تازہ ترین

مزید خبریں

تاریخ    19 اپریل 2021 (00 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک

منشیات مخالف مہم | بانڈی پورہ اور قاضی گنڈ میں 2افراد گرفتار

عازم جان +عارف بلوچ
بانڈی پورہ+اننت ناگ //پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران ملنگام بانڈی پورہ اور قاضی گنڈ میں 2افراد کو گرفتار کرکے چرس اور فکی برآمد کی۔بانڈی پورہ پولیس نے ایس ایس پی محمد زاہد کی ہدایت پر ڈی ایس پی ہیڈکواٹر ڈاکٹر محمد ادریس کی نگرانی میں آلوسہ پولیس چوکی نے ملنگام میں چیکنگ کے دوران سمیر احمد شیخ ساکن ملنگام سے 160گرام چرس برآمد کر لیا اور مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ نوجوانوں کو چرس فروخت کررہا تھا۔ ملزم کے خلاف بانڈی پورہ تھانے میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 47/2021 درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔ادھر قاضی گنڈ میں پولیس نے مخصوص اطلاع پر لیوڈورہ کے نزدیک ناکہ لگایا۔ اس بیچ یہاں سے ایک گاڑی زیر نمبرJK03B-8948کو روک کر تلاشی لی اوردورانِ تلاشی 12 کلو فکی ضبط کی ۔پولیس نے گاڑی میں سوار جاوید احمد بٹ ساکن کچھپورہ قاضی گنڈ کو گرفتار کیا ۔پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس زیر نمبر 72/21 درج کیا ہے۔
 
 
 

کوکرناگ میں نقب زنی | موبائل دکان سے سازوسامان اڑالیا

عارف بلوچ
اننت ناگ//کوکرناگ میں نقب زنوں نے ایک موبائل دکان سے ہزاروں روپئے مالیت کے موبائل فون اڑا لئے۔ساگام میں نقب زنوں نے سنیچر اور اتوارکی درمیانی شب ایس آر ٹیلی کام نامی دکان کی دیوار توڑ کر دکان میں موجود موبائل فون اور دیگر سازوسامان اڑا لیا ہے۔ پولیس نے دکاندار ریاض احمد کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
 
 

ماسک پہننا لازمی | ڈورو شاہ آباد میںقصورواروں پر جرمانہ عائد

سرینگر// ڈورو اننت ناگ میںانتظامیہ نے تمام لوگوں کو ماسک پہنے کی سختی سے تاکید کی ہے ۔ایس ڈی ایم ڈورو نے اپنے ماتحت افسران کے ہمراہ کئی علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں کو ماسک استعمال کرنے کی صلاح دی ۔اس دوران ماسک نہ پہننے والے کئی لوگوں سے جرمانہ وصول کیا گیا ۔
 
 

تصدق حسین کی بحیثیت ناظم تعلیم تقرری  پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کا خیرمقدم 

 سرینگر// پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن (PSAJK) نے تصدق حسین میر کو ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر کی تقرری پرخیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک اچھا قدم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ موصوف کی تقرری تعلیم کے شعبے کو جدید ترقی پسندی کی راہ پر گامزن کرنے میں بہت مدد دے گی۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ تصدق حسین اپنے سابق عہدوں کے دوران دی گئی خدمات کے لئے جانے جاتے ہیں۔ ایسو سی ایشن نے کہا کہ اس وقت کشمیر میں تعلیم کے شعبے کو متعدد چیلنجوں اور مسائل کا سامنا ہے۔ ان چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مکمل ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار نے کہا ’’ ہم تصدق حسین میر کو ان کی نئی تقرری پر خوش آمدید کہتے ہیں‘‘۔ انہوںنے کہا کہ ایسوسی ایشن کی طرف سے موصوف کو طلبہ ، والدین اور اساتذہ اور تعلیمی اداروں کیلئے نئے آنے والے ہر اقدام کی بھر پور حمایت کریں گے اور تعلیمی شعبہ کو درپیش مشکلات سے نکالنے کیلئے موصوف کو ہر سطح پر تعاون دے گی۔ا س موقع پر انہوںنے کہا کہ وادی میں تعلیمی شعبہ جن حالات سے گزررہا ہے اس سے نکالنے کیلئے موصوف کو عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
 
 
 

رمضان میں ضرورتمندوں کا خاص خیال رکھیں:مولاناحامی

سرینگر//کاروان اسلامی کے سربراہ مولانا غلام رسول حامی نے کہا کہ ہمارے گرد و نواح میں ایسی کثیر لوگوں کی تعداد موجود ہے جو سخت مشکلات سے دوچارہیں اورکووِڈ اور مالی بحران کے پیش نظر معاشرے کا ہر فرد متاثر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اہل ثروت حضرات ضرورت مندوںکے لئے بھر پور معاونت کریں ۔مولاناحامی و ارپورہ سوپور میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ منشیات کی وجہ سے ریاست کا چپہ چپہ متاثر ہورہا ہے اور بڑے بڑے گھرانوں کے چشم و چراغ منشیات کی لت سے گُل ہو رہے ہیں جو تشویشناک امر ہے اور جس کا سد باب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس صورت حال کے خاتمہ کیلئے معاشرے کے ہر فرد کوبلا لحاظ مسلک و مذہب فکر مند ہوکر کام کرنا چاہئے ۔مولانا نے کاروانِ اسلامی کے تمام ذمہ داروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شعبہ امداد کو فعال بنانے میں موثر کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کاروانِ اسلامی کے شعبہ امداد سے اس وقت سینکڑوں گھرانوں کی خدمت ہورہی ہے لہٰذا اس کو کامیاب بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ ریاست کے اندر پیشہ ورانہ بھکاریوں کی ایک بہت بڑی کھیپ سرگرم ہے جس کی وجہ ضرورت مند امداد سے محروم ہو رہے ہیں ۔اس سلسلے میں انتہائی غور و خوض کرنے کے بعد ہی متاثرہ لوگوں کی مالی معاونت کی جائے ۔
 
 
 

جمعیت ہمدانیہ ،حقانی ٹرسٹ اور نیشنل کانفرنس کا مولانا کینگ سے اظہار تعزیت

سرینگر// جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولاناریاض ہمدانی نے مرحوم کے جملہ سوگواراں بالخصوص مرحوم کے برادر مولوی شوکت حسین کینگ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی ۔ اس دوران جمعیت ہمدانیہ کا ایک تعزیتی اجلاس بھی منعقد ہوا جس دوران مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی،جبکہ شوکت حسین کینگ اور غلام نبی کینگ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، سینئر لیڈراں مبارک گل،محمد سعید آخون، پیر آفاق،غلام قادر پردیسی، شریف الدین شارق، محمد رمضان چودھری،محمد شفیع اوڈی اور دیگر لیڈران نے بھی کینگ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ادھرحقانی میموریل ٹرسٹ ،جمعیت ہمدانیہ اور نیشنل کانفرنس نے مولانا شوکت حسین کینگ کے برادر خواجہ عنایت حسین کینگ ساکن خندہ بھون نوا کدل کے  انتقال پر تعزیت کا اظہارکیا ہے ۔حقانی ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمدڈار نے انکی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
 
 
 
 

کورونا ویکسی نیشن مہم |  بڈگام اورکرناہ میں انتظامیہ نے جائزہ لیا 

سرینگر//ڈپٹی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے کوویڈ 19 وبائی بیماری کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ویکسینیشن مہم کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ضلع بھر میں قائم کوویڈ 19 ویکسینیشن سائٹوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے اپنے دورے کے دوران پی ایچ سی وڈون ، سب سنٹر آرتھ ، سویہ بگ ، ایس ڈی ایچ ناربل اور ماگام سمیت ضلع کے متعدد علاقوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈی سی نے 45 سال سے زیادہ عمر کے افراد کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور ان پر زور دیا کہ وہ ویکسی نیشن مہم میں حصہ لیں۔ ڈی سی نے ضلع بھر میں نوجوانوں سے ویکسی نیشن کے عمل میں حصہ لینے اور ویکسینیشن ڈرائیو کو کامیاب بنانے کے لئے نوجوانوں سے تعاون کی بھی کوشش کی۔ انہوں نے  ماسک پہن کر ، معاشرتی فاصلے کو برقرار رکھنے اور ہاتھوں کو صاف رکھنے پر بھی زور دیا۔دریں اثنا ، ڈی سی بڈگام نے سی ڈی پی او بڈگام کو ہدایت دی ہے کہ وہ آنگن واڑی کارکنوں کو فعال طور پر کوویڈ۔19 ویکسینیشن کے لئے آگے آنے کے لئے متحرک کریں۔ڈی سی کے ساتھ سی ایم او بڈگام اور دیگر افسران اور متعلقہ عہدیدار بھی موجود تھے۔ادھرکوووڈ 19 کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے علمائے کرام اور پی آر آئی سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کا مشترکہ اجلاس تحصیلدار کرناہ مشتاق احمد خان نے طلب کیا۔اس موقع پر بارڈر سب ڈویژن میں COVID-19 وبائی امراض کے پھیلاؤ کی روکتھام کے سلسلے میں بحث ہوئی۔اس پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو متاثر کیا گیا کہ وہ کورونابحران کے خاتمے کے لئے تحصیل انتظامیہ کے ساتھ ہم آہنگی کریں۔ علمائے کرام پر بھی زور دیا گیا کہ وہ لوگوں کو ان کی حفاظت کے لئے مناسب کوویڈ مناسب طرز عمل پر عمل پیرا ہونے کے بارے میں آگاہ کریں۔
 

آرینز طلاب کیلئے اسکالرشپ میلہ کا اہتمام 

سرینگر// آرینز کالج کے کیمپس میں طلباء کے لئے اسکالرشپ میلہ کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا افتتاح گگن دیپ سنگھ نے کیا جبکہ ڈاکٹر انشو کٹاریہ ، چیئرمین ، آریانز گروپ نے تقریب کی صدارت کی۔گگن دیپ سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 2017-18 ، 2018-19 ، 2019-20 میں پوسٹ میٹرک اسکالرشپ (پی ایم ایس) اسکیم کو بند کرکے نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کے طلباء  کو دھوکہ دیا ہے لیکن حکومت پنجاب نے اس اسکیم کو بحال کردیا اور بعد میں سنٹر 60-40 اسکیم حکومت نے شروع کی تھی جس کے بعد پنجاب حکومت سب سے پہلے شیدول کاسٹ طلباء کے بینک کھاتوں میں 40 فیصد حصہ جمع کرواتی تھی۔انہوں نے کہا کہ خطے کے کسی بھی بچے کو پیسے کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہنے دوں گا۔شیدول کاسٹ کے تمام بچے اس اسکیم سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں اور آرینز اور ملحقہ کالجوں میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ صرف یہی نہیں ، حکومت پنجاب نے خواتین اور لڑکیوں کی طالبات کو مفت بس سروس فراہم کرکے ایک مثال قائم کی ہے۔ ڈاکٹر کٹیریا نے منتخب طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پی ایم ایس اسکیم کو دوبارہ شروع کرکے ایک قابل ستائش اقدام اٹھایا ہے ، جس کے لئے 58000 کروڑ روپے کی فراہمی کی گئی ہے جس سے پورے ملک کے ایس سی / ایس ٹی کے قریب 4 کروڑ طلبا مستفید ہوں گے ۔ایس سی / ایس ٹی اسکالرشپ اسکیم کے تحت ایس سی کے قریب 25 اہل طلباء کا انتخاب کیا گیا اور اسکالرشپ تقسیم کی گئی۔ اس موقع پرکئی عہدیدار بھی موجود تھے۔
 

تازہ ترین