تازہ ترین

برفباری کے درمیان بارہ لاچا میں پھنسے 37لوگوں کو بچایا گیا: مانو ورما

تاریخ    17 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
شملہ// ہماچل پردیش کے بے حد دور دراز ضلع لاہول اسپیتی کے بارہ لاچا اور اسکے آس پاس برفباری میں پھنسے 37 لوگون کو بچا لیا گیا ہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ لاہول اسپیتی مانو ورما نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے آج بتایا کہ 37 مسافروں کو نکال کر دارچا پہنچایا گیا ہے اور سبھی صحیح سلامت ہیں۔واضح رہے کہ منالی لیہ راستہ بند ہونے کی وجہ سے بارہ لاچا میں جمعرات کی رات تازہ برفباری کے درمیان کئی گاڑیاں اور لوگ بھی پھنس گئے تھے ۔ ان لوگوں کو نکالنے کے لئے بارڈر روڈ آرگینائزیشن 70 آر سی سی اور لاہل اسپیتی پولیس نے گزشتہ رات مشترکہ بچاؤ مہم چلائی۔ صفر ڈگری درجہ حرات میں بی آر او اور پولیس کے جوانوں نے یہاں پھنسی خواتین اور بچوں سمیت کل 37 مسافروں کو نکال کر دارچا پہنچایا۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی بھی 41 گاڑیاں بارہ لاچا درا میں پھنسی ہوئی ہیں۔جن کو نکالنے کے لئے بی آر او کی ٹیم سڑک کو بحال کرنے میں لگی ہے ۔