تازہ ترین

ترنمول کی جیت سیکولرطاقتوں کی فتح:نیشنل کانفرنس

تاریخ    4 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


 سرینگر// نیشنل کانفرنس کے اراکین پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون اور جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے مغربی بنگال کے اسمبلی الیکشن میں عوام مقبول، عوام نواز اور عوام دوست سیکولر جماعت ترنمول کانگریس کی شاندار جیت پر بنگال کے عوام اور ممتا بینرجی کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیت بھارت کی سیکولر طاقتوں کی جیت ہے ۔ ترنمول کانگریس نے جس طرح سے دھونس و دبائو اور نوٹ کے بدلے ووٹ کے سخت چیلنج کا سامنا کرکے جو شاندار کامیابی حاصل کی ہے وہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں تحریر کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بنگال کے عوام نے اپنی شیر دل لیڈر کو جو منڈیٹ تفویض کیا اس کے لئے وہ مبارک کے مستحق ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ بنگال ، کیرالہ اور تمل ناڈو کے انتخابات میں ووٹروں نے جس طرح سے فرقہ پرستوں کی سبھی ریشہ دوانیاں ناکام بنادی اُس سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ عوام ہی طاقت کا سرچشمہ ہے اور سرداری عوام کا حق ہے۔ اسی دوران پارٹی خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس، سینئر لیڈرسکینہ ایتو، صدرِ صوبہ خواتین ونگ جموں ستونت کور ڈوگرہ، صدرِ صوبہ خواتین ونگ کشمیر انجینئر صبیہ قادری اور ترجمان سارا حیات شاہ نے بھی ترنمول کانگریس کی شاندار جیت پر ممتا بینرجی کو مبارکباد پیش کی ہے۔