تازہ ترین

طبی عملے کی کمی کا شاخسانہ

ریلوے سٹیشن بانہال جانچ مرکز بند

تاریخ    4 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال // وادی میں ریل گاڑی سے آنے والے مسافروں کیلئے ریلوے سٹیشن بانہال پر محکمہ صحت کی طرف سے قائم جانچ مرکز کو بند کردیا گیا ہے۔یوں روزانہ سینکڑوں لوگ بغیر کسی رکاوٹ کے وادی میں داخل ہورہے ہیں۔ ضلع انتظامیہ رام بن نے چند ہفتے قبل ریلوے سٹیشن بانہال پر مسافروں کو وادی کشمیر کا سفر طے کرنے کیلئے کوروناکا ٹیسٹ کرانا لازمی قرار دیا تھا اور مسافروں کو کووڈی ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ہی ریل  میں سفر کرنے کی اجازت دی جارہی تھی۔لیکن اب چند روز سے اس جانچ مرکز کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے اور مسافر بغیر کسی چیکنگ کے وادی جارہے ہیں۔  اس سلسلے میں بات کرنے پر بلاک میڈیکل افسر بانہال ڈاکٹر رابعیہ خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال بلاک میں طبی عملے کی کمی ہے اور بانہال کے کئی علاقے containment زون کے زمرے میں آنے کی وجہ سے ملازمین پر سخت دبائو ہے اور انہیںکوویڈ ویکسین ، کوویڈ رجسٹریشن اور بانہال اور شیطان نالہ پر کورونا نمونے لینے کے کئی محاذوں پر اپنی خدمات انجام دینا پڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں سرینگر شاہراہ پر شیطانی نالہ کے مقام پر کوویڈ جانچ مرکز بدستور کام کررہا ہے جبکہ طبی عملے کی قلت کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن بانہال پر قائم جانچ مرکزعملے کی کمی کی وجہ سے فی الحال بند کرنا پڑا ہے۔