تازہ ترین

مزید خبرں

تاریخ    16 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


غیر قانونی کان کنی کے خلاف مہم  

 چھاپوں اور معائنوں کے دوران 1915میٹرک ٹن چھوٹی معدنیات ضبط

جموں // توی دریاپر غیرقانونی کان کنی کی روک تھام کے لئے حکومت کی تشکیل کردہ خصوصی ٹاسک فورس نے چھاپوں ، حیرت انگیز چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور مختلف مقامات سے 1915 میٹرک ٹن معمولی معدنیات قبضے میں لے لیں۔ایس ٹی ایف نے دریائے توی سدھرا ، بجالٹا ، سیری کلاں (سیری پٹہ) ، کپر ، (توتن دی کھوئی) کھنہ چارگل ، پنجگرائین ، کے دریائے توی سدھرا کے بائیں اور دائیں کنارے پر بجالٹا سے گول گجرال تک ایک درجن مقامات پر چھاپے اور جانچ کی ۔ چھاپوں اور حیرت کی جانچ پڑتال کے دوران مختلف مقامات سے 1150 ایم ٹی بجری ، 155 ایم ٹی ریت اور 610 ایم ٹی نالہ بولڈرز کو ضبط کیا۔ ضبط شدہ مواد متعلقہ ایس ایچ اوزکے حوالے کیا گیا جس سے محکمہ ارضیات اور کان کنی کی انتظامیہ نے مزید کارروائی اور ضروری کارروائی کی۔سپیشل ٹاسک فورس نے اپنے قیام کے بعد سے پولیس کے ساتھ مل کر اکتوبر 2020 سے لے کر دسمبر 2020 تک 101 گاڑیاں ضبط کیں جن میں 28 ٹپرز ، 24 ٹریکٹر اور ٹریلی ، 39 ڈمپرز ، 8 ٹرک اور 2 جے سی بی شامل ہیں 
 

۔40 ہزار کی آبادی کو جوڑنے والی مرگن سڑک4 ماہ بعد بحال 

 تازہ برفباری سے چوبیس گھنٹوں کے اندر دوبارہ بند

عاصف بٹ
کشتواڑ//سب ڈویژن مڑواہ کی 40000 سے زائد آبادی کو جموں کشمیر کے ساتھ جوڑنے والی واحد شاہراہ گزشتہ چاہ ماہ سے زائد عرصہ سے بندرہنے کے بعد آمدرفت کیلئے بحال ہوگئی جس کی وجہ سے عوام نے راحت کی سانس لی تاہم مرگن ٹاپ پر تازہ برفباری کے سبب چوبیس گھنٹوں کے اندر ہی دوبارہ یہ سڑک آمدورفت کیلئے بند ہوگئی۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق منگل کو انتظامیہ نے اس پر مکمل برف ہٹاکر اسے آمدرفت کے قابل بنایا تھا جسکے بعد کئی مسافر و مال بردار گاڑیاں واڑون پہنچیںجن میں ضروری اشیا، مرغ و دیگر سامان موجود تھا۔ چار ماہ کے زائد عرصہ کے بعد ضروری اشیا کی چیزیں علاقہ میں پہنچنے سے عوام نے راحت کی سانس لی۔ تاہم جمعرات کو شروع ہوئی تازہ برفباری کے سبب اس سڑک پر آمدورفت پر دوبارہ خلل پڑاتاہم موسم میں بہتری کے ساتھ ہی اس پر دوبارہ آمدورفت کو بحال کیا جائے گا۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی اس سڑک پر سفر کریں۔
 

موسم نے پھر بدلا مزاج

تازہ برفباری و بارشوں سے چناب سردی کی لپیٹ میں 

 عاصف بٹ+اشتیاق ملک
کشتواڑ+ڈوڈہ// ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے درجہ حررات میں نمایا کں کمی درج کی گئی۔ بدھ کو جہاں دیر شام بارشیں ہوئیں وہی جمعرات کو صبح سے ہی بارشوں و برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری تھا۔ جہاں بالائی علاقوں مرگن، سنتھن ٹاپ پر برفباری درج کی گئی وہی میدانی علاقوں میں جمکر بارشیں ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا اور لوگوں نے دوبارہ گرم ملبوسات کا استعمال کیا۔ادھربدھ کے روز موسم میں غیر معمولی تبدیلی آنے کے ساتھ ہی ڈوڈہ ضلع کے میدانی و بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی اورڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کی رابطہ سڑکیں زیر آب ہو گئیں۔بارشوں کے باعث ندی و نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا جبکہ اکثر دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا۔رابطہ سڑکوں پر پانی کا رخ اختیار کرنے پر مقامی لوگوں نے تعمیراتی ایجنسیوں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ہیں کہا کہ بارشوں کے دوران نہ صرف گاڑیوں بلکہ عام راہگیروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کشمیر عظمٰی سے بات کرتے سیاسی و سماجی کارکن وصیت ٹاک نے کہا کہ معمولی بارش میں تعمیراتی ایجنسیوں کی کارکردگی سامنے آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نکاسی نظام و حفاظتی دیواریں نہ ہونے کی وجہ سے بارش کے دوران ان سڑکوں پر سفر کرنا کسی خطرے سے خالی نہیں ہے۔
 
 

سب ڈویژن چھاترو میں واحد اے ٹی ایم مشین دوہفتوں سے بند

 عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے سب ڈویژن چھاترو کی 30000 آبادی گزشتہ دوہفتوں سے مشکلات کا سامنا کررہی ہے۔ علاقہ میں قائم جموں کشمیر بنک کی اے ٹی ایم دوہفتوں سے بند ہے جسکے سبب عوام کو سخت اذیتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور انھیں پیسے نکالنے کیلئے کشتواڑ کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ جموں کشمیر بنک کی اے ٹی ایم مشین خراب ہونے کے سبب  انھیں کئی گھنٹوں تک لمبی قطاروں میں رہ کر بینک سے پیسے نکالنے پڑ رہے ہیں۔اگر اے ٹی ایم مشین کام کرتی تو انھیں سہولیت ہوتی۔ وٹسر سے ایک شخص رام لال نے بتایا کہ وہ چھاترو میں اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے کی غرض سے آئے تھے لیکن اے ٹی ایم بند ہونے کے سبب اب ضلع ہیڈکوارٹر کشتواڑ جانے پر مجبور ہواہوں۔انھوں نے مانگ کی کہ اے ٹی ایم مشین کو جلد فعال بنایاجائے تاکہ غریب عوام کو مزید مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔ 
 

ماہ رمضان المبارک میں گوشت کی قیمتوں پر قابو پایا جائے

انٹرنیشنل اسلامک صوفی فاونڈیشن کا لیفٹیننٹ گورنر کو مکتوب

جموں// انٹرنیشنل اسلامک صوفی فاونڈیشن نے انتظامیہ سے زوردار مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میٹ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے پیش نظر فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔اس سلسلے میں گورنر انتظامیہ کو ایک خط بھی اراسال کیا گیا ہے، خطہ پیر پنچال کے ساتھ ساتھ خطہ چناب خاص کر کشتواڑ جو جموں و کشمیر کے پہاڑی اور پسماندہ علاقوں میں سے ایک ہے میں بیشتر آبادی مزدور طبقہ سے وابستہ ہے اور روز بروز میٹ اور سبزی فروشوں کی مہنگائی کی وجہ سے اس علاقے میں رہنے والے لوگ انتہائی پریشانی میں مبتلا ہیں۔ مہنگائی کی وجہ سے کشتواڑ کے عوام پریشان ہے اس کے ساتھ ہی ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر میٹ کی قیمتوں پر نظر ثانی کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی اپیل کی گئی تاکہ جائیز ریٹ پر میٹ میسر ہوسکے ۔انٹرنیشنل اسلامک صوفی فاونڈیشن نے اس سلسلے میں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے رمضان المبارک میں گھریلوں خرچے چلانا غریب لوگوں کے لئے مشکل ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں گورنر انتظامیہ سے بھی معاملے میں مداخلت کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔
 

آلٹو گاڑی سے موٹر سایکل سوار زخمی 

کشتواڑ//عاصف بٹ// کشتواڑ چھاترو سڑک پر بنڈارکوٹ کے مقام پر ایک تیز رفتار آلٹو گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری جسے شدید چوٹیں آئی اور اسے علاج کیلئے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا۔ یہ حادثہ صبح 11 بجے کے قریب پیش آیا جب آلٹو کار سوار نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور فرار ہوگیاجسکے بعد پولیس نے اسکی تلاش شروع کردی۔ مقامی لوگوں نے زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کیا جہاں اسکا علاج جاری ہے جسکی شناخت عامر حسین ولد شبیر ملک ساکنہ ڈمبر چھاترو کے طور ہوئی۔ 
 

امتحانات آن لائن منعقد کرانے کا مطالبہ 

جی ایم سی جموں کے بی ڈی ایس طلباء کا احتجاج

جموں//جموں میں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے بی ڈی ایس کے طلبا نے آن لائن امتحان لینے کے حق میں احتجاج کیا ہے ۔اس احتجاج میں طلباء کی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی تھی ۔ جموں گورنمنٹ میڈیکل کالج میں بی ڈی ایس کے طلبا نے امتحانات کو آن لائن منعقد کرنے کے حق میںجمعرات کوجموں میں احتجاج کیا۔اس احتجاج میں مختلف میڈیکل کالجز سے آئے طلبا نے انتظامیہ کے خلاف جم کر نعرے بازی بھی کی۔وہیں انجینئرنگ کے طلبا کا کہنا تھا کہ ان کے امتحان کی تاریخ کا اعلان کر کے امتحان ملتوی کردیا گیا۔ جس سے انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’آج بھی ان کا امتحان تھا لیکن جب وہ جموں میڈیکل کالج امتحان دینے پہنچے تب انہیں کہا گیا کہ آج کا پیپر ملتوی کردیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 'اب ان کے امتحان آئن لائن منعقد کرائے جائیں، کیونکہ باربار امتحان ملتوی ہونے سے انہیں کافی دقتوں کا سامنا ہے۔
 

   حاجی منیر حسین کی وفات پر الطاف بخاری کی تعزیت

جموں//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے سابقہ ایم ایل اے راجوری اور اپنی پارٹی لیڈر ایڈووکیٹ قمر چوہدری کے بھائی حاجی منیر حسین کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ منیر حسین جوکہ پیشہ سے ریٹائرڈ پولیس افسر تھے کی ، مختصر علالت کے بعد جمعرات کو وفات ہوگئی، وہ ملازمت سے سبکدوشی کے بعد مختلف سماجی سرگرمیوں میں سرگرم رول ادا کرتے تھے۔تعزیتی پیغام میں بخاری نے پارٹی لیڈر ایڈووکیٹ قمر چوہدری کے ساتھ دکھ کی اِس گھڑی میں دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ متوفی شریف النفس، عاجز اور ملنسار شخص تھے جن کی ہرکوئی عزت کرتا تھا۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کو یہ ناقابل ِ تلافی نقصان بردداشت کرنے کیلئے دعا کی ہے۔
 

اے پی ایف ڈبلیو محکمہ کا نوین چودھری کے ساتھ اِظہار تعزیت

جموں//ایگریکلچر پروڈکشن اینڈ فارمرس ویلفیئر (اے پی ایف ڈبلیو) محکمہ ، سول سیکرٹریٹ کے اَفسران اوراہلکاروں نے پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار اور کسانانِ بہبود نوین کمار چودھری کے والد کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ اِس سلسلے میں یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں تمام اَفسران اور ملازمین نے شرکت کی۔شرکأنے پرنسپل سیکرٹری کے والد کے اِنتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کر کے سوگوار کنبے کے ساتھ دلی ہمدردی کا اِظہار کیا اور مرحوم کی روح کے ابدی سکون اور سوگوار کنبے کو صبر جمیل کے لئے دعا کی۔میٹنگ میں مرحوم کی احترام کے لئے دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی گئی۔
 

ایس ڈی ایم گندوہ نے PMGSY سڑکوں کا معائنہ کیا

 ڈوڈہ//سب ڈو یژنل مجسٹریٹ گندوہ ڈاکٹر پریتم لال تھاپا نے ، XEN پی ایم جی ایس وائی ٹھاٹھری کے ہمراہ گواری۔بھارتی اور بھارتی - ڈھوسا پی ایم جی ایس وائی سڑکوں پر کام کی پیشرفت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ان رکاوٹوں کا بھی جائزہ لیا اور ان سڑکوں کی تعمیر سے متعلق مقامی لوگوں کی شکایات کو بھی سنا۔سڑک کی سیدھ میں تبدیلی کرنے پر مقامی لوگوں نے اپنی زمین اور املاک کو نقصان ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔ حفاظتی دیواروں کی تعمیر اور کچھ زمینداروں کے اراضی معاوضوں کے معاملات طے کرنے کا مطالبہ کیا۔ایس ڈی ایم نے متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ منظور شدہ سیدھ کے مطابق سڑکوں پر کام انجام دیں ، اس کے علاوہ مقامی لوگوں کو یقین دلایا گیا ہے کہ فنڈز کی بروقت ریلیز کے لئے زمین کے معاوضے کا معاملہ اعلی حکام کے ساتھ ترجیحی طور پر اٹھایا جائے گا۔معائنہ کے دوران ایس ڈی پی او ، شہزادہ کے مٹو ، سابق ایم ایل اے بھدرواہ ، دلیپ سنگھ پرہار بھی موجود تھے۔

تازہ ترین