تازہ ترین

محکمہ خزانہ نے سبھی منصوبوں کی تفصیلات طلب کیں،انتظامی سیکریٹریوں کومکتوب روانہ

تاریخ    15 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر// جموں وکشمیر انتظامیہ نے گذشتہ مالی سال کے دوران مختلف محکموں کے ذریعے مکمل کئے گئے تمام کاموں اور منصوبوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔محکمہ خزانہ نے تمام انتظامی سیکریٹریوں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رواں مالی سال کے دوران مکمل ہونے والے منصوبوں کی فہرست کے ساتھ ساتھ گذشتہ مالی سال کے دوران مکمل ہونے والے تمام کاموں کی تفصیلات و اخراجات بجٹ کے تحت پیش کریں۔ڈائریکٹر جنرل ڈیولپمنٹ ایکسپنڈیچر(ترقیاتی اخرجات)، محکمہ خزانہ نے مکتوب روانہ کرکے تمام محکموں سے 20 اپریل تک یا اس سے پہلے ضروری معلومات پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کام کے نام ، مقام ، محکمہادارہ، ، ایکزیکیٹو ایجنسی ، بلاک،ضلع ، کل اخرجات ، منصوبے کا آغاز سال ، تکمیل کی تاریخ ار مستفید ہونے والوں کی تعداد جیسی معلومات فراہم کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ مکتوب کے مطابق اس مشق کا مقصد مالی سال 2020-21کے دوران مکمل ہونے والے تمام کاموں،منصوبوںجو متوقع طور پر مالی سال2021-22میں مکمل ہونگے کی فہرست کو مرتب کرنا اور اسے مستحکم کرنا ہے۔ سینئر بیوروکریٹ ارون کمار مہتا کی سربراہی میں محکمہ خزانہ نے پچھلے دو سالوں میں ، ترقیاتی عمل اور عوامی فنڈز کے اخراجات میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لئے متعدد اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے مختلف شعبوں کے تحت 2019 کے دوران مکمل ہونے والے منصوبوں کی تفصیلات بھی عوامی سطح پر دستیاب رکھی ہیں۔