تازہ ترین

غیرقانونی کان کنی

بارہ مولہ،کپوارہ اور بانڈی پورہ میں 17گرفتار،20گاڑیاں ضبط

تاریخ    4 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


عازم جان
بانڈی پورہ+کپوارہ// بارہ مولہ،کپوارہ اور بانڈی پورہ میں غیرقانونی کان کنی پرروک لگانے کی کارروائیوں کے دوران دس افراد گرفتار کئے گئے جبکہ بیس گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر کپوارہ کی ہدایت پرجیالوجی اینڈ مائننگ محکمہ کے ضلع افسر ممتازاحمدشاہ نے نالہ ماور پر کئی مقامات پر چھاپہ ماراتاکہ معدنیات کی غیرقانونی کان کنی پر روک لگائی جاسکے ۔چھاپہ کے دوران ضلع کان کنی افسر نے سات ٹپراور تین ٹریکٹر ضبط کئے جونالہ سے غیر قانونی طور ریت اور باجری نکال کرلیجارہے تھے اور ان گاڑیوں کو پولیس تھانہ لنگیٹ کے حوالے کیا۔اس موقعہ پرضلع کان کنی افسر نے خلاف ورزی کنند گان کو متنبہ کیا کہ وہ غیر قانونی طور کان کنی کرنے سے گریز کرے ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ادھربانڈی پورہ میں سول انتظامیہ نے غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف مہم جاری رکھتے ہوئے دس افراد کو گرفتار کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ اور ایس ایس پی پولیس کی نگرانی میں جیالوجی اینڈ مائننگ محکمہ کے اہلکاروں کے ساتھ ایک چھاپہ مار ٹیم نے صدرکوٹ بالا اجس میں دس افراد کو گرفتار کیا جوغیرقانونی طور پتھروں کی کان کنی کررہے تھے۔اس موقعہ پر تین گاڑیوں کو بھی ضبط کرکے باضابطہ کیس درج کیا گیا۔اس دوران بانڈی پورہ پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی طور ریت باجری نکالنے سے پرہیزکریں۔بارہ مولہ میں پولیس تھانہ کریری اور پولیس پوسٹ میر گنڈ نے سات افراد کوغیر قانونی کان کنی کے الزام میں دھر لیا اور6ٹریکٹر اور ایک جے سی بی ضبط کیاجواڈینہ بارہ مولہ میں خام مال نکالنے میں ملوث تھے ،انہیں پولیس تھانہ منتقل کرکے حراست میں رکھا گیا ہے۔