تازہ ترین

بصیر خان نے امرناتھ یاتراکے انتظامات کا جائزہ لیا

گاندر بل میں کئی فودکے مسائل سنے،ازالے کی یقین دہانی

تاریخ    15 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


گاندر بل//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان کے دورئہ گاندر بل کے دوران اُن سے متعدد وفود نے اپنے علاقوں سے متعلق درپیش معاملات سے آگاہ کیا ۔ اس سے قبل انہوں نے ڈپٹی کمشنر گاندر بل اور ایس ایس پی گاندر بل کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس میں امر ناتھ یاترا کیلئے کی گئی تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ مشیر نے ڈپٹی کمشنر کو کامیاب یاترا کیلئے درکار تمام اقدامات کرنے کیلئے کہا تا کہ یاتریوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ مشیر نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران انتظامیہ کو کسی بھی منافع بخش شخص سے چوکنا رہنا چاہئے اور بازار کی باقاعدہ چیکنگ کی جانی چاہئے ۔ اس مقدس مہینے کے دوران لوگوں کو ہر محاذ پر خصوصاً تراویح اور سحری کے اوقات میں تمام سہولیات بہم رکھی جانی چاہئیں ۔ منی سیکرٹریٹ میں منعقدہ عوامی ملاقات پروگرام کے دوران ضلع گاندر بل کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 15 سے زائد وفود جن میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ، یو ایل بی ، بی ڈی سی ، ڈسٹرکٹ ٹریڈر ایسوسی ایشن گاندر بل ، ٹرانسپورٹر ، فروٹ گروور ، سرپنچ ایسوسی ایشن گاندر بل ، پٹھو /پونی والا ایسوسی ایشن کنگن ، شیعہ ویلفیئر فرنٹ گاندر بل کے وفد شامل تھے ، نے مشیر سے ملاقات کی ۔ اس دوران وفود نے انہیں درپیش مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے بروقت ازالے کو یقینی بنانے کیلئے ان کی ذاتی مداخلت طلب کی ۔ مشیر نے تمام مطالبات کو غور سے سُنا اور یقین دلایا کہ جائیز مسائل کو بروقت حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لفٹیننٹ گورنر خاص طور پر عوامی شکایات کے طریقہ کار کی ذاتی نگرانی کر رہے ہیں اور جائز مسائل کو کم از کم وقت میں حل کرنے کے خواہاں ہیں ۔ مشیر موصوف نے ضلع انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری سے عوام کی توقعات پر پورا اُتر نے کیلئے ہر محاذ پر ضلع کی ترقی کے سلسلے میں گہری دلچسپی لیں ۔ دریں اثنا مشیر نے تمام وفود پر زور دیا کہ وہ ضلع میں عوام کو کووڈ 19 کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل پیرا رہنے کیلئے بیدار کریں ۔ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کی چیئر پرسن نزہت اشفاق ، ڈپٹی کمشنر گاندر بل کریتکا جیوتسنا ، وائس چیئر پرسن ، ڈائریکٹر دیہی ترقی کشمیر قاضی سرور ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ڈائریکٹر فلوریکلچر کشمیر فاروق احمد راتھر ، ایس ایس پی گاندر بل سہیل منور میر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندر بل فاروق احمد بابا ، چیف انجینئر کے پی ڈی سی ایل ، ایس ڈی ایم کنگن کے علاوہ دیگر ضلع اور سیکٹورل افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ 

تازہ ترین