مینڈھر اور راجوری میں مختلف سڑک حادثات | 1شخص لقمہ اجل،5دیگر زخمی ،معاملات درج

تاریخ    13 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


جاوید اقبال+سمت بھارگو
مینڈھر //مینڈھر اور راجوری میں ہوئے الگ الگ سڑک حادثات میں 1شخص لقمہ اجل جبکہ دیگر 5شدید زخمی ہو گئے ۔مینڈھر سب ڈویژن کے جگال علاقہ میں ایک سڑک حادثے کے دوران 1شخص لقمہ اجل جبکہ دیگر 2شدید زخمی ہو گئے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ چھونگا علاقہ سے مینڈھر آرہی ایک ٹاٹا سومو گاڑی زیر نمبرJK12-1165کے سامنے جگال کے مقام پر اچانک ایک شخص آگیا تاہم ڈرائیور نے مذکورہ شخص کو بچانے کیلئے گاڑی نالی میں پھینک دی تاہم اس کے باوجود محمد جمیل ولد بدر دین سکنہ بھاٹی دھار گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گیا ۔اس کے علاوہ گاڑی میں سوار دیگر 2افراد بھی زخمی ہو گئے جن کی شناخت محمد صادق اور سفیدہ بی کے طورپر ہوئی ہے ۔مکینوں نے زخمیوں کو مینڈھر ہسپتال منتقل کیا جہاں پر ابتدائی علاج معالجہ کے بعد محمد جمیل کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کر دیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں مینڈھر پولیس سٹیشن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔راجوری ضلع میں پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں 3افراد زخمی ہو گئے ۔پولیس نے بتایا کہ منجا کوٹ کے مرزا موڑ علاقہ میں پیش آئے ایک حادثے کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گیا جس کی شناخت محمد عزیز ولد محمد بشیر کے طورپر ہوئی ہے جس کو علاج معالجہ کیلئے پہلے منجا کوٹ اور بعد میں راجوری میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا ہے ۔ضلع کے پیڑ ی سڑک پر پیش آئے ایک حادثے میں ایک کار زیر نمبر JK11A-4041ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 2افراد زخمی ہوگئے ہیں جن کو علاج معالجہ کے لئے راجوری ہسپتال منتقل کیا گیا ۔زخمیوں کی شناخت محمد رشید اور محمد اکرم کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں معاملات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
 

تازہ ترین