تازہ ترین

کورونا کے پھیلائومیں تیزی باعث تشویش | متحدہ مجلس علماء کی عوام کو ٹیکہ لگانے کی تاکید

تاریخ    18 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//متحدہ مجلس علماء نے جموں کشمیرمیں کووِڈ- 19کے پھیلائومیں تیزی آنے پر فکروتشویش کااظہار کرتے ہوئے عوام پر زوردیا ہے کہ وہ مقد س ماہ صیام کے بابر کت ایام میں اللہ کے حضوراس مہلک وباء سے نہ صرف پناہ مانگے بلکہ اس وباء سے پوری انسانیت کے نجات کیلئے خصوصی دعائوں کااہتمام کریں۔ایک بیان میں مجلس نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی تعلیمات اور ہدایات کے مطابق کووِڈ- 19جیسے خطرناک مرض سے بچنے کیلئے اللہ تبارک وتعالی کے حضور عاجزی اور انکساری کے ساتھ خصوصی دعائوں کااہتمام کریں ،وہاں شریعت اسلامی کی تعلیمات اورسنت وشریعت کے عین مطابق احتیاطی تدابیر کالحاظ رکھتے ہوئے کوروناسے بچنے کے ضابطے کے تحت اپنی باری پت ویکسین بھی لگوائیں۔مجلس نے واضح کیا کہ عرب و عجم کے مقتدر علمائے کرام اور بین الاقوامی شہرت کے مقتدر دینی اور تعلیمی ادارے اور مفتیان عظام نے کووِڈ - 19  ویکسین لینے کی مسلمانوںسے تلقین کی ہے اور اس میں ہرگز کوئی دینی اور شرعی قباحت نہیں۔لہٰذا عوام الناس سے اپیل  کی جاتی ہے کہ وہ بلا جھجھک اپنی اپنی باری پر ویکسین ضرور لگوائیں۔بیان میں مجلس علما کے جملہ اکائیوں سمیت میرواعظ کشمیر نے  عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹیکہ کاری کے حوالے سے جو منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے ہرگز اس کا شکار نہ ہوں اور  جس قدرجلد ممکن ہو کورونا مخالف ویکسین ضروری لگوائیں۔ متحدہ مجلس علماء نے اپنا مطالبہ ایک بار پھر دہرایاکہ عظیم اور متبرک ماہ رمضان کے پیش نظر مجلس کے سربراہ میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق جو گزشتہ 21 ماہ سے مسلسل نظر بند  ہیں، کی رہائی عمل میں لائی جائے ۔
 

تازہ ترین