ڈپٹی کمشنرسرینگرکاشیتل ناتھ اورشاریکادیوی مندروں کادورہ

گوردوارہ چھٹی پادشاہی میں بیساکھی انتظامات کا جائزہ لیا

تاریخ    13 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


 سرینگر//ڈپٹی کمشنر سرینگر ، محمد اعجازاسد نے سوموار کوشیتل ناتھ مندر، حبہ کدل اور شاریکا دیوی مندر ہاری پربت اور چھٹی پادشاہی رعناواری کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ عقیدت مندوں خصوصا کشمیری پنڈت برادری کے لئے تمام بنیادی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ڈی سی سرینگرنے ٹریفک اور پارکنگ کے انتظامات اور بجلی اور پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور متعلقہ محکموں کوان  مقامات پر مناسب صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ افراد کو اس موقع پر نقل و حمل کی مناسب سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ، تاکہ عقیدت مندوں کو شیتل ناتھ اور شاریکا  دیوی کے مندروں میں جانے میں تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دونوں مقامات کی انتظامیہ نے بتایا کہ انہوں نے عقیدت مندوں کو کرونا سے متعلق رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دورے کے دوران  ڈپٹی کمشنر کے ساتھ کشمیر پنڈت برادری کی تنظیمی کمیٹیوں کے ممبران اور انتظامیہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے 13 اپریل کو بیساکھی منانے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے رعناواری کے چھٹی پادشاہی گردوارہ کا دورہ کیا۔انہوں نے انتظامات کا موقع پر جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام انتظامات کوپہلے سے طے شدہ طور پر انجام دیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر سرینگر نے پارکنگ کے انتظامات اور بجلی اور پینے کے پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ گوردوارہ اور اس کے آس پاس لائٹس کی مرمت اورفوری صفائی کو یقینی بنائیں۔ڈی سی نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ عقیدت مندوں کو مفت کھانا پیش کرنے کیلئے گرودوارہ لنگر کو مطلوبہ اشیائے خوردونوش مہیا کریں۔گرودوارہ پربندھک کمیٹی نے کہا کہ تمام عقیدت مندوں کو کوویڈ 19 پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس کے علاوہ ، گرودوارہ پربندھک کمیٹی سری نگر کے ممبران ، انتظامیہ کے اعلی افسران اس موقع پر موجود تھے۔