تازہ ترین

زوجیلا ٹنل کی تعمیراتی ایجنسی کو107اسامیاں درکار

سینکڑوں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں نے ڈرائیور ، ہیلپر اور آپریٹر اسامیوں کیلئے فارم جمع کرائے

تاریخ    15 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


غلام نبی رینہ
کنگن//زوجیلاٹنل کی تعمیراتی ایجنسی کی طرف سے 107مختلف اسامیوں کیلئے جاری کئے گئے بھرتی اشتہار کے بعد وادی کے مختلف علاقوں کے سینکڑوں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں جبکہ خواہشمند نوجوانوں نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ بھرتی اشتہار ایک مذاق ہے اور یہاں صرف اثرورسوخ رکھنے والے امیدواروں کوہی ترجیح دی جارہی ہے۔سرینگر لداخ شاہراہ کو سارا سال کھلارکھنے کیلئے 14.5کلومیٹر زوجیلا ٹنل کی تعمیر اتی ایجنسی میگاانفراسٹرکچرکمپنی نے ڈرائیوروں، ہیلپروں اورآپریٹروں کی 107 اسامیوں کو پرکرنے کیلئے اشتہار دیا تھا جس میں صرف تحصیل گنڈکے سربل، سونہ مرگ، شتکڑی،گگن گیر، ریزن ، زیر پورہ، کلن، ریول، گنڈ،ہا کناراورسمبل علاقوں کے تربیت یافتہ نوجوانوں سے کہاگیاتھا کہ وہ سونہ مرگ کے نیلہ گراٹھ علاقے میں کمپنی کے دفترمیں فارم جمع کرائیںاوریہاں ڈرائیوروں کی ٹرائی لی جائے گی۔وادی میں بڑھتی بے روزگاری کی وجہ سے ان107اسامیوں کیلئے تحصیل گنڈ کے علاوہ دیگرضلعوں کے1000پڑھے لکھے نوجوانوں نے اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں ۔بلال احمد نامی ایک نوجوان نے کہا کہ تین ڈرائیوروں کی ٹرائی لینے کے بعد اور کسی کی ٹرائی نہیں لی گئی ۔انہوں نے اس بھرتی کو ایک مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں صرف اثرورسوخ رکھنے والے امیدواروں کو بھرتی کیا جاتا ہے اور بغیراثرورسوخ والے امیدواروں کے فارم ردی کی ٹوکری میں ڈالدیئے جاتے ہیں۔انہوں نے مرکزی زیرانتظام علاقہ جموں کشمیرکے لیفٹینٹ گورنر سے اس معاملے میں ذاتی مداخلت کرنے کی اپیل کی۔
 

تازہ ترین