تازہ ترین

کورونا نے قہر ڈھایا| 51فوت،3733متاثر

جموں میں اب تک کی ریکارڈ 35اموات

تاریخ    4 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
  سرینگر //9مارچ 2020کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس متاثرہ شخص کی تصدیق کے بعد سوموار کو پہلی مرتبہ وائرس نے 51افراد کی جان لی ہے جن میں 35 جموںاور 16افراد کشمیر میں فوت ہوگئے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2400کا ہندسہ پار کرکے 2421ہوگئی ہے۔ اس دوران مزید 3733افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 87ہزار219تک پہنچ چکی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 31ہزار 655افراد کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں 3733افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 1294جموں جبکہ 2439کشمیر صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 2439متاثرین میں 21افراد بیرون ریاستوں سے سفر کرکے لوٹے  جبکہ 2418افراد مقامی سطح پر وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ تازہ 2439متاثرین میں سرینگر میں 1136، بارہمولہ میں 232، بڈگام میں 208، پلوامہ میں 296، کپوارہ میں 64، اننت ناگ میں 145،  بانڈی پورہ میں 85، گاندربل میں 51،  کولگام میں 167 اور شوپیان میں 55افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سوموار کو وادی میں مزید 16افراد وائرس سے فوت ہوئے ہیں جن میں ایک سی ڈی اسپتال، 6سکمز صورہ، 5صدر اسپتال، ایک کیمونٹی ہیلتھ سینٹر کپوارہ، ایک ضلع اسپتال کولگام اور ایک سب ضلع اسپتال سوپور میں فوت ہوا ہے۔ مرنے والوں میں کیلم کولگام کا 77سالہ شخص، ہمدانیہ کالونی بمنہ کی 58سالہ خاتون، صنعت نگر سرینگر کا 55سالہ شخص، راولپورہ کا 80سالہ معمر شخص، صفاکدل کا 55سالہ شخص، حضرت بل کی 72سالہ خاتون، مومن آباد بٹہ مالو کا 35سالہ شخص، کرن نگر سرینگر کا 55سالہ شخص اور اولڈ ٹائون بارہمولہ کا 65سالہ شخص شامل ہے۔وادی میں متوفین کی مجموعی تعداد 1440تک پہنچ گئی ہے۔ جموں صوبے میں بھی 1294افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں سے 82سفر کرکے لوٹے جبکہ 1212مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ۔ جموں صوبے کے تازہ متاثرین میں  ضلع جموں میں 584، ادھمپور میں 86، راجوری میں 111، ڈوڈہ میں 12، کٹھوعہ میں 112، سانبہ میں 209، کشتواڑ میں 9، پونچھ میں 30، رام بن میں 44 اور ریاس میں 97افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں 24گھنٹوں کے دوران 35افراد فوت ہوئے ہیں جن میں  جی ایم سی جموں میں 24، زچگی اسپتال جی ایم سی جموں میں 2، جی ایم سی راجوری میں 2، جی ایم سی ڈوہ اور سی ڈی اسپتال جموں میں ایک ایک، ضلع اسپتال رام بن میں 1، ضلع اسپتال پونچھ میں 1اور 3افراد گھروں میں ہی فوت ہوئے ہیں۔ متوفین کی مجموعی تعفداد 981تک پہنچ گئی ہے۔