تازہ ترین

جنگلاتی اراضی اورجائیدادپرقبضہ | ضلع سطح کی سب کمیٹیوں کی تشکیل کو منظوری

تاریخ    18 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر//حکومت نے جموں کشمیر میں جنگلاتی اراضی اور جائیداد پر قبضے کی شکایات سے متعلق ضلع سطحوں پر سب کمیٹیوں کو تشکیل دینے کو منظوری دی۔ عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی نے سنیچر کو ایک حکم نامہ جاری کیا جس میں جنگلاتی اراضی پر قبضے سے متعلق ضلع سطح پر سب کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق مفاد عامہ کی عرضداشت کے پیش نظر ان کمیٹیوں کے قیام کو منظوری دی۔ اس کمیٹی کی سربراہی متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر کریں گے،جبکہ6رکنی کمیٹی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنر مال، ڈویژنل فارسٹ افسر(علاقائی ہیڈ کواٹر)،متعلقہ ڈی ایف ائو اور متعلقہ تحصیلدار ممبر ہوںگے۔ ان کمیٹیوں کو متواتر طور پر طرفین کو سماعت فراہم کرنے اور معیاد بند وقت میں شکایات کا ازالہ کرنے کے علاوہ جائیداد سے متعلق کیسوں کا فیصلہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ حکم نامہ کے مطابق یہ کمیٹیاں غیر قانونی اندراج کو حذف کرنے کے علاوہ انڈین فارسٹ ایکٹ مجریہ1927 اور محکمہ مال کے متعلقہ قوانین کے تحت قابضین کو جنگلاتی اراضی سے ہٹائیں گے،جبکہ اس معاملے میں سرکار کی جانب سے پہلے ہی تشکیل دی گئی کمیٹی کی معاونت کرنے کے علاوہ انہیں رپورٹ بھی پیش کریں گے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹیاں سرکاری رابطہ گاہ کیلئے اعداد شمار کی بنیاد بھی فراہم کریں گے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ سب کمیٹیاں،مرکزی زیر انتظام خطے کی سطح پر تشکیل شدہ کمیٹی کی نگرانی میں کام کریں گی۔
 

تازہ ترین