تازہ ترین

قصبہ تھنہ منڈی میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ

تاریخ    4 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // ضلع راجوری میں کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کی جانب سے جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤکیا گیا تاکہ وائرس کے مزید پھیلا ئو کو کم کیاجاسکے ۔یاد رہے کہ تھنہ منڈی میں حالیہ دنوں میں کووڈ کے کئی مثبت معاملات سامنے آنے کے بعد تحصیل انتظامیہ نے پورے قصبہ میں سخت ترین احتیاطی اقداما ت کئے ہیں۔ اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی نے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی قصبہ کے متعدد مقامات پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا ہے ۔چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر نے بتایا کہ میونسپلٹی پچھلے سال کی طرح موجودہ دور میں پھر سے پورے قصبہ میںاویات کا چھڑکائو کر رہی ہے تاکہ عوام کو گندگی سے بچایا جاسکے۔موصوف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گورنمنٹ کی ہدایات کو مانتے ہوئے اپنے گھروں میں ہی رہیں اور سخت ضرورت پڑنے پر احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ماسک پہنیں ، سماجی دوری بنائے رکھیں، سینیٹائزرز کا استعمال کریں جبکہ بغیر ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی چین کو توڑنے کیلئے رہنما خطوط کی پاسداری از حد ضروری ہے۔ لہٰذا اس سلسلے میں تمام لوگ حکومتی ہدایات پر عمل پیرا ہو کر انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ ادھر تحصیلدار تھنہ منڈی محمود ریاض خان نے اپنے ایک حکم نامے میں کہا ہے کہ قصبہ کے تمام دکاندار اور دیگر کاروباری لوگوںکیلئے لازمی ہے کہ وہ اپنا کووڈ ٹیسٹ کروائیں۔انھوں نے مزید کہا کہ کووڈ رپورٹ منفی آنے کی صورت میں ہی ہر دکاندار کو دکان کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔