مزید خبریں

تاریخ    13 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک

نوشہرہ میں ویکسین لگانے کا عمل جاری 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں محکمہ صحت کی جانب سے کووڈ ویکسین لگانے کا عمل مسلسل جاری ہے جس کے دوران 45برس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے ۔گزشتہ روز اس مہم کے تحت کل 906افراد کو کووڈ ویکسین فراہم کی گئی ۔محکمہ صحت کی جانب سے سب ڈویژن کے نوشہرہ ہسپتال کیساتھ ساتھ ،پرائمری ہیلتھ سنٹر سیری ،لمبیڑی ،اندروٹھ ،لڑوکا ،کھیاڑی ودیگر طبی مراکز میں عمر رسیدہ افراد کو کووڈ ویکسین لگائی گئی ۔بلاک میڈیکل آفیسر نوشہرہ نے بتایا کہ مذکورہ مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ افراد کو کووڈ ویکسین دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔
 
 
 
 

مینڈھر قصبہ میں نصب ہینڈ پمپ خراب 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں انتظامیہ کی جانب سے نصب کر دہ ہینڈ پمپ گزشتہ ایک برس سے خراب پڑا ہو ا ہے تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے اس کی مرمت کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں و دکانداروں نے حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مرکز میں نصب کر دہ ہینڈ پمپ خراب ہونے کی وجہ سے مقامی محلہ کیساتھ ساتھ عام راہگیروں کو بھی دقتوں کا سامناکرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پمپ کی مرمت کیلئے متعلقہ حکام و مقامی انتظامیہ سے کئی مرتبہ اپیلیں کی گئیں لیکن آج تک اس کی حالت جوں کی توں ہی ہے ۔مکینوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رمضان کی آمد کو دیکھتے ہوئے مرکزی جگہ پر نصب کر دہ ہینڈ پمپ کی مرمت کیلئے حکم جاری کیاجائے ۔
 

وسیم وضوی کی عرضی مسترد 

سپریم کورٹ کے فیصلے سے عوام خوش 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // سپریم کورٹ نے قرآن مجید کی 26 آیتوں کے تعلق سے ملعون وسیم رضوی کی درخواست مسترد کردیا ہے جس کے بعد عوام نے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی طاقت قران پاک کے ایک لفظ کو تبدیل ہی نہیں کر سکتی ۔خطہ پیر پنچال کی عوام نے کہاکہ وہ سپریم کورٹ آف انڈیا سے امید رکھتے ہیں کہ وسیم رضوی جیسے شر پسندوں کے ناپاک ارادوں سے با خبر رہے ۔انہوں نے کہاکہ کئی سر پسند عناصر سماج میں آگ لگانا چاہتے ہیں تاہم سپریم کورٹ نے اس طرح کی ایک کوشش کو ناکام بنادیا ہے ۔انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ایسے افرادکیخلاف سخت سے سخت کارروائی بھی عمل میں لائی جائے ۔
 
 

فلاحی تنظیم نے غریبوں میں مفت راشن تقسیم کیا 

عظمیٰ یاسمین 
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کی فلاحی تنظیم راہ حق ٹرسٹ پیر پنچال نے ماہ رمضان کی آمد سے قبل علاقہ کے سو سے زائد غریب کنبوں میں مفت راشن تقسیم کیا ۔راہ حق ٹرسٹ پیر پنچال کہ صدر سید منظر علی شاہ نے ایس ڈی ایم تھنہ منڈی ڈاکٹر ذاکر حسین و ایس ڈی پی او سجاد خان کی سر براہی میں علاقہ کی بیواؤں یتیم بچوں اور بی پی ایل زمرے میں آنے والے سو سے زائد کنبوں میں ماہ رمضان کیلئے مفت راشن تقسیم کیا۔یاد رہے کہ راہ حق ٹرسٹ کی طرف سے ہر سال غریبوں کی امداد کی جاتی ہے۔وہیں سب ڈویژن انتظامیہ نے راہ حق ٹرسٹ کے کام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ٹرسٹ آئندہ بھی اسی طرح غریب لوگوں کی مدد کرے گا۔انتظامیہ نے تمام مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ ایسی تنظیموں کی معاونت کریں جو کووڈ-19 اور خاص کر رمضان مبارک کے مقدس مہینے میں انسانیت کی فلاح کیلئے کام کر رہی ہیں۔ اس موقع پر فلاحی تنظیم راہ حق ٹرسٹ پیرپنچال کے سرپرست سید منظر علی شاہ نے کہا کہ اللہ تعالی نے انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ دیا ہے۔اس لئے انسان کے دل میں دوسروں کے لئے درد ہونا جزو ایمان ہے۔ شاہ نے مزید کہا کہ سب کے لئے تنظیم کا پیغام ہے کہ اس رمضان میں کسی کو بھوک نہ لگے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آس پاس بہت سارے لوگ ایسے ہیں جن کے پاس سحری افطاری کیلئے کچھ بھی نہیں ہوتا۔لہذا ہمیں اللہ کی رضا کے لئے ان کی مدد کرنی ہے اور ہمیں ان کے ساتھ دینا چاہیے۔
 
 
 

غلط پارکنگ کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائی 

سڑکوں پر لگائی گئی کئی گاڑیاں ضبط ،درجنوں کے چالان

حسین محتشم
پونچھ// شہر پونچھ میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور سڑکوں پر ٹریفک کم کرنے کیلئے ٹریفک پولیس نے مہم شروع کی ہے۔ایس ایس پی رورل ٹریفک موہن لعل کیتھ کی ہدایت پر ڈی ایس پی ٹریفک آفتاب بخاری اور دیگر افسران نے بس سٹاپ اورباغ ڈیوڈی تا ضلع ہسپتال پونچھ سڑک پر غلط طریقے سے گاڑیوں کو پارک کرنے کے خلاف کاروائی کی گئی۔اس دوران بس اڈہ پونچھ اور باغ ڈیوڈی تا راجہ سکھ دیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ سڑک پر غلط پارک کی گئی متعدد گاڑیوں کو ضبط کر کے کرین کے ذریعہ پولیس تھانہ پونچھ پہنچایا گیاجبکہ ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے مالکان سے اپیل کی کہ وہ پٹریوں اور سڑک کے کناروں پر گاڑیوں کی غلط پارکنگ نا کریں۔ کشمیر عظمیٰ کو جانکاری دیتے ہوئے ڈی ایس پی آفتاب بخاری نے کہا کہ انہوں نے یہ مہم ایس ایس پی رورل ٹریفک موہن لعل کیتھ کی ہدایت پر اس لئے شروع کی تاکہ لوگوں کو دشواریوں کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ غلط طریقے سے گاڑی پارک کرنے والے افراد کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام لگ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ میںاب نجی پارکنگ کی سہولیات موجود ہے تو گاڑیاں وہاں پر ہی رہنی چاہیے تاکہ سڑک ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے کھلی رہے۔
 
 

رمضان سے قبل کی مہنگی آسمان چھونے لگی 

 انتظامیہ سے ناجائز منافع خوروںکے خلاف کاروائی کا مطالبہ

حسین محتشم
پونچھ//ماہ رمضان کی آمد کیساتھ ہی پونچھ قصبہ میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں زبردست اچھال آچکا ہے تاہم مقامی انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک ناجائز منافع خوری کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔مکینوں نے بتایا کہ ماہ مبارک کی آمد سے قبل ہی ہمارے معاشرے میں ناجائز منافع خور متحرک ہوجاتے ہیں جن کی وجہ سے اس مہینے میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگتی ہیں اور عوام کی پہنچ سے باہر ہوجاتی ہیں۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے سماجی کارکن رشید شاہ پوری اور سہیم جعفر حیاتپوری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکومتی اداروں کو صورتحال پر قابو رکھنے کے لئے کڑے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ابھی ماہ مبارک رمضان شروع بھی نہیںہوا ہے پونچھ شہر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے ہونے شروع ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان کے دورا بسا اوقات قیمتوں میں 100 فیصد سے بھی زائد اضافے کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پونچھ بازار میں ماہ رمضان کا آغاز ہو نے سے قبل ہی اشیائے خورونوش اور پھلوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں جبکہ انتظامیہ مہنگائی کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دکانداروں کے پاس ریٹ لسٹ نہیں ہوتی ہے اس لئے وہ من مانی قیمت وصول کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاباعث افسوس ہے کہ ماہ رمضان میں ناجائز منافع خوری کو تاجر اور دکاندار جائز بنا لیتے ہیں جو انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی کہ وہ ماہ مبارک میں منافہ خوری نہ ہو اس کے لئے سخت اقدامات اٹھائیں۔
 
 
 
 

رمضان اور نوراتروں میں بجلی سے کوئی پریشان نہیں ہو گا :محکمہ 

حسین محتشم
پونچھ//محکمہ بجلی کے ایکس ای این انجینئر ارشاد حسین نے ماہ مبارک رمضان ، بیساکھی اور نوراتروں کے دوران عوام کو بجلی کی معقول فراہمی کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے انھیں عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے ان مقدس ایام کے دوران بجلی کی فراہمی کے لئے ہر طرح کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ خود مختلف مقامات کو دورہ کر رہے ہیں اور اپنے عملہ کو متحرک رہنے کی ہدایات دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اپنی ذمہ داریوں کو پوری طرح سمجھتا ہے لیکن اس کے لئے انھیں عوام کے تعاون کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہر شخص اپنی ضرورت کے مطابق بجلی کا استعمال کرے گا تو نہ غیر معینہ کٹ ہوں گے اور نہ ہی بجلی کے ڈھانچوں کو نقصان پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ لوگ جہاں ایک بلب کی ضرورت ہوتی ہے وہاں دس دس بلب جلا دیتے ہیں اس کے علاوہ  برقی مشینوں کا بھی بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام تعاون کرے گے تو محکمہ کو بجلی کی معقول سپلائی میں کوئی دشواری نہ ہو گی۔
 
 

 نوجوانوں کی جموں کشمیر پیپلز موومنٹ میں کی شمولیت 

حسین محتشم 
پونچھ//ضلع صدر جموں کشمیر پیپلز مومنٹ ریدھمپریت سنگھ اپنی جماعت کوپونچھ ضلع میں فروغ دینے میں تیزی سے سرگرم عمل ہے، پارٹی کو زمینی سطح فعال کرنے کیلئے ریدھمپریت سنگھ ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں انکی کوششوں کی وجہ سے پارٹی میں پیر کی روز نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شمولیت کی جن کا خیر مقدم پارٹی ضلع صدر نے والہانہ انداز میں کیا۔ ریدھمپریت نے اس موقع پر کہا کہ روائتی سیاست سے تنگ آکر لوگ اب ریاست میں تبدیلی چاہتے ہیں جس کیلئے ان کے پاس پیپلز مومنٹ کے علاوہ کوئی پلیٹ فارم نہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ انکو پارٹی صدر جاوید مصطفیٰ میر پر پورا بھروسہ ہے۔ پارٹی میں شامل ہونے والے جوانوں میں مظہر شکور جو بی جے پی چھوڑ کر ائے، محمد ظہیر، خلیل احمد سلمان، نوید احمد، وقار چوہدری، ابرار احمد، وسیم خان، عباس خان اور عباس احمد کے نام قابل زکر ہیں جن کا ریدھمپریت سنگھ کے علاوہ کامران احمد قادری، ایڈوکیٹ شوکت حسین، سوشیل سنیترہ، شاہد احمد، توقیر حسین، رخسار مغل، جیسیکا سنگھ، محمد شعبان اور شعیب خان نے خیر مقدم کیا۔
 

ڈی سی پونچھ نے موہڑہ بچھائی میں عوامی مشکلات کا جائزہ لیا 

حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے (کے اے ایس) نے ایس ایس پی پونچھ ونود کمار (آئی پی ایس) چیف ایگزیکٹو آفیسرڈیو لپمنٹ اتھارٹی ، ڈاکٹر تنویر احمد خان (کے اے ایس) ایس ڈی ایم سرنکوٹ سلیم احمد قریشی (کے اے ایس)تحصیلدار سرنکوٹ شیراز احمد چوہان اور سب ڈویڑن سرنکوٹ کے دیگر سب ڈویڑنل اور سیکٹرل افسران کے ہمراہ موہڑہ بچھائی اور ہاڑی علاقوں کا دورہ کیا۔ گاؤں کی عوام نے تمام افسران کا زبردست استقبال کیا۔ اس دوران اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مقامی سرپنچ سول سوسائٹی کے ممبران اور ڈی ڈی سی چیئر مین شاہنواز چوہدری نے عوام کے مختلف مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے سڑک رابطہ ، علاقے میں بجلی اور پانی کی فراہمی ، پل کی تعمیر ، علاقے میں بجلی کے کھمبوں کی فراہمی ، آبی وسائل کا تحفظ وغیرہ شامل ہیں۔ مقامی لوگو نے خصوصی طور پر جبی طوطی تک کی سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کیا تا کہ سیاحوں کے لیے یہ علاقہ دیکھنا آسان ہو سکے اور مقامی لوگوں کے روزگار کے وسائل بھی فراہم ہو سکیں۔انہوں نے پی ایچ سی اور دیگر صحت کے سب مراکز کو اپ گریڈ کرنے کی بھی اپیل کی۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام کے تمام مسائل اور مشکلات کو بغور سنا اور یقین دلایا کہ تمام مسائل کو مرحلہ وار حل کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے چھوٹے چھوٹے معاملات کو دور کرنے کے لئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات دی ۔انہوں نے افسروں کو مشورہ دیا کہ وہ پنچوں ، سرپنچوں ، نمبرداروں ، چوکیداروں ، ترقی پسند کسانوں جن زراعت ، باغبانی ، بکروالوں ، ماہی گیری اور دیگر شعبوں سے جڑے لوگوں کے ساتھ عوام کے منتخب نمائندوں کو ساتھ گیکر انٹرایکٹو اجلاس منعقد کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو مشورہ دیا کہ وہ وقتا فوقتا مختلف علاقوں کا دورہ کریں اور عوام کی شکایات کو سنیں۔ اہل علاقہ نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر کے اس دورے کو بے حد سراہا جو عوام کے مطابق ایک تاریخی دورہ تھا۔
 
 
 
 

تازہ ترین