تازہ ترین

مزید خبرں

تاریخ    17 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


دھرم ارتھ ٹرسٹ ملازمین کا معاملہ حل کیاجائے: وکرم ملہوترہ

جموں//اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ نے جمعہ کے روزملازمین کے مطالبات حل کرنے کے تئیں دھرم ارتھ ٹرسٹ کی ہٹ دھرمی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ ایک بیان میں وکرم ملہوترہ نے کہاکہ ٹرسٹ حکام کیلئے اہم وقت ہے کہ وہ ملازمین کے جائز مطالبات کو حل کریں اور اُن کی ہٹ دھرمی سے صرف محنتی ورکروز کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین کو دھرنے پر بیٹھے ہوئے 137دن ہوچکے ہیں لیکن ٹرسٹ حکام نے ایک لفظ بھی نہ کہا ہے، یہ اِس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ باوقار ٹرسٹ جولوگوں کی خدمت کے لئے ہے، اُس کی اندرونی حالت ٹھیک نہیں اور انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ یہ ورکرسڑکوں پر آنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پوری عمر ٹرسٹ کیلئے کام کرنے والے عملہ کا صرف یہ مطالبہ ہے کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور افراط ِ زرکے پیش ِ نظر اُجرتوں میں مناسب اضافہ کیاجائے۔ دھرم ارتھ ٹرسٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن کے مطالبات کو تسلیم نہ کر نے سے پتہ چلتا ہے کہ ٹرسٹ حکام کے ہاں اِن ملازمین کی خدمات کی کوئی قدر وقیمت نہیں۔ وہ انصاف کے مستحق ہیں، کم سے کم اُن کی تنخواہیں شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ میں کام کر رہے ملازمین کی طرز پر توہونی چاہئے، جوکہ سال 1986سے دھرم ارتھ ٹرسٹ کا ہی حصہ ہوا کرتی تھی۔ وکرم ملہوترہ نے زور دیتے ہوئے کہاکہ دھرم ارتھ ٹرسٹ حکام کا لیت ولعل کا طریقہ کار اور ہٹ دھرمی انتہائی تشویش کن ہے۔ اُن کی اِن غلط پالیسیوں کی وجہ سے متعدد مندروں اور کئی اہم مذہبی مکامات کی حالت ناگفتہ بہہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹرسٹ میںفوری بہتری کی ضرورت ہے اور یہ تب ہی ممکن ہوسکتا ہے اگر اس کو ماتا ویشنو دیوی ٹرسٹ کے تحت لایاجائے۔
 

 آگ متاثرین کو معقول معاوضہ دینے کا مطالبہ  

جموں//جموں وکشمیر اپنی ٹریڈ یونین ریاستی صدر اعجاز کاظمی نے 14اپریل کی درمیانی شب ستواری جموں کی سبزی منڈی میں بھیانک آتشزدگی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے جس میں لاکھوں کا نقصان ہوگا۔ یہاں جاری ایک بیان میں اعجازکاظمی نے درمیانی شب آگ کی اِس واردات کو بدقسمی قرار دیا جس میں متعدد دکانیں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔ انہوں نے کہاکہ دکان مالکان اور سبزی منڈی رھیڑی والوں کو بھاری نقصان ہواہے اور اُنہوں نے سب کچھ اپنا اس آگ میں کھو دیا۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ آگ متاثرین کو فوری ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے تاکہ وہ جلد متاثرہ کنبوں کی مشکلات کا ازالہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا’’حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ آگ متاثرین کو کسی قسم کی مشکل درپیش نہ آئے۔میری لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے گذارش ہے کہ وہ متعلقہ محکمہ کو ہدایت دیں کہ نقصانات کاتخمینہ لگانے کیلئے ٹیمیں موقع واردات پر بھیجی جائیں تاکہ دکان مالکان اور رھیڑی والوں کے حق میں ایکس گریشیا ریلیف واگذار کی جائے‘‘
 
 

حفاظتی ٹیکوں سے متعلق آگاہی مہم کا آغاز 

جموں // گورنمنٹ ڈگری کالج( Marh) نے این ایس ایس کے اشتراک سے پرنسپل پروفیسر آکتا گپتا کی سربرہی میں گاؤں دھاتریال میںکویڈ19یعنی خفاظتی ٹیکوں سے متعلق آگاہی مہم کا آغاز کیا ۔پروفیسر گپتا نے اس دوران لوگو ں کو ویکسین کے متعلق مکمل جانکاری دی اور ویکسین کے حوالے سے عام لوگوں میں پیدا ہونے والی خدشات کو دور کردیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کویڈ19کے ایس او پیز پر ہر صورت میں عمل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وبا ہمارے یہاں پھیل رہی ہے لیکن اس کا حاتمہ تب ممکن ہے جب ہم لوگ حکام کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل کریں گے ۔این ایس ایس پروگرام آفیسر پروفیسر ستیش کمار اور پروفیسر سچن بھگت نے این ایس ایس کے رضاکاروں کے ساتھ گاؤں دھاتریال ، مڑہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں کو ان کی صحت اور حفظان صحت کی حفاظت کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
 

سانبہ کے مذہبی مقامات پر کورونا کی جانچ جاری

سانبہ //کوویڈ کیسوں میں اضافہ کے بعد ضلع انتظامیہ سانبہ نے ڈپٹی کمشنر انورادھا گپتا کی ہدایت پر گہری جانچ اور عام لوگوں کے نمونے لینے کا کام شروع کر دیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر ریونیو جتندر مشرا نے کوویڈ 19 کے ٹیسٹ اور نمونے لینے کیلئے نوڈل آفیسر کو بتایا کہ جاری مذہبی تہواروں کے پیش نظر ، تمام بڑے مندروں ، زیارتوں ، مساجد اور آشرموں میں لوگوں کیلئے کویڈ کی جانب کا بندوبست رکھا جائے۔اس دوران اے سی آر سانبہ نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے ضلع کے بڑے مقامات اور منڈیوں میں جانچ کے علاوہ لوگوں کو ماسک کے استعمال،سماجی دوری اور دیگر ایس او پیز کے حوالے سے باقاعدگی کے ساتھ آگاہ کیا جاتا ہے اور اس سلسلے میں آگاہی کیمپوں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے تاکہ اس کو پھلنے سے روک دیا جائے ۔ضلعی انتظامیہ سانبہ نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بغیر کسی معقول وجوہ کے اپنے گھروں سے باہر نہ نکلنے ۔انتظامیہ نے لوگوں سے ٹیکے لگانے کی بھی تاکید کی۔
 

کرایہ کی عدم ادائیگی

جے ایم سی نے3تجارتی ادارے سیل کئے

جموں // جموں میونسپل کارپوریشن نے جمعہ کو کرایہ کی عدم ادائیگی پر تین میونسپل تجارتی اداروں کو سیل کردیا۔کمشنر جے ایم سی اور اسسٹنٹ کمشنر (ر) جے ایم سی کی نگرانی میں کارپوریشن کی ایک ٹیم نے گومت جموں میں ان اداروں کو سیل کر دیا ہے کیونکہ الاٹ شدہ کرائے کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں متعدد بار نوٹس جاری کئے گے تھے ،لیکن انہوں نے مقرر ہ مدت کے باوجود بھی کرائے کی رقم جمع نہیں کرائی جس کے بعد ان اداروں کو سیل کر دیا گیا ۔ جموں میونسپل کارپوریشن نے تمام میونسپل الاٹیز کمرشل / رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جی ایس ٹی کے ساتھ کرایہ کے واجبات کو 31 مارچ 2021 تک جمع کروائیں تاکہ قانونی کارروائی سے وہ بچ سکیں ۔
 

کرشی بھون جموں میں تعزیتی اجلاس منعقد 

جموں//محکمہ زراعت کے ملازمین کا ایک تعزیتی اجلاس کرشی بھو ن جموں کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جس دوران ملازمین نے اپنے ساتھی آر کے شرما سب ڈویژنل ایگریکلچر افسر کالا کوٹ کے انتقال پر دکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے اس کے گھر والوں کے تعزیت کا اظہار کیا ۔شرما مختصر علالت کے بعدچل بسے ہیں ۔تعزیتی اجلاس ڈائریکٹر زراعت جموں کی سربراہی میں ہوا اور اس میں محکمہ زراعت جموں کے افسران اور اہلکار شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران 2منٹ تک خاموشی اختیار کی گئی۔ اجلاس میں شرکاء نے سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی دعا کی ۔
 

تازہ ترین