تازہ ترین

وراٹ کوہلی کی 4سالہ حکمرانی ختم

تازہ ونڈے رینکنگ میں بابر اعظم سرفہرست

تاریخ    15 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


 دوبئی/پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے تازہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی کو نمبر ایک کی جگہ سے ہٹا دیا ہے۔بابر  اس وقت آئی سی سی بلے بازی رینکنگ میں نمبر ایک بلے باز بن گئے ہیں۔ وراٹ اکتوبر 2017کے بعد سے پہلی بار نمبر ایک کی جگہ سے ہٹے ہیں۔ وراٹ نے تب جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرس کو نمبر ایک کی جگہ سے ہٹایا تھا۔ بابر اعظم کے اس وقت 865ریٹنگ پوائنٹ ہیں اور وہ وراٹ سے آٹھ پوائنٹ زیادہ ہیں۔بابر  کو جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا فائدہ ملا۔ انہوں نے یہ سیریز 837ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ شروع کی تھی۔ انہوں نے پہلے میچ میں شاندار 103رن بنائے جس سے ان کے پوائنٹس کی تعداد 858پہنچ گئی اور اس کے ساتھ ہی وہ وراٹ سے آگے نکل گئے حالانکہ انہوں نے دوسرے میچ میں 32 رن بنائے لیکن  بابر کے فیصلہ کن میچ میں 94رن بنانے کے ساتھ ہی وہ ایک بار پھر وراٹ سے ریس میں آگے نکل گئے ۔بابر سے پہلے پاکستان کے ظہیر عباس، جاوید میاں داد اور محمود یوسف نمبر ایک بنے تھے اور اس کامیابی کے ساتھ اعظم بھی ان قدآور کھلاڑیوں کی قطار میں شامل ہوگئے ہیں۔ بابر نے اپنی کامیابی کے بعد کہاکہ یہ میرے کیریر کا ایک میل کا پتھر ہے او ررینکنگ پر طویل عرصہ تک جیسے ووین رچرڈس جنوری 1984سے اکتوبر 1988تک اور وراٹ کوہلی کے 1258دنوں تک جمے رہنے کے لئے اپنی کارکردگی میں مستقل مزاجی لانی ہوگی۔ بابر نے ساتھ ہی کہا کہ میں اس سے پہلے بھی ٹی۔20رینکنگ میں ٹاپ پر رہا ہوں لیکن میراآخری ہدف ٹیسٹ رینکنگ میں چوٹی مقام پر پہنچنا ہے ۔پاکستان کے چوٹی کے بلے باز فخرالزماں کے لئے بھی یہ سیریز اچھی رہی۔ انہوں نے تین میچوں میں 8, 193اور 101رن بنائے ۔ وہ رینکنگ میں اب 19ویں مقام سے ساتویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔(یو این آئی)