تازہ ترین

سرینگرمیں دربار مودفاتر کا کام کاج

صوبائی کمشنر نے انتظامات کاجائزہ لیا

تاریخ    4 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//وادی کے صوبائی کمشنر پی کے پولے ،نے 11مئی کو سرینگر میں دربار موسے وابستہ دفاتر کے کھل جانے کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران صوبائی کمشنر نے ناظم صحت کشمیر کو سول سیکریٹریٹ کے ملازمین کی مناسب جانچ ،ٹیسٹنگ اور ٹیکہ کاری کی سہولیات بہم رکھنے پرزوردیا۔اس دوران سرینگر کے ضلع کمشنر اعجازاسد،سرینگرمیونسپل کارپوریشن کے کمشنر اور محکموں کے صوبائی سربراہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی کمشنر نے تزئین اور تجدید کاری کے کاموں کا جائزہ لینے کے علاوہ دفاتر کے بلاخلل کام کرنے کو یقینی بنانے کیلئے ان کے گردونواح میںغلطیوں سے مبرا انتظامات کرنے کی تاکیدکی۔انہوں نے سڑکوں کی تیزتر مرمت،رنگ وروغن کرنے اور گڑھوں کووقت پر ٹھیک کرنے کی تلقین بھی کی۔ انہوں نے حفاظتی صورتحال کابھی جائزہ لیااور متعلقین کو سول سیکریٹریٹ کی دیوار کیYزاویوں والی تاربندی کرنے کی ہدایت دی۔ صوبائی کمشنر نے سول سیکریٹریٹ ملازمین کیلئے مناسب رہائشی اور ٹرانسپورٹ سہولیات کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے حکام کو سرینگر کوجازب نظر بنانے کے کاموں جن میں سڑکوں پر روشنیوں کیلئے برقی قمقموں کی تنصیب بھی شامل ہے،کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل پہنچانے کی ہدایت دی۔