تازہ ترین

اپنی میرات کو قائم ودائم رکھنا ہر شہری کا فرض : مصطفی کمال

تاریخ    19 اپریل 2021 (00 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹرمصطفی کمال نے یوم میراث کے عالمی دن پر کہا ہے کہ اپنی قوم و ملک کے میراث کو قائم و دائم رکھنا ہر ذی شعور،شہری اور عوام پر فرض ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میراث ہی ہماری سب سے بڑی بیش بہا دولت ہے۔ڈاکٹر کمال نے کہا کہ ہماری میراث جموں کشمیر کی زبانیں کشمیری،ڈوگری،لداخی،پہاڑی گوجری اور بلتی بھی میرث میں شامل ہیں۔انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر کی وحدت اور اجتماعیت بھی ہمارا ورثہ ہے،جبکہ بزرگان دین کی مقدس زیارتیں، خانقاہیں، تاریخی مساجد، ہمارے عادل بادشاہوں کی تعمیر کردہ عمارات بھی ہمارے میراث میں شامل ہیں۔ڈاکٹر کمال نے کہا’’ بدقسمتی سے ہماری میراث کو ایک درپردہ سازش کے تحت مسخ کرنے اور نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے،لیکن زندہ قوموں کی یہ مثال رہی ہے کہ انہوں نے اپنے میراث اور تمدن کو ہمیشہ زندہ رکھا ہے۔‘‘ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی میراث کی حفاظت کریں پارٹی کے سنیئر لیڈران محمد شفیع اوڑی،چودھری محمد رمضان، سجاد شاہین، نجیب سہروردی، دویندر سنگھ رانا، قمر علی آخون نے بھی میراث کو زندہ رکھنے پر زور دیا ہے۔