تازہ ترین

امریکی ریاست انڈیانامیں فائرنگ

۔ 8افراد ہلاک،حملہ آور کی خودکشی

تاریخ    17 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


 نیویارک //امریکی شہر انڈیاناپولس میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے کم از کم 8 افراد کو ہلاک کرنے کے بعد خود کوگولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس ترجمان گینائے کْک کا کہنا ہے کہ جمعرات کو رات گئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ’فیڈایکس‘ کے دفتر میں مرنے والوں کی لاشیں ملیں۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے ایک آدمی کو فائرنگ کرتے دیکھا اور 10 سے زیادہ گولیاں چلنے کی آوازیں سنیں۔جریمیا ملر نے کہا کہ ’میں نے ایک آدمی کو سب مشین گن طرز کی آٹومیٹک رائفل کے ساتھ دیکھا۔ وہ کھلے علاقے میں فائرنگ کر رہا تھا۔ میں گھبرا گیا اور جلدی سے چھپ گیا۔‘ پولیس ترجمان نے رپورٹرز کو بتایا کہ انہیں لگتا ہے کہ حملہ آور نے خود کشی کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکام سمجھتے ہیں کہ لوگوں کی جان و مال کو اب کوئی خطرہ نہیں ہے۔فیڈکس کے ترجمان نے بتایا کہ واقعہ ان کے دفتر میں پیش آیا اور کمپنی حکام کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم اپنے گراؤنڈ فلور پر ہونے والی سرگرمی سے واقف ہیں۔‘کمپنی کے ایک اور ملازم نے وش ٹی وی کو بتایا کہ فائرنگ شروع ہونے کے بعد انہوں نے پولیس کی 30 گاڑیوں کو جائے وقوعہ کی جانب آتے دیکھا۔’واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میںآیا ہے، چند روز قبل بھی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں 6 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے تھے ۔
 
 

تازہ ترین