تازہ ترین

کورونا بحران؛سبھی20اضلاع میں نائٹ کرفیو کا نفاذ،پبلک ٹرانسپورٹ اور دکانوں پر بھی محدود پابندیاں

تاریخ    20 اپریل 2021 (22 : 12 PM)   
(File pic /Habib Naqash )

نیوز ڈیسک
سرینگر//کورونا وائرس کے بڑھتے کیسوں کے پیش نظر حکومت نے جموں کشمیر کے سبھی بیس اضلاع میں شبانہ کرفیو کا نفاذ عمل میں لانے کا فیصلہ کرلیاگیا ہے۔اس بات کا اعلان منگل کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کیا۔
قابل ذکر ہے کہ9اپریل کو نائٹ کرفیو کا نفاذ سرینگر،بارہمولہ ،بڈگام ، اننت ناگ ، کپوارہ، جموں، ادھمپور اورکٹھوعہ اضلاع کی میونسپل حدود میں عمل میں لاتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ اس کا نفاذ رات دس بجے سے صبح چھ بجے تک رہے گا۔
آج لیفٹیننٹ گورنر نے اسی طرح کے شبانہ کرفیو کے نفاذ کا اعلان پورے جموں کشمیر کیلئے کیا اور کہا کہ سبھی بیس اضلاع میں ان پابندیوں کا اطلاق رات دس بجے سے صبح چھ بجے تک ہوگا۔
اس کے علاوہ حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ (میٹاڈار،منی بس،وغیرہ) کو صرف پچاس فیصد سواریاں اٹھانے کی ہی اجازت ہوگی۔اس سلسلے میں ضلع سطح کے پولیس افسران کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ اس حکم پر عملدرا آمد یقینی بنائیں۔
بازاروں میں بھی ایک کے بعد دوسرے دن پچاس فیصد دکانیں ہی کھولنے کی اجازت ہوگی تاہم اس فیصلے کا اطلاق میونسپل حدود میں آنے والے دکانوں پر ہی ہوگا۔
اس ضمن میں ضلع مجسٹریٹوں کو میکانزم تیار کرکے اس پر عملدر آمد کرانے کیلئے کہا گیا ہے۔