپ ہی ہیں جس پر ہمیں اعتماد ہے- ہمیں توقع ہے کہ آپ کرونا کو یہاں زیادہ دیر تک ٹکنے نہیں دیں گے، ورنہ یہ بات عیاں ہے کہ
"حوصلے وہ نہ رہے دل نہ رہا ہم نہ رہے"
اگرچہ ہم گنہگار ہی سہی , خطاکار ہی سہی مگر ان سخت ترین حالات میں ہم آپ کا ہی دامن پکڑے ہوئے ہیں- ہمیں امید ہے کہ آپ کی نظر کرم ہم مظلوموں پر بھی عنایت ہو گی-
خیال آتا ہے اکثر اے خدا کیا ہونے والاہے
قریب المرگ ہیں، ہم پر بھی کوئی رونے والاہے
آپ کی رحمت کا طلبگار
یونس
���
میڈکل آفیسر شوپیان بلاک،موبائل نمبر؛9622645253

تازہ ترین