پولیس کی کارروائی میں 26 موبائل فون برآمد

تاریخ    20 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


حسین محتشم
پونچھ//پونچھ میں جموں وکشمیر پولیس نے مختلف علاقوں سے گمشدہ یا چوری شدہ موبائل فونز برآمد کئے ہیں، سائبر سیل ٹیم نے فون کے سِم اور ای ایم ای آئی نمبر کو ٹریک کر کے موبائل فونز کو ضبط کیا اور موبائل فونز کو ان کے اصل مالکان تک پہنچایا۔ضلع پونچھ میں پولیس نے مختلف علاقوں سے گمشدہ یا چوری شدہ لاکھوں روپے کی مالیت کے26 موبائل فون برآمد کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، گزشتہ کئی مہینوں کے دوران ان موبائل فونز کی گمشدگی اور چوری کی شکایات تھانے میں درج کرائی گئی تھی۔جن لوگوں کے فون برآمد کئے گئے انہوں نے کہا کہ پونچھ پولیس نے قابل تعریف خدمات انجام دیتے ہوئے چوری شدہ اور گم شدہ موبائل فونز کو برآمد کیا اور تمام موبائل کو اْن کے مالکان کے حوالے کر دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام موبائل فون یا تو چوری ہو گئے تھے یا پھر کہیں گم شدہ ہو گئے تھے بڑی مشقت کے بعد ان تمام موبائل فونز کو برآمد کیا گیا  جس کے لئے وہ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کو معلومات دیتے ہوئے ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلے میں موصولہ شکایات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع کے مختلف علاقوں سے موبائل برآمد کر لئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی سائبر سیل ٹیم نے فون کے سِم اور ای ایم ای آئی نمبر کو ٹریک کر کے ان موبائل فونز کو ٹریک کیا۔انہوں نے کہا کہ ایڈوانس ٹیکنالوجی کے اینڈرائڈ موبائل میں اعلیٰ درجہ کے کل26 قیمتی موبائل فون شامل ہیں، بازیاب شدہ زیادہ تر فون صارفین کے ہاتھوں سے خود ہی گم ہوگئے تھے یا چوری ہو گئے تھے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فون چوری ہونے یا گم ہونے کے سورت میں فوری شکایت درج کریں تاکہ پولیس بروقت کاروائی کر سکے۔
 

تازہ ترین