تازہ ترین

کولگام میں بارہمولہ کا لاپتہ نوجوان گرفتار

شوپیان کے 3ساتھی بھی حراست میں ، اونتی پورہ کا نوجوان دھر لیا گیا

تاریخ    15 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


خالد جاوید+شاہد ٹاک
کولگام+شوپیان/ / کولگام پولیس نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جنگجوئوں کی نقل و حرکت کے بارے میںایک مصدقہ اطلاع ملنے پر کولگام پولیس اور فوج کی 9 آر آر نے بوگنڈ  روڈ پر مشترکہ طور ایک ناکہ لگایا۔ گاڑیوں کی تلاشی کارروائی کے دوران ماروتی کار میں سوار تین افراد کو رکنے کیلئے کہا گیا لیکن انہوں نے بھاگنے کی ناکام کوشش کی جس کے نتیجے میں انہیں دھر دبوچا گیا۔اسکے علاوہ اسی چیک پوسٹ پر انکے ایک اور ساتھی کو الگ کارروائی میں حراست میں لیا گیا۔سرگرم جنگجو کی شناخت زیان جاوید ڈار ولد جاوید احمد ڈار ساکن اشکورو بارہمولہ کے بطور ہوئی ہے۔ بارہمولہ کارہنے والا زیان احمدڈارپچھلے ماہ شوپیان میں واقع ایک دارالعلوم سے لاپتہ ہوگیاتھا۔ زیان نے جنگجوئوںکی صف میں شمولیت اختیارکی تھی ۔جبکہ اسکے تین ساتھیوں کی شناخت زاہد نذیر مانتو، عمر یوسٹ بٹ ولد محمد یوسف بٹ ساکنان فریری پورہ شوپیان مظفر احمد بانڈے ولد محمد صادق بانڈے ساکن منڈجن شوپیان کے بطور ہوئی۔پولیس ریکارڈ کے مطابق یہ سبھی جیش محمد سے وابستہ تھے۔ تلاشی کے دوران ان سے قابل اعتراض مواد کے علاوہ اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا۔ انکے خلاف پولیس سٹیشن کولگام میں کیس زیر نمبر53/2021درج کرلیا گیا ہے۔  پولیس کا کہنا ہے کہ بالائے زمین تین ورکر جنگجوئوں کے اعانت کار تھے اور انہیں معاونت فراہم کررہے تھے۔ ادھرجنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقے میں پولیس نے ایک نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی ، جس کے قبضے سے نقلی پستول اور ایک وردی کے علاوہ موبائیل فون بر آمد کئے گئے۔مذکورہ نوجوان کو ڈاڈسرہ ترال سے حراست میں لیا گیا۔ادھرعلیال پورہ شوپیان کا 44آر آر، سی آر پی ایف 14بٹالین اور پولیس نے ساڑھے 4بجے محاصرے میں لیا اور تلاشی کارروائی شروع کی۔ تلاشی کارروائی کا سلسلہ شام دیر گئے تک جاری رہا ۔