تازہ ترین

دودھ مرگ کہلیل بنیادی سہولیات سے محروم | ٹرانسپورٹ سروس اورطبی مرکزندارد،پانی اور بجلی کانظام بھی ابتر

تاریخ    19 اپریل 2021 (00 : 12 AM)   


سید اعجاز
ترال//قصبہ ترال سے9کلومیٹردور گوجر بستی دودھ مرگ کہلیل جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ مقامی لوگوں نے اتوار کو اپنے مشکلات کے ازالے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی جس میں انہوں نے سرکار سے علاقے کی طرف فوری توجہ کی اپیل کی ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے کی رابطہ سڑک سال2008 میں تعمیر ہوئی تاہم13سال گزر نے کے باجود ٹرانسپورٹ سروس فراہم نہیں کی گئی۔لوگوں نے بتایا کہ اگر کبھی کوئی بیمار ہوجاتا ہے تو اسے ترال تک پہنچانے کے لئے سومو گاڑی کیلئے2ہزار روپئے کا کرایہ ادا کرنا پڑ تا ہے۔ اسی طرح علاقے میں بجلی سپلائی بھی برائے نام ہے اور فیس میں اضافہ کرکے لوگوں کو پریشان کیا گیا ۔ لال دین نامی ایک شہری نے بتایا کہ شیڈول ٹرائب لوگوں کے لئے متعدد فلاحی اسکیموں کے بڑے اعلانات ہوتے ہیں لیکن اُن کے علاقے میں زمینی صورت حال اسکے برعکس ہے ۔انہوںنے بتایا ’’ہمیں ان اسکیموں کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے ‘‘۔ مقامی سرپنچ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع پلوامہ کے ایس ٹی مورچہ کے جنرل سیکریٹری عبد الرشید نے بتایا کہ اُن کے علاقے میں آج بھی لوگوں کیلئے آئی اے وائی یاپی ایم وائی جیسی سکیموں سے بے خبر ہیں ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں طبی سنٹر اورپینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر پلوامہ اور ایل جی انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ۔ 
 
 

تازہ ترین