امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے صدر دفتر کااچانک دورہ

بائیو میٹرک حاضری شروع کرنے کی ہدایت

تاریخ    13 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے محکمہ شہری رسدات امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے صدر دفتر کا اچانک دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے افسران و عملے کی حاضری ، سرکاری ریکارڈوں کی دیکھ ریکھ ، دفاتر کے کام اور شکایت سیل کا معائنہ کیا۔دفتر میں موجود عملہ کی حاضری کی جانچ کرتے ہوئے مشیر نے محکمہ کی انتظامیہ کو بائیو میٹرک حاضری شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے افسراں کو دفتر میں غیر فعال بایومیٹرک حاضری مشین نہ رکھنے کی تاکید کی۔مشیر نے دفتر میں کچھ حصوں کے دورے کے دوران ریکارڈ فائلوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ جدید ترین ریکارڈ کو برقرار رکھنے کے علاوہ ڈیجیٹل ریکارڈ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کو محفوظ و کار آمد بنانے کیلئے ریکارڈ کو اسکین اور ڈیجیٹل لائز کیا جائے۔لیفٹنٹ گورنر کے مشیر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کو بھی ہدایت کی کہ وہ ریکارڈ کو آگ سے ہونے والے نقصانات سے محفوظ رکھیں اور سرکاری ریکارڈ کو حفاظتی اقدامات کے مطابق رکھیں۔مشیر نے دفتر میں قائم شکایت سیل کی افادیت اور اس کے ازالے کا بھی جائزہ لیا۔ ان کوبتایا گیا کہ ورچوئل(مجازی) مواصلات کے ذریعہ روزانہ کی بنیاد پر شکایات موصول ہوتی ہیں علاوہ ازیں صارفین اور وفود بھی ان کے نوٹس میں شکایت لاتے ہیں۔انہیں مزید بتایا گیا کہ جلد ہی تمام شکایات کا ازالہ کیا جارہا ہے اور لیفٹنٹ گورنر کے شکایات سیل کے ساتھ معلومات کا اشتراک کیا جائے گا۔مشیر خان نے وادی کے مختلف راشن اسٹورز پر دستیاب راشن کے ذخیرے کے بارے میں بھی دریافت کیا۔محکمہ کے بنیادی ڈھانچے اور اس کو دستیاب اراضی کا معائنہ کرتے ہوئے مشیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ سے تعلق رکھنے والے علاقے کا نقشہ تیار کریں اور اسٹورز اور دیگر عمارتوں سمیت دستیاب بنیادی ڈھانچے کی افادیت کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ اضافی جگہ کو بہتر استعمال میں لانے کی ضرورت ہے۔