تازہ ترین

مزید خبرں

تاریخ    4 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


کپوارہ میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد

کپوارہ//کپوارہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نظیراحمد لون نے سوموار کو قصبے کے بازاروں کا معائنہ کرکے کرونا کرفیو کے نفاذ کاجائزہ لیا۔ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ نے مختلف ناکہ مقامات کا معائنہ کیااوروہاں تعینات عملے کے کام کاج کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے خود کرفیوکی خلاف ورزی کرنے والے کئی افراد پر جرمانہ عائد کیا۔اس موقعہ پر میونسپل اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسر بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس دوران کرفیوکی خلاف ورزی کرنے والوں سے 17100روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے عوام سے کہا کہ وہ غیر ضروری طور گھر سے باہر نکلنے سے پرہیز کریں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر مال  بشیراحمدبٹ بھی تھے۔
 
 
 

ریاسی کا مفرروملزم 33 برس بعد گرفتار

سرینگر//ریاسی میں پولیس نے قریب 33برس سے مفرور ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ گرفتار شدہ شخص کے خلاف عصمت ریزی کا کیس تھانے میں درج تھااور اس طویل عرصے سے وہ روپوشی کی زندگی گزاررہا تھا۔سی این آئی کے مطابق قانون کے ہاتھ لمبے ہوتے ہیں اور کوئی بھی مجرم قانون سے بچ نہیں سکتا ہے یہ بات ہر کسی پر زبان زدن ہے ۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے بطور ریاسی میں پولیس نے عصمت دری کے ایک مقدمے میں طویل عرصے سے مفرور مجرم کو گرفتار کیا ، جو پچھلے33 سال سے روپوش تھا۔ملزم غلام محمدعرف گولا ایس  کے خلاف عصمت دری کا کیس درج تھا تاہم وہ گذشتہ 33 سالوں سے روپوش تھا۔ مطلوب مجرم کوسرینگر شہر سے گرفتار کیا گیا ہے۔مذکورہ ملزم کے خلاف پولیس اسٹیشن مہور میں1988 میںایف آئی آر نمبر 52/1988بتاریخ8اپریل 1988زیر دفعات  ، 376 ، 109،366 آر پی سی کے تحت درج تھا تاہم وہ گذشتہ 33برسوں سے مسلسل جگہ اور شناخت تبدیل کرکے گرفتاری سے بچ رہا تھا۔ اس دوران پولیس کو سرینگر کے صفا کدل علاقے میں اس کی موجودگی کا پتہ چل گیا جس کے بعد ریاسی پولیس نے ایک پلان مرتب کیا اور سرینگر پولیس کی مدد سے اسے گرفتار کیا۔مذکورہ ملزم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ سرینگر کے علاوہ وادی کے مختلف اضلاع میں کام کرچکا ہے اور نام بدل بدل کر اپنا ٹھکانہ تبدیل کررہا تھا۔ 
 
 
 

خود روزگاراسکیمیں،وچی شوپیان میں بیداری کیمپ

شوپیان //ضلع انتظامیہ شوپیان نے آج وچی میں کووِڈ- 19سے بچائو سے متعلق رہنما خطوط کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے ایک بیداری کیمپ کا انعقاد کیا۔کیمپ کے دوران مقررین نے مختلف خودروزگاراسکیموں کی شرکاء کو جانکاری دی۔کیمپ کے دوران تمام لائن محکموں کے حکام موجودتھے اورانہوں نے ضلع میں ایسے جانکاری کیمپوں کا انعقادکرنے کیلئے شیڈول ترتیب دیا۔اس سے قبل ضلع کمشنرنے لائن محکموں کو ہدایت دی تھی کہ وہ تال میل کے ساتھ کام کرکے مستحق نوجوانوں کو ہی سپانسر کریں۔
 
 

وانگت کنگن میں ریچھ کے حملہ میں نوجوان لاپتہ

غلام نبی رینہ
کنگن//گذشتہ روز ہاپت نار ناراناگ کنگن میں ریچھ کے حملے میں لاپتہ نوجوان کی لاش آج دوسرے روز بھی برآمد نہیں ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق وسطی ضلع گاندربل کے ہاپت نار ناراناگ کنگن میں گذشتہ روز وانگت کنگن کے تین نوجوان مچھلی پکڑنے کے لئے ناراناگ روانہ ہوگئے جہاں  ایک ریچھ نے ان پر حملہ کیا جس دوران ایک نوجوان جاوید احمد لاپتہ ہوگیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آج دوسرے روز بھی مذکورہ نوجوان کی تلاش جاری تھی لیکن ابھی تک  نوجوان کو بازیاب نہیں کیا گیا ۔ایس ڈی پی او کنگن سعید یاسر قادری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ناراناگ سے ایک انسانی سر کو برآمد کرلیا گیا اور اس کو ایف ایس ایل لیبارٹری میں ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے بھیج دیا جائے گا۔ 
 
 

ایس ایس پی بڈگام نے پولیس لائنز کا معائنہ کیا

سرینگر//ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم نے ضلع پولیس لائنز بڈگام کا دورہ کیا اور کووڈ ۔19کے سلسلے میں تمام شعبوں کے کام کاج کا جائزہ لیا۔انہوںنے مختلف پولیس عملے پر زور دیا کہ وہ جاری کووڈ 19کے دوران زیادہ سے زیادہ خدمات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔انہوں نے ویکسی نیشن سنٹر کا بھی معائنہ کیا ۔انہوں نے بی ایم او بڈگام اور دیگر افسران پر زور دیا کہ 3روز کے اندر ویکسی نیشن  رفتار کو تیز کریں تاکہ تمام اہلکاروں کو ٹیکہ لگایا جاسکے ۔ کووڈ مثبت معاملات کے لئے ایک الگ ہال میں تمام ممکنہ سہولیات کو بہم رکھا جائے۔ انہوںنے ایم ٹی ، این جی اوز بلاک ، کوارٹر گارڈ ، اسٹورز و دیگریونٹوںکے معائنہ کے دوران نگران افسران اور تکنیکی عملے پر زور دیا کہ وہ جاری کووڈسے بچنے کیلئے پولیس اہلکاروں اور محکمہ کی ضروری خدمات کی فراہمی میں زیادہ لگن کے ساتھ کام کریں۔ 
 
 

شوپیان میں مارکیٹ چیکنگ 

قصورواردوکانداروں سے 6500روپئے کا جرمانہ وصول

 
شاہد ٹاک
 
 شوپیان//جنوبی ضلع شوپیان میں مارکیٹ چیکنگ کے دوران قصورواردوکانداروں سے 6500 روپئے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔عوام کی طرف سے قیمتوں اور سڑکوں پر قبضہ کرنے کی مسلسل شکایت کے بعدتحصیلدار شوپیان بلال احمد، ایگزیکٹیو انجینئرمیونسپل کمیٹی محمد اسماعیل، سیکرٹری اسداللہ اور دیگر متعلقہ محکموں کی ایک ٹیم نے قصبہ شوپیان میں مارکیٹ چیکنگ کے دوران سبزی فروشوں، مرغ فروشوں اور دوکانداروں سے موقع پر ہی6500روپے کاجرمانہ وصول کیا۔انہوں نے دوکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی دوکانوں کے باہرنرخ نامہ آویزان رکھیں تاکہ صارفین کو قیمتوں کے بارے میں جانکاری مل سکے۔اسکے علاوہ دکانداروں اور چھاپڑی فروشوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ پٹریوں پر قبضہ نہ کریں۔اس دوران تحصیلدار شوپیان بلال احمد نے لوگوں کو کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے رہنما خطوط پر عمل کرنے کی تاکید کی۔
 

حضرت علیؓ کے کارہائے نمایاں سے اسلامی تاریخ مزین:آغا حسن/مولانا قمی

سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے یوم شہادت امیرالمومنین حضرت علی ؑ پرمسلمانان عالم کو تعزیت پیش کرتے ہوئے عالم انسانیت کی امن و سلامتی اور اسلام کی سربلندی کیلئے دعا کی۔ایک بیان میں آغا حسن نے کہا کہ حضرت علی ؑ کے کارہائے نمایاں سے اسلامی تاریخ کے اوراق مزین ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں مجالس اور اجتماعات کے انعقاد کی کوئی گنجائش نہیںکیونکہ صورتحال روز بروز بد سے بد تر ہوتی جارہی ہے۔ لہٰذا تمام مومنین سے گزارش ہے کہ جسمانی فاصلے برقرار رکھ کر امیرالمومنینؑ کایوم شہادت اور شب ہائے قدر اپنے گھروں میں ہی انجام دیں۔دریں اثناء انجمن شرعی شیعیان کی QRT ٹیمیں بالخصوص علمائے دین پر مشتمل QRT ٹیم عوام الناس کو راحت پہنچانے کی حتی الامکان کوشش کررہی ہے۔عوام کسی بھی مدد کیلئے ہماری علماء QRT ٹیم سے ہمہ وقت رابطہ کرسکتی ہے۔اس دوران پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے یوم شہادت امیر المومنین حضرت علی ؑکے موقعہ تمام عالم بشریت بالخصوص امت مسلمہ کو تعزیت پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً چودہ سو برس قبل آج ہی کے دن حضرت علی ؑ کو حالت نماز میں شہید کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت علی ؑ کی شان اور عظمت بیان کرنا بس کی بات نہیں لیکن مجموعی طور پر کہا جاسکتا ہے کہ حضرت علی ؑ کی سیرت عالم بشریت کے لئے نمونہ عمل ہے۔مولانا قمی نے شب ہائے قدر کو زندگی سنوارنے کا بہترین موقعہ قرار دیا لہٰذا اس موقعہ کو کسی بھی صورت میں گنوانا نہیں چاہئے۔ انہوں نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ مقدس ایام و شب ہائے قدر میں امت مسلمہ کی کامیابی اور دنیا کو کورونا وباء سے نجات دلانے کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں ۔
 

یوم فتحہ مکہ

نیشنل کانفرنس ،جمعیت ہمدانیہ ، حقانی ٹرسٹ اور علمائے احناف کی مبارکباد 

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی اورحقانی ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے یوم فتح مکہ پر مسلمانانِ عالم خاصکر جموں وکشمیر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔نیشنل کانفرنس نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے یوم فتح کے موقعہ پر پیغمبر آخرزمانؐ کو جو کامیابی اور کامرانی عطا کی،وہ تاریخ اسلام میں ایک سنہری باب ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے اس مقدس دن پر جموںوکشمیر کی خوشحالی اور عالم اسلام کی فتح و نصرت کیلئے دعا کی اور اپیل کی موجودہ عالم گیر وبا سے نجات کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔  جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتح مکہ کی عظیم کامیابی اورکامرانی کی تقریب پر اسلامی لشکر نے جس عدل وانصاف ، مساوات کا مظاہرہ کیا تاقیامت وہ دنیا کے حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ مولانا شوکت حسین کینگ اور مولانا خورشید احمد قانونگو نے بھی یوم فتح مکہ پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ۔حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی فتح سے اسلام کی عالم گیر ترویج واشاعت کی راہیں ہموار ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت محمدؐ نے (فتح مکہ کے موقع پر) جو حکمت عملی اختیار کی، وہ انسانی تاریخ کا روشن  باب ہے۔ انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے فتح مکہ کے موقعہ پر عالم اسلام بالخصوص جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے فرزندان توحید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتح مکہ کا واقعہ عالم انسانیت کیلئے ایک ایسا سبق ہے،جس کی پیروی کرتے ہوئے آج کے مادی پرست دنیا میں بھی جہاں نفسی نفسی کا عالم ہے، انسانیت کا پرچم بلند ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فتح مکہ کے موقعہ کے پر پیغمبر آخر الزماں حضرت محمدؐنے عالم انسانیت کو یہ سبق دیا کہ انسانوں کی خطائوں کو معاف کرنے سے قوموں کی تعمیر ہوتی ہے۔
 
 

کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے پیشگی تیاریاں کی جائیں

اپنی پارٹی لیڈر کی ضلع انتظامیہ اننت ناگ سے گذارش

 
سرینگر//اپنی پارٹی ضلع صدر اننت ناگ عبدلرحیم راتھر نے پیر کو جموں وکشمیر میں کووڈکے بڑھتے معاملات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ایک بیان میں راتھر نے کہاکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال بد سے بدترہوتی جارہی ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ سے گذارش کی کہ ضلع اننت ناگ میںصورتحال بھیانک ہے اورلازمی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کے لئے یہ اہم وقت ہے کہ محکمہ صحت کے ساتھ مل کر زمینی صورتحال کا جائزہ لیاجائے اور اننت ناگ کے اندر کووڈ19کی شدت کو روکنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ آکسیجن تیار کرنے والے پلانٹ بلاخلل فعال بنائے جائیں تاکہ کسی بھی مریض کو آکسیجن کی کمی نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ ضلع کے اندر مناسب آکسیجن سپلائی کرے ، اس کے علاوہ سب ضلع اسپتال کوکرناگ میں مزید ایک پلانٹ نصب کرنے کی ضرورت ہے۔
 
 
 

نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وادی کے معروف تاجر عبدالقیوم شاہ ساکن راج باغ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے اس سانحہ ارتحال پر پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کیساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء پارٹی قیادت نے غلام رسول کار کے داماد ڈاکٹر مصطفی اسلم ساکن رالپورہ کے انتقال پر بھی دکھ کا اظہار کیا اور اُن کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، سینئر پارٹی لیڈران ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، جاوید احمد ڈار، محمد اشرف گنائی نے بھی سوگوار خاندانوں کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ 
 

 کا نثار احمد کمرازی کے انتقال پر پراظہارتعزیت FCIK

سریگر//فیڈریشن چیمبر آف انڈسٹریزکشمیر (ایف سی آئی کے) نے نثار احمد نجار (کمرازی) کے انتقال پرسوگوار کنبہ کے ساتھ دلی تعزیت اور انڈسٹریل اسٹیٹ سوپور سے تعزیت کی ہے۔موصوف FCIK کے ایگزیکٹو کونسل کے رکن رہ چکے ہیں۔اس سلسلے میں ایف سی آئی کے کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت شاہدکاملی نے کی ۔ اجلاس میں مرحوم کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ایف سی آئی کے جنرل سکریٹری اویس قادرنے کہا کہ’ ہم اس موقع پر اس غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ سے دعا ہے کہ وہ ان کے کنبہ اور انڈسٹرئل اسٹیٹ سوپور کو صبر اور ہمت عطا کرے ۔اس دوران سی پی آئی (ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے سوپور کے ٹریڈ یونین کارکن نثار احمد کمرازی کے غیر وقتی انتقال پر غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، جس نے گذشتہ روز سکمز سرینگر میں آخری سانس لی۔
 
 
 

جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کے نئے عہدیدار نامزد

سرینگر// جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر جی این شاہین نے پیر کو پارٹی عہدیداروں کو نامزد کیا۔جی این شاہین نے بتایا کہ پارٹی کی ورچول میٹنگ کے دوران لیڈروں کو عہدے تفویض کئے ۔ بیان کے مطابق غلام نبی ڈار کو پارٹی کا نائب صدر نامزد کیا گیا جبکہ مرزا سجاد حسین بیگ کو جنرل سیکریٹری،ناگیش سرما کو قائمقام صوبائی صدر جموں، مدثر گنائی کو جموں کشمیر کا یوتھ صدر،عاشق حسین گنائی کو جنرل سیکریٹری،انعام حسین کو سیکریٹری نامزد کیا گیا گیا۔شاہین نے بتایا کہ دیگر عہداروں کو بعد میں نامزد کیا جائے گا۔
 
 

مراز ادبی سنگم کا معروف شاعر مقبول ندیم کو خراج عقیدت

اننت ناگ //مراز ادبی سنگم کی طرف سے وادی کے معروف شاعر مقبول ندیم کے انتقال پر ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیاجس کی صدارت تنظیم کے سرپرست غلام نبی آتش نے کی۔انہوں نے موصوف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال سے کشمیر میں اردو زبان کو بہت بڑا نقصان پہنچا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبول ندیم نے روایت سے انحراف کرتے ہوئے اپنے اشعار میں نادر موضوعات کا استعمال کیا ۔اقبال انجم نے ان کے انتقال کو اردو زبان کیلئے بہت بڑا نقصان قرار دیا۔ کلیم بشیر نے کہا کہ موصوف کے اشعارمیں مختلف  نئے موضوعات ملتے ہیں جو روایت سے انحراف کے طور پر بھی نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ یوسف جہانگیر نے کہا کہ اُن کی شاعری میں شدت کا پہلو نمایاں ہے وہ زندگی سے وابستہ مسائل کو نہ صرف دقیق نظر سے دیکھتے ہیں بلکہ اس پر غور و فکر بھی کرتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد شفیع ایاز نے کہا کہ مقبول ندیم زبان و بیان کے اعتبار سے ایک منجھے ہوئے شاعر تھے ان کی شاعری میں تمام تر خوبیاں موجود ہیں جو ایک بڑے شاعر میں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے غیر مطبوعہ کلام کو شائع کرنے میں مراز ادبی سنگم کے منتظمین کو ان کے فرزند اقبال ندیم کو ہر ممکن معاونت کرنی چاہئے۔تعزیتی اجلاس کے اختتام پر مقبول ندیم کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اجلاس میں ڈاکٹر شیدا حسین شیدا، مشروع نصیب آبادی، نادر احسن اور نثار ندیم نے بھی شرکت کی۔