تازہ ترین

مرکزی حکومت اپنے اسپتالوں میں 7 ہزار بیڈ فراہم کرے: کیجریوال

تاریخ    19 اپریل 2021 (00 : 12 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// دہلی کے وزیراعلیٰ اورعام آدمی پارٹی کے سربراہ اروندکیجریوال نے دارالحکومت میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورت حال پر وزیراعظم نریندرمودی کو خط لکھ کر مرکزی حکومت کے اسپتالوں میں دس ہزارمیں سے کم ازکم سات ہزاربیڈ کورونا مریضوں کے لئے ریزرو رکھنے اور فور اً آکسیجن مہیاکرانے کی اپیل کی ہے۔ کیجریوال نے اتوارکے روز یہ خط لکھ کر سنگین صورت حال سے آگاہ کیا ہے، کیونکہ کورونا بیڈ  اورآکسیجن کی انتہائی کمی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ " تقریباً تمام آئی سی یو بیڈ بھرگئے ہیں۔ اپنی سطح پرہم تمام کوششیں کررہے ہیں۔ آپ کی مددکی ضرورت ہے"۔ دہلی میں مرکزی حکومت کے اسپتالوں میں تقریباً دس ہزار بیڈ ہیں۔ ان میں سے صرف 1800 بیڈ کورونا مریضوں کے لئے ریزرو کئے گئے ہیں۔ صورت حال کی سنگینی کے پیش نظر ا?پ سے التجا ہے کہ کم ازکم سات ہزار بیڈ کورونا مریضوں کے لئے مخصوص کئے جائیں۔ دہلی میں آکسیجن کی بہت زیادہ کمی ہورہی ہے۔ ہمیں آکسیجن بھی فوری طورپر مہیاکرائی جائے۔ کیجریوال نے لکھا کہ ’’ڈی آرڈی او دہلی میں آئی سی یو کے 500 بیڈ بنارہا ہے، اس کے لئے آپ کا بے حدشکریہ۔ یہ بڑھا کر ایک ہزارکردئے جائیں توبڑی مہربانی ہوگی۔ اس عالمی وبا میں ابھی تک ہمیں مرکزی حکومت سے کافی تعاون ملاہے۔ میں امیدکرتاہوں کہ ان معاملات میں بھی آپ ہماری مددکریں گے"۔یجریوال نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 25500 معاملے سامنے آئے جو انتہائی تشویش کا موضوع ہے۔ وزیراعلیٰ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی حکومت کے اسپتالوں میں بہت کم آئی سی یو بیڈدستیاب ہیں۔ کیجریوال نے کہاکہ ’’ہمیں فوری طورپر بیڈ اورآکسیجن کی فراہمی کی ضرورت ہے۔ حکومت دہلی اگلے تین دنوں میں چھ ہزار بیڈتیارکرلے گی۔