تازہ ترین

نتھی پورہ سوپور میں خونریز معرکہ آرائی،2جنگجو جاں بحق

غیر ملکی جنگجودو کونسلروں اور پولیس اہلکار کی ہلاکت میںملوث تھا: پولیس

تاریخ    5 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


غلام محمد
سوپور//شمالی قصبہ سوپور کے نتھی پورہ علاقے میں ایک مسلح تصادم آرائی کے دوران 2جنگجو جاں بحق ہوئے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ان میں پچھلے ماہ دو کونسلروں کے حملے میں ملوث ایک غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مہلوک جنگجوئوں میں سے نے محض 2روز قبل ہتھیار اٹھائے تھے۔تاہم پولیس کی جانب سے جنگجوئوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق سی پہر ساڑھے 5بجے انہیں نتھی پورہ میں دو جنگجوئوں کی موجودگی کا علم ہوا جس کے فوراً بعد 22آر آر اور سی آر پی ایف کے علاوہ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے گائوں کا محاصرہ کیا اور اس سے قبل یہاں موجود جنگجو فرار ہونے کی کوشش کرتے، فورسز نے گائوں کے ارد گرد ناکہ بندی سخت کی تھی اور لوگوں کو گھروں میں بیٹھنے کیلئے کہا گیا۔پولیس نے بتایا کہ جنگجوئوں کو ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی گئی لیکن جواب میں جونہی علاقے میںتلاشی کارروائیاں شروع کر دی گئیں تو جنگجوئوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارورائی کی ۔ اسکے بعد طرفین کے درمیان کافی دیر تک گولیوں کا تبادلہ ہوتا رہا اور بعد میں دونوں جنگجو مارے گئے۔ادھر آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے بھی جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں ایک غیر ملکی جنگجو حمس عرف انصار علی بھی دیگر جنگجوئوںکے ساتھ محصور ہے ۔انہوں نے کہا کہ حماس گزشتہ دو سالوں سے سرگرم ہے جبکہ وہ مارچ میںسوپور میںہوئے میونسپل کونسلروں پر حملے میں بھی ملوث ہے جس میں دو کونسلروں اور ایک پولیس اہلکار کی موت واقع ہوئی تھی ۔مہلوک جنگجوئوں میں دو روز قبل ہتھیار اٹھانے والا وسیم احمد لون بھی شامل ہے۔اسکی گمشدگی دو روز قبل ہوئی تھی۔جھڑپ کے دوران ایک رہائشی مکان کو جزوی نقصان ہوا۔
 

تازہ ترین